پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد سیال کی غزلیں — Abid Syal Ghazals

عابد سیال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہیں سے باس نئے موسموں کی لاتی ہوئی (غزل)

کہیں سے باس نئے موسموں کی لاتی ہوئی

ہوائے تازہ در نیم وا سے آتی ہوئی

بطور خاص کہاں اس نگر صبا کا ورود

کبھی کبھی یوں ہی رکتی ہے آتی جاتی ہوئی

میں اپنے دھیان میں گم صم اور ایک ساعت شوخ

گزر گئی مری حالت پہ مسکراتی ہوئی

سراب خواہش آسودگی مگر کوئی شے

ملی نہیں ہے طبیعت سے میل کھاتی ہوئی

لہو میں تیرتی خاموشیوں کے ساتھ کہیں

رواں دواں ہے کوئی چیخ سنسناتی ہوئی

یہاں وہاں ہیں کئی خواب جگمگاتے ہوئے

کہیں کہیں کوئی تعبیر ٹمٹماتی ہوئی

کف خزاں پہ کھلا میں اس اعتبار کے ساتھ (غزل)

کف خزاں پہ کھلا میں اس اعتبار کے ساتھ

کہ ہر نمو کا تعلق نہیں بہار کے ساتھ

وہ ایک خموش پرندہ شجر کے ساتھ رہا

چہکنے والے گئے باد سازگار کے ساتھ

کھلے دروں سے طلب گار خواب گاہیں مگر

میں جاگتا رہا اک خواب ہمکنار کے ساتھ

کلی کھلی ہے سر شاخ اور یہ کہتی ہے

کہ کوئی دیکھے تمنائے خوش گوار کے ساتھ

وہ مجھ کو وہ نہ لگا دیکھتا سسکتا ہوا

نگاہ زرد کے ساتھ اور دل فگار کے ساتھ

مدار وقت وہ گنجائشیں ذرا پھر سے

کہ پڑ رہیں کسی دیوار سایہ دار کے ساتھ