پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وزیر علی صبا لکھنؤی کی غزلیں — Wazir Ali Saba Lakhnavi Ghazals

وزیر علی صبا لکھنؤی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم ہر اک رنگ میں اے یار نظر آتے ہو (غزل)

تم ہر اک رنگ میں اے یار نظر آتے ہو

کہیں گل اور کہیں خار نظر آتے ہو

قابل دید تم اے یار نظر آتے ہو

چشم بد دور طرحدار نظر آتے ہو

صورتیں کرتے ہو اے جان ہزاروں پیدا

تم نئی شکل سے ہر بار نظر آتے ہو

بھول جاتا ہوں میں فرقت کے گلے اور شکوے

شکر کرتا ہوں جب اے یار نظر آتے ہو

آئنہ دیکھنے کو جب نہیں ملتا تم کو

اپنی تم تشنہ دیدار نظر آتے ہو

کہتے ہو ہم نہیں کرتے ہیں کوئی فرمائش

جان تک لینے کو تیار نظر آتے ہو

خوں کسی عاشق کشتہ کا چڑھا ہے سر پر

رنگ لائے ہوئے اے یار نظر آتے ہو

بند ہو جائیں نہ رستے کہیں دیوانوں سے

بال کھولے سر بازار نظر آتے ہو

رہتی ہیں آٹھ پہر آپ کو کنگھی چوٹی

اپنی زلفوں میں گرفتار نظر آتے ہو

خوف سے برج میں جلاد فلک چھپتا ہے

تم جو باندھے ہوئے تلوار نظر آتے ہو

سنبلستاں ہیں مری جان سراسر زلفیں

رخ گل رنگ سے گلزار نظر آتے ہو

آبرو حسن کی دولت سے ملی ہے تم کو

رنگ کندن سا ہے زردار نظر آتے ہو

کیا ہے بے یار کھٹکتے ہو مری آنکھوں میں

اے گلو باغ میں تم خار نظر آتے ہو

شان ہے گیسوؤں سے آپ میں سرداری کی

سبزۂ خط سے نمودار نظر آتے ہو

ایسے معشوق زمانے میں کہاں ملتے ہیں

پیار کرنے کے سزاوار نظر آتے ہو

دونوں گیسو پئے عاشق ہیں کمندیں دوہری

پیچ میں لاؤ گے عیار نظر آتے ہو

تپ‌ الفت میں صباؔ ہے یہ تمہارا درجہ

دق کے آثار ہیں بیمار نظر آتے ہو

آیا جو موسم گل تو یہ حساب ہوگا (غزل)

آیا جو موسم گل تو یہ حساب ہوگا

ہم ہوں گے یار ہوگا جام شراب ہوگا

نالوں سے اپنی اک دن وہ انقلاب ہوگا

دم بھر میں آسماں کا عالم خراب ہوگا

دکھلائیں گے تجھے ہم داغ جگر کا عالم

منہ اس طرف کبھی تو اے آفتاب ہوگا

اے زاہد ریائی دیکھی نماز تیری

نیت اگر یہی ہے تو کیا ثواب ہوگا

وہ رد خلق ہوں میں گر ڈوب کر مروں گا

مردہ مرا وبال دوش حباب ہوگا

وہ مست ہیں ادھر تو رکھتے نہیں ہیں ساغر

مغرب سے ہاں نمایاں جب آفتاب ہوگا

اے زود رنج تجھ پر جو لوگ جان دیں گے

رہ رہ کے تربتوں میں ان پر عذاب ہوگا

خون سیاوش اک دن دکھلائے گا خرابی

اس ظلم کا عوض اے افراسیاب ہوگا

تو نقد دل کو لے کر مکرا تو ہی ٹھہر جا

روز حساب میرے تیرے حساب ہوگا

اللہ رے ان کا غصہ اتنا نہیں سمجھتے

کیوں کر کوئی جئے گا جب یوں عتاب ہوگا

داغ جگر کو لے کر جائیں گے ہم جو اے دل

جنت میں حوریوں کو رہنا عذاب ہوگا

کیا سیر ہوگی وہ مہ لایا اگر حرارا

چہرہ جو تمتمایا تو آفتاب ہوگا

وہ رند ہوں میں زاہد آنے دے حشر کا دن

اس روز بھی یہ بندہ مست شراب ہوگا

برسات ہے بہاریں ساقیٔ برق وش کو

چھایا ہوا چمن پر کیسا سحاب ہوگا

اے مہروش تو کیوں کر پردے میں چھپ سکے گا

ابر تنک کی صورت منہ پر نقاب ہوگا

اے چرخ پیر اب تو یہ حال ہے ستم کا

کیا ہوگا جن دنوں میں تیرا شباب ہوگا

اے مغبچوں تمہارا بایاں قدم میں لوں گا

زاہد کا گر عمامہ رہن شراب ہوگا

دھوئے گا اپنے تلوے وہ بت جو سنگ پاسی

شیریں کا بے ستوں پر نقشہ خراب ہوگا

زلفوں کا عشق کیوں کر ان سے بیاں کروں گا

حال دل پریشاں گونگے کا خواب ہوگا

سر کشتگی میں میرا کیا ساتھ دے سکے گا

اے آسماں ٹھہر جا نا حق خراب ہوگا

فرقت میں ضبط نالہ ہم سے نہ ہو سکے گا

قابو میں دل نہ ہوگا جب اضطراب ہوگا

لکھے کی کیا خبر تھی یہ کون جانتا تھا

لیلہ کے ساتھ پڑھ کر مجنوں خراب ہوگا

ایمان تم صباؔ کا اس وقت دیکھ لینا

آنکھوں میں دم لبوں پر یا بو تراب ہوگا

مزید غزلیں از وزیر علی صبا لکھنؤی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں