جاوید منظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب وہ یوسف ہی نہ ہو مصر کے بازار کے پاس (غزل)
جب وہ یوسف ہی نہ ہو مصر کے بازار کے پاس
پھر بھلا کون سا جذبہ ہو خریدار کے پاس
پہلے ہر شخص تھا اخلاص و وفا کا پیکر
اب یہ دولت بھی کہاں ملتی ہے دو چار کے پاس
ہم سفر میرے عقیدت سے قدم چھونے لگے
مجھ کو دیکھا جو کبھی جبہ و دستار کے پاس
اب تو اپنوں میں مروت کی ہے دولت مفقود
یہ خزینہ بھی ہمیں ملتا ہے اغیار کے پاس
حسن ہی حسن ہے محفل میں تمہاری لیکن
تاب دیدار نہیں طالب دیدار کے پاس
مفلسی اپنوں کو بیگانہ بنا دیتی ہے
کوئی آتا نہیں گرتی ہوئی دیوار کے پاس
مسکراتا ہے غم زیست میں منظرؔ ایسے
پھول جس طرح گلستاں میں کھلے خار کے پاس
زندگی جیسے بھی گزرے گی گزر جائے گی (غزل)
زندگی جیسے بھی گزرے گی گزر جائے گی
یہ خبر دیکھنا اب اور کدھر جائے گی
کیا مری ذات تری فکر کو دے گی مہمیز
کیا مری بات ترے دل میں اتر جائے گی
لفظ بدلے ہیں تو معنی بھی بدلنا ہوں گے
ورنہ تعمیر کسی اور کے سر جائے گی
روح اک دن تو بدن سے مرے ہوں گی آزاد
چاہتا ہوں کہ نہ جائے وہ مگر جائے گی
علم کے ساتھ ہے لازم کہ عمل ہو منظرؔ
بات صحرا کی صدا ہو تو کدھر جائے گی