جاوید ہمایوں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمیں ملے نہ ملے آسمان مل جائے (غزل)
زمیں ملے نہ ملے آسمان مل جائے
کہیں قیام ہو کوئی جہان مل جائے
وہ بستی یاد کہاں ہے جہاں سکونت تھی
کبھی تو خواب میں اس کا جہان مل جائے
کوئی رقیب پرندے میں ڈھال دے مجھ کو
امان چاہیے طوطے میں جان مل جائے
ستارہ بن کے کبھی خواب میں چمک اٹھوں
اسی بہانے مجھے آسمان مل جائے
اسے غرور کہ رہتا ہے آفتابوں میں
فلک کو زیر کروں وہ اڑان مل جائے
پناہ مل سکے مجھ کو دیار ماضی میں
قدیم شہر کی کوئی زبان مل جائے
دل آسماں کیسے بنے نغمہ گری آئی نہیں (غزل)
دل آسماں کیسے بنے نغمہ گری آئی نہیں
دنیا مرے قدموں پہ ہو عشوہ گری آئی نہیں
چہرہ بدلتا کس قدر خوابوں میں رہتا کب تلک
پہچان بھی جاتی رہی حیلہ گری آئی نہیں
ہے عشق اک کار فسوں اس میں نہیں سود جہاں
دل نے خسارہ سہہ لیا سوداگری آئی نہیں
شاہوں سے قربت خوب تھی دل کا بھی سودا کر لیا
کشکول خالی ہی رہا لابہ گری آئی نہیں
کہانی ختم ہونے جا رہی ہے (نظم)
کہانی ختم ہونے جا رہی ہے
لوگ کہتے ہیں
کوئی ایوان میں مضراب پر وہ نغمہ افسوں سناتا ہے
جسے سن کر ہوائے نیل و سبز و ارغوانی کانپ جاتی ہے
ستاروں کی چمک معدوم ہوتی ہے
رخ مہتاب پر گنج شہیداں اشک بھرتا ہے
کوئی دربار میں شطرنج کے مہرے بچھا کر
ریشمی فنجان میں زہراب بھرتا ہے
کوئی میدان میں تاشا بجاتا ہے
سگان کوچہ و بازار لے پر رقص کرتے ہیں
زمیں کی تیرگی سے آسماں میں دھند چھائی ہے
درختوں پیڑ پودوں باغبانوں پر
نگاہ آمرانہ سے صدائے سنگ آتی ہے
خیال آرزو رو رو کے اپنی جان دیتا ہے
لباس فاخرہ پر سیمیائی تیر چلتا ہے
جمال شہر کے اعزاز یکتائی کا تمغہ ٹوٹ جاتا ہے
کہانی آخری منزل میں آ پہنچی ہے
اس میں جھوٹ کتنا اور سچ کیا ہے
کہ ہر قصے میں صدق و کذب سے ہی داستاں میں رنگ آتا ہے
یہاں پر نظم کا انجام ہوتا ہے
مگر اب دوسری اک نظم کا آغاز ہوتا ہے
کہانی ختم ہونے سے بہت پہلے یہ کہتی ہے
ابھی وقفہ ہوا ہے درمیانی مرحلہ اک ہے
ہزاروں موڑ اور ابواب ہوتے ہیں
کئی قصے کئی کردار آتے ہیں
جو درد عشق کی روداد کی تفسیر کرتے ہیں
فسانے حسن کے جور و ستم اور اشک باری کے سناتے ہیں
سر بازار لیلا ماتمی پوشاک پہنے ابر آنکھوں میں سجائے
بال کھولے سر پٹکتی پوچھتی ہے
کیا کہیں جاوید کو دیکھا کسی نے دشت ہجراں میں
منادی یہ
کہ جیسے سن پچھتر میں ہوا ہنگامۂ محشر
کوئی مجنوں تلاش حسن میں گر شاہراہ عشق میں نکلے
حصار خیمۂ آتش میں اس کو زیست کرنا ہے
یہی زندہ اسیری ہے
یہ لب خاموش ہیں
دل میں ہزاروں نقش ہائے خواب رکھتے ہیں
لہو میں گردش و گریہ کی بھی تعبیر رکھتے ہیں
پس دیوار یا آثار ہو جائیں
در و دیوار روئیں گے
گھروں سے لشکر گریہ بھی نکلے گا
یہاں سے زخم دل کی تختیاں لکھی ہوئی
سینے سے لٹکائے ہوئے عشاق نکلیں گے
گلے کا طوق گمنامی بھی توڑیں گے
فراز جسم جب سینہ سپر ہوگا
روپہلی دھوپ سورج کی
دھواں بن کر گلی کوچے میں گھومے گی
کہیں گے
آب و دانہ ہی نہیں کافی
جبیں پر ہر طرح کے پھول رکھنے کی اجازت ہو
زمانہ کب تلک اپنی سماعت بند رکھے گا
اسے اک دن
سوال منظر وحشت زدہ کا سامنا ہوگا
فریب زندگی کو کیوں عروج بندگی سمجھا
کہانی زندگی ہے
زندگی خود اک کہانی ہے
کبھی آغاز یا انجام کا وقفہ نہ آتا ہے
کہ ہر پل قصۂ درویش جاری ہے