منتخب غزلیں
” نذرِ قائدؒ “ وہ حوصلہ تُجھے تِرے کِردار نے دیا …

” نذرِ قائدؒ “
وہ حوصلہ تُجھے تِرے کِردار نے دیا
رَستہ تِرے یقین کو دِیوار نے دیا
حدّ ِ نِگاہ تیرے قدَم چاٹتی رہی
تُجھ کو خِراج وَقت کی رَفتار نے دیا
بیدارِیوں کے آئینے میں جڑ دیا اُسے
جو خواب تُجھ کو ایک قَلَم کار نے دیا
کُہسار کَٹ گئے تِرے لہجے کی دھار سے
تُو نے تو آندھیوں کو نہ دَم مارنے دیا
دَریا عُبُور کر گیا لہروں کو تھام کر
گہرائ کا پتہ تُجھے منجدھار نے دیا
سایہ بھی تیرا ہم کو دِکھاتا رہا چراغ
تُجھ کو خِطابِ ماہ شبِ تار نے دیا
دُشمَن کے سر پہ تیری فراست کے زَخم ہیں
یُوں پیار کا سبَق تیری تلوار نے دیا
پیاری ہے اُس کی خاک مظفّرؔ کو جان سے
جو خِطۂ حسِیں تِرے ایثار نے دیا۔۔۔!
حضرت مظفرؔ وارثی

