پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴
روزگار - روما رضوی مایں ایک نرس ہوں تعلیم تجربے مات

روزگار – روما رضوی

جب وہ رات بھر جاگتیں تو کچھ اپنے آپ سے ہی کہے جاتیں…
جانے کن زمینوں اور زیورات کے قصے تھے ..کبھی اپنے بچپن کی بات اور کبھی لڑکپن کی ..
لیکن دن نکلتے ہی گھور سناٹا..
اکثر آنکھیں کھول کے مجھے دیکھتیں دھیرے سے پوچھتیں “کوئی آیا”…میں کہتی “نہیں” ..
تو تھکن سے ان کی آنکھیں بند ہوجاتیں…پپوٹوں کی جنبش سے ایسا لگتا کہ وہ جاگ رہی ہیں لیکن جسم کی حرکت مفقود ہوتی.. کئی دنوں بعد
اگر کوئی آ بھی جاتا تو اب وہ بھی اس سے بات نہ کرتیں ..وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں نے ان کے بچوں میں ایک تبدیلی یہی دیکھی کہ ہر ایک اس طرح انہیں دیکھتا جیسے انکی زندگی کے عرصے کا تعین کررہا ہو..
مجھ سے صحت کے بارے میں پوچھتے ..اور جلد ہی وہاں سے غائب .
ماں جی کے بڑے بیٹے بڑے بھیا پہلی دفعہ جب ان سے ملنے گھر آئے تو کچھ زیادہ دیر بیٹھے مجھے لگا کہ یہ اپنی ماں جی کو سب اولادوں سے زیادہ چاہتے ہیں ..میں نے انکو بتایا کہ ماں جی دن بھر سوتی ہیں پر رات کو کافی ہوش میں بولتی ہیں اپنے بچپن و لڑکپن کے قصے کہتی ہیں..
بھیا نے دلچسپی سے پوچھا..” اور…؟”
“بھیا جی!! کچھ زیور و زمینوں کا تذکرہ بھی کرتیں ہیں ..جیسے کہیں قریب رکھ کہ بھول گئیں ہوں..”
بھیا جی نے حیرت سے ماں جی کا ہاتھ پکڑ لیا …”اماں اماں سو رہی ہیں کیا؟”
وہ مسکرا کہ آنکھ جھپک گئیں اور لگا کہ پھر غافل ہوگئیں..
“تم اس بات کا کسی اور سے تذکرہ نہ کرنا”
بھیا جی نے پانچ سو روپے مجھے دے کر کہا..
“میں آتا رھوں گا..”
اور پھر بھیا روز آنے لگے اماں کے ہاتھ پاوں دباتے اور کبھی کبھی میرے لئے بھی کچھ مزے کی چیز لےآتے ..
بھیا کے آنے سے ماں جی میں خوشگوار تبدیلی آگئ تھی وہ دن میں بھی کبھی کبھی جاگتیں. .مجھے مسکرا کر دیکھتیں پھر آنکھیں بند کرلیتں ..
میری باجی ..ماں جی کی بڑی بیٹی نے ایک دن حیرت سے پوچھا ..”کیا بڑے بھیا روز آتے ہیں ؟ ”
اب ان کو بھی مجھے سچ بتانا ہی پڑا ..ماں جی کی زمینوں اور زیور کے قصے ….جی!! بڑی باجی کا بھی تو حق تھا نہ پورا پورا ان زمینوں اور زیورات پر …اب باجی ماں جی کے سر کی روز مالش کرتیں خود نہلاتیں …اور ان سے کوئی جواب آئے یا نہ آئے دن میں کئ دفعہ باتیں کرتیں … اچھی بات یہ ہوئی کہ اب ماں جی کی چھوٹی بیٹی اور داماد بھی آتے جو انکی صحت اچھی ہوتی دیکھ کر خوش تھے ..
ان کو بھی بڑے بہن و بھائی کی یہ تبدیلی عجیب اور خوشگوار لگی تھی ..میں نے چپکے سے کچھ ان کو بھی بتا ہی دیا …میں ماں جی کی اولاد کے ساتھ بے ایمان نہیں ہوں…
اب چھوٹی باجی ہر چھٹی پہ گھر آجاتیں …ماں جی کا رنگ روپ نکھرنے لگا تھا…اتنی توجہ اور پیار سے..میں بھی خوش تھی..کہ سب طرف سے تنخواہ کے علاوہ انعام و اکرام سے نوازی جاتی ہوں..

کل رات جانے کس پہر ماں جی دنیا کو الوداع کہہ گئیں لیکن ان کے چہرے کی سرخی اور جسم کی نرمی انکے دنیا سے خوش و خرم جانے کی علامت ہے..
جانے وہ زیور و زمیں ان کے پاس زندگی کے کس حصے میں رہے ہوں گے…لیکن ماں جی کی آسودہ موت نے مجھے بھی راحت عطا کی…
اب میری نوکری نہیں رہی..میں پھر کسی ایسے گھر کی تلاش میں ہوں جہاں کوئی ماں جی گھر کے کسی سنسان کونے میں اولاد کی توجہ کی منتظر ہوں