پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید سلطانپوری کی غزلیں — Jawed Sultanpuri Ghazals

جاوید سلطانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بزرگوں کی یہ باتیں ہیں کوئی جھٹلا نہیں سکتا (غزل)

بزرگوں کی یہ باتیں ہیں کوئی جھٹلا نہیں سکتا

بھروسہ ان پہ جو کرتا ہے دھوکہ کھا نہیں سکتا

ہم اپنے دل پہ اس کی جستجو کا بوجھ کیوں ڈالیں

وہ اک ڈوبا ہوا سورج ہے واپس آ نہیں سکتا

بس اک ٹھوکر سنبھلنے کا سبق اس کو سکھاتی ہے

فہیم انساں کبھی ٹھوکر پہ ٹھوکر کھا نہیں سکتا

نکل سکتا نہیں وہ شخص مایوسی کے دلدل سے

کبھی اپنی تمناؤں کو جو ٹھکرا نہیں سکتا

وہی بدنام کر سکتا ہے جو ہمراز ہوتا ہے

مگر میں اس حقیقت کو اسے سمجھا نہیں سکتا

زوال آئے گا اک دن حسن پر بھی حسن کی دیوی

یہ مت سمجھو کھلا ہے پھول جو مرجھا نہیں سکتا

مجھے جاویدؔ وہ کس طرح اپنے ساتھ رکھ لیتا

میں پتھر ہوں مجھے ہیرا کوئی اپنا نہیں سکتا

جانے کتنا گمان دیکھا ہے (غزل)

جانے کتنا گمان دیکھا ہے

شان کو بے نشان دیکھا ہے

میں نے دھرتی پہ خاک ہوتے ہوئے

بارہا آسمان دیکھا ہے

جو ترستا ہو خود ہی سائے کو

ایسا بھی سائبان دیکھا ہے

ڈگریاں لے کے ٹھوکریں کھاتا

دیش کا نوجوان دیکھا ہے

دور حاضر کی اس ترقی میں

بھوکا ننگا کسان دیکھا ہے

بولنے سے ہی جس کے آگ لگے

ایسا بھی بد زبان دیکھا ہے

اپنے بھارت کے جیسا اے جاویدؔ

دیس کوئی مہان دیکھا ہے

مزید غزلیں از جاوید سلطانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں