ونود اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کنٹھائیں دامن میں چھپائے ترشناؤں کی پیاس لیے (غزل)
کنٹھائیں دامن میں چھپائے ترشناؤں کی پیاس لیے
بادل شہر شہر پھرتے ہیں اب شاید سنیاس لیے
اے مرگھٹ کی شانت چتاؤ تم نے کیا محسوس کیا
اٹھتی ہیں دنیا سے لاشیں آخر کیا وشواس لیے
راہ دکھاؤ مست ہواؤں کو سنسان جزیروں کی
یہ آوارہ گھوم رہی ہیں جانے کیسی یاس لیے
شیشے سے مل کر کیا ہوگا چور چور ہو جاؤں گا
پتھر ہوں دانستہ میں نے جنم جنم بن باس لیے
سوچ رہا ہوں ڈوب نہ جائے باڑھ کے بہتے پانی میں
کشتی میں بیٹھا وہ مسافر ملاحوں کی آس لیے
گہرائی میں جھانک کے دیکھو اشکؔ بہت کچھ پاؤ گے
اپنا اپنا دنیا میں سب چیزیں ہیں اتہاس لیے
مجھے تو دھوپ کا سایہ بہت تھا (غزل)
مجھے تو دھوپ کا سایہ بہت تھا
مگر رکتا کہاں چلنا بہت تھا
پلٹ آئی تھی جو ٹکرا کے خود ہی
میں اس آواز پر چونکا بہت تھا
بدل کر بھیس آئے شام جیسے
سحر کے رخ پہ کل کہرا بہت تھا
چٹانیں چیخ کر ٹوٹیں تو سوچا
مجھے ان سے ابھی کہنا بہت تھا
یہ صندل ہو گیا زخمی بالآخر
یہاں جو ناگ تھا ڈستا بہت تھا