پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید احمد کی غزلیں — Jawed Ahmad Ghazals

جاوید احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لے گیا وہ ساتھ اپنے حسن سارا شام کا (غزل)

لے گیا وہ ساتھ اپنے حسن سارا شام کا

ہجر کی تصویر ہے اب ہر نظارہ شام کا

خیمہ زن ہیں چاند کے رستے میں گہری بدلیاں

آندھیوں کی زد میں ہے پہلا ستارہ شام کا

روشنی اور تیرگی کی سرحدیں تھامے ہوئے

درمیاں دن رات کے بہتا ہے دھارا شام کا

لوٹ کر وہ شام سے پہلے ہی گھر آنے لگا

ان سے شاید چھن گیا کوئی سہارا شام کا

ڈوبتے سورج کا منظر دیکھنا جاویدؔ روز

مشغلہ ہے ایک مدت سے ہمارا شام کا

تم سیکھ تو لو پہلے ذرا خاک پہ رہنا (غزل)

تم سیکھ تو لو پہلے ذرا خاک پہ رہنا

پھر چاہے مہ و انجم و افلاک پہ رہنا

صورت ہی نہ بن پاتی کوئی حیرت دل کی

مٹی کو نہ راس آتا اگر چاک پہ رہنا

ہر شام ستم لاتی ہے اک صبح غریباں

اے رنگ وفا چادر صد چاک پہ رہنا

کھلنے ہی نہیں دیتا کوئی رنگ تمنا

ہر لمحہ کسی خوف کا ادراک پہ رہنا

ہو پھر سے چمن زار محبت مرا سرسبز

اے شبنم رحمت مرے خاشاک پہ رہنا

وہ ایک ساحل کی شام تھی جب (نظم)

وہ ایک ساحل کی شام تھی جب

ہمارے اعزاز میں خوشی سے

حباب پھوڑے تھے مچھلیوں نے

سلام ہر موج نے کیا تھا

قریب تر دیکھ کر

سمندر نے اپنا دامن ہمارے جلووں سے

بھر لیا تھا

وہ اپنی موجوں کا اور تلاطم کا عکس

شاید ہماری آنکھوں میں دیکھتا تھا