ہمارے محلے میں دودھ دہی کی ایک دکان ہے جو کافی چلتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محلے میں دودھ دہی کی چار پانچ اور دکانیں بھی ہیں، لیکن ان کے مالکان اکثر فارغ بیٹھے نظر آتے ہیں، جبکہ اس دکان پر ہمیشہ گاہکوں کا رش رہتا ہے۔
اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ وہاں صرف دودھ اور دہی ہی تازہ اور معیاری نہیں ہوتے بلکہ بریڈ اور انڈے بھی انتہائی تازہ ملتے ہیں۔ میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ وہاں بریڈ ایک دن سے زیادہ پرانی ہو۔ جس دن بریڈ تیار ہوتی ہے، اسی دن دکان پر پہنچتی ہے اور فروخت ہو جاتی ہے۔
گھر والے ہمیشہ کہتے تھے کہ اس دکان کا دودھ اور دہی انتہائی خالص ہوتا ہے۔ میں سوچتا تھا کہ تھوڑی بہت ملاوٹ تو یہ بھی کرتا ہوگا، البتہ باقی دکانداروں کے مقابلے میں کم کرتا ہوگا۔
پھر ایک مرتبہ ہمارے گھر خانپور سے ہماری بہن آئیں۔ ان کے گھر میں اپنی بھینسیں ہیں اور وہ باہر سے دودھ خریدتے ہی نہیں۔ یعنی انہیں خالص دودھ کے معیار کا بھی خوب اندازہ ہے۔
جب انہوں نے اس دکان کا دودھ اور دہی دیکھا اور چکھا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ تو ہمارے گھر کے خالص دودھ سے بھی زیادہ اچھا ہے۔
اس کے بعد میں نے اس دکان کے اندر غور کیا تو وہاں آغا خان کی ایک تصویر لگی ہوئی تھی۔ میں نے دکاندار سے پوچھا کہ کیا آپ اسماعیلی آغا خانی ہیں؟ اس نے جواب دیا کہ جی ہاں۔
میں نے اس سے کہا کہ جس دکان پر یہ تصویر لگی ہو، وہاں سے ہمیشہ اچھی چیز ہی ملتی ہے۔
اس پر اس نے مجھے بتایا کہ ہمیں بے ایمانی اور دھوکے بازی کرنا سکھائی ہی نہیں جاتی۔ ہمارے ہاں ان چیزوں کو بہت برا سمجھا جاتا ہے اور خالص، معیاری اور نمبر ایک چیز فروخت کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
اسی طرح ہمارے محلے میں ایک ہارڈویئر کی دکان بھی ہے جس کے مالک آغا خانی ہیں۔ اگرچہ وہ ایک عام محلے کی دکان ہے، لیکن وہاں بھی مصنوعات کا معیار اچھا ہوتا ہے اور قیمتیں بھی مناسب ہوتی ہیں۔
میرے لیے یہ ایک دلچسپ مشاہدہ ہے کہ کاروبار میں کامیابی صرف گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے یا زیادہ منافع کمانے سے نہیں آتی۔ معیار، دیانت داری اور گاہک کا اعتماد بھی کاروبار کو دوسروں سے ممتاز بناتے ہیں۔
Source