ہماری زندگیوں میں ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جو حالات کا رونا روتے ہیں، اور کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کو حالات رلاتے ہیں۔ زندگی آسان نہیں ہے اس کو آسان آپ نے بنانا ھوتا ہے۔ یہ آپ پہ ڈیپینڈ کرتا ہے آپ صبر اور شکر کو کس حد تک اپنے اندر لئے رکھتے ہیں ۔ خدا نے انسان کو اتنا پاور فل بنایا ہے کہ وہ بھاری سے بھاری بوجھ کو بھی اٹھا سکتا ہے۔۔۔وہ ہر بڑی آزمائش سے گزر سکتا ہے۔۔۔ مگر یہ وہی لوگ کر سکتے جو خدا کے رستے پہ چلتے ہیں۔۔۔ اور خدا کا راستہ کون سا ہے نماز ، صبر ، شکر اور عاجزی کا۔۔۔اور اس پہ وہی چلتے ہیں جو دنیا کو اپنے اصل کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ خودی میں ڈوب کر خودکو ڈھونڈنا سہی ہے، مگر خود کی ” میں ” کا لبادہ اوڑھ لینا سب غلط کر دیتا ہے۔ ” میں ” کبھی آپ کو اپنے سے باہر نہیں نکلنے دیتی یہ آپ کو دھوکے میں لئے رکھتی ہے۔ اور آپ زندگی بھر سراب کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں۔ اور انا کی نظر ہمیشہ بہکاوے میں رکھتی ہے، آپ کو وہ درجہ دے دیتی ہے جہاں سے دوسروں تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے، انسانیت جہاں طبقات میں بٹ جاتی ہے۔ ” میں ” ہوتی ہی” انا ” کاساتھ لئے۔ خود ساختہ پن انسان کو اس کی ذات میں ہی دفن کر دیتا ہے۔ خدا نے بشر کو ایک مقصد کے تحت بنایا تھا، انسان اس مقصد کی تلاش میں نکلتا ہی نہیں، یا پھر اس طرف تبھی لوٹتا ہے جب اس کی زندگی میں وہ فیز آتا ہے جہاں وہ اکیلے کھڑا ھوتا ہے، لوگ اس کے ساتھ بے نیازی برتنا شروع کر دیتے ہیں۔ کیا ہے۔۔۔۔۔ کیوں ہے۔۔۔۔۔ کیا لایا تھا اور اسے کیا لے کے جانا ہے۔۔۔۔ یہ سارے سوال تبھی اس کے سامنے سر اٹھاتے ہیں، خودی سے خدا شناسی کا سفر تبھی طے ھوتا ہے۔ ” میں ” کا پردہ جب ہٹتا ہے پھر ” تو ” ہی کا جلوہ نظر آتا ہے۔ مارک ٹوین نے کہا تھا۔ ” The two most important days in your life are the day you are born and the day you find out why..” اپنی پہچان کو جب پہچان لیا جاتا ہے توبقا کا سفر آسان ہو جاتا ہے۔ رب کی محبت دائمی ہوتی ہے اس میں بندے کو کوئی خوف نہیں ھوتا، اس میں صرف نوازا ہی جاتا ہے۔ بندہ کتنا ہی گنہگار کیوں نہ ہو رب کی طرف اس کا رجوع کر لینا ہی اس کے لئے رحمتوں اور نعمتوں کے در کھول دیتا ہے۔ خدا کی ہر آزمائش میں مخلوق کے لئے بھلائی ہے،وہ عیبوں کا جاننے والا اور گناہوں کا بخشنے والا ہے، اس کی رحمت گنہگاروں پہ بھی رہتی ہے، ہاں،جو اس کی طرف پلٹ آتا اس کے لئے وہ اپنی رضا اسے نواز دیتا ہے،پھر وہی رضا اسے راضی کیے رکھتی۔ بندہ اس کی نگاہِ محبت میں ہے۔ اللہ کی محبت کا ذکر کائنات کے ذرے ذرے میں سمویا ہوا ہے۔۔۔۔۔خدا کی عطا کی کوئی حد نہیں ہے اور دعا سے بڑھ کر بہترین عطا کیا ہو سکتی ہے۔۔۔۔ کتنا خوبصورت احساس ہے یہ کہ خدا آپ کو سنتا ہے بلکہ خدا آپ کو سننا چاہتا ہے۔۔۔۔ اور تم خدا کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاوُ گے۔۔۔۔ خدا کی آزمائش میں بھی آسانی چھپی ہوتی ہے مگر انسان اس آسانی کو ڈھونڈتا ہی نہیں۔۔۔۔ وہ خود ہی اپنی ذات کے لئے فیصلے کرنا شروع کر دیتا جو اس کو مایوسی کی طرف دھکیل دیتے۔۔۔ جب خدا کہتا ہے کہ میں تمہاری دعائیں سنتا ہوں۔۔۔۔تمہارے سب سے زیادہ قریب ہوں۔۔۔ تمہارے اس حال کا بھی علم رکھتا ہوں جو تمہیں نہیں معلوم، جو تمہاری نظر سے اوجھل ہے، پھر انسان اس کی رضا پہ سر کیوں نہیں خم کر دیتا ۔۔۔۔کیوں دلیلیں مانگتا ہے۔۔۔۔کیوں اپنی دوری کو بڑھا دیتا ہے اس کے ساتھ ۔۔۔۔۔ جو خواہشات اس نے بن مانگے پوری کی ہیں کبھی اس پہ بھی تو نظر رکھو۔۔۔اگر کچھ وہ تمہارے مانگنے پہ بھی نہیں دےرہا تو یقین رکھو اس پہ اس میں بھی تمہاری ہی بہتری ہو گی، بھلا خدا کی عطا بھی کبھی کم ہوئی ہے۔۔۔؟ ایک اور سوال جو لوگ کہتے ہیں کہ اگر وہ ہمیں دیتا نہیں تو اس شے کے قریب کیوں کرتا ہے۔۔۔ تو جان لو وہ نہیں کرتا بلکہ تمہارا نفس تمہیں اسی طرف کھینچے چلے جاتا ہے یہ وہ نہیں جو وہ چاہتا ہے۔۔۔ اگر قریب کرنا ھوتا تو تمہیں دے ہی نہ دے۔تمہاری تو یہاں آزمائش ہے، نفس کے خلاف لڑو، خدا سے صبر اور شکر کو مانگو تبھی اپنے اصل راہ کی طرف لوٹ پاؤ گے ۔ صبر کرنا وہیں مشکل ہو گا جہاں محبت نے اپنے پنجے مظبوطی سے گاڑے ہوں گے۔ خود کو اس دوراہے پر کیوں لا کھڑا کرتے ہیں جہاں آپ کی ذات خود اپنا ہی مان کھو دیتی ہے، اپنے اندر جھانک کے تو دیکھیے کتنا سٹیمنا خدا نے آپ کو دیا ہے، فانی زندگی کے پیچھے بھاگتے بھاگتے آپ تشنہ ہی رہیں گے،جب بقا میں جزا رکھ دی گئی ہے تو پھر رسی کو پکڑنے کی طلب تو کریں۔۔۔ آپ کو آپ کے مسائل کا خود ہی حل مل جائے گا۔۔۔ جو محبتیں آپ کو رلا رہی ہیں ان کے لئے پھر آپ رونا بھول جائیں گے، صبر آپ کی ڈھال بن جائےگا۔۔۔ دکھ، تکلیف ختم نہ سہی مگر ان سے ڈیل کرنا آپ جان جائیں گے۔چیزوں کو اپنی نظر سے نہیں بلکہ ان کی حقیقت کی نظر سے اپنے ساتھ لے کر چلیں، اگر کوئی آپ کو توڑنے والا ہے تو آپ بدلے میں جوڑنے والے بن جائیں۔۔۔ اپنے معاملات کو لوگوں اور اپنے درمیان رکھنے کی بجائے اپنے اور اللہ سبحانہ تعالیٰ کے درمیان رکھیں۔اس کی تو پکار ہی فلاح کی طرف لوٹ آنے کی ہے، اور فلاح تبھی ملے گی جب من بدلے گا، خود کو وقت اور لوگوں کے حوالے کیوں کرتے ہیں، بس توقعات کی فہرست کو سائیڈ پے رکھ کے چلیں، اگر آپ کا راستہ سہی ہے تو پھر تکلیف پہ دکھی نہ ہوں یہ سوچیں اس رستے پر آپ کا مدد گار کون ہے۔۔۔۔ اور خدا کی ذات کیا خوب مدد کرنے والی ہے۔۔۔آپ نے کس طرف جانا یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ اپنے ہونے کا شکر ادا کیجئے۔ اس کے وہی بندے ” کن ” سے "فیکون ” کے راز کو پا سکتے ہیں جو خلوت و جلوت میں اس کی تلاش میں سر گرداں ہیں۔ قلب کی روشنی اس کے ” ذکر ” میں ہے، اور جب ذکر بلند ھوتا ہے تو آپ کی مشکلات خود ہی آساں ہو جاتی ہیں۔ زخم پہ مرہم ہی اس پاک ذات پہ کامل یقین ہے جو ہر عیب سے پاک ہے۔ جس کے کلام میں ، جس کے ذکر میں ، جس سے بات کرتے ہوے آپ کو سکون ملتا ہے۔ زندگی کو اس کی قائم کردہ حدوں میں رہ کر گزار لیں، اس بات سے لا تعلق ہو کر کہ دوسرے آپ کے ساتھ کیا کر رہیں ہیں، یہ سوچ لیں آپ ان کے لئے اپنے ساتھ کیا کر رہے ہیں ۔
[button color=”orange” size=”medium” link=”http://” icon=”” target=”false”]عالیہ چودھری[/button]

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔