ہزار مردوں کے دل۔۔ ہزار مردوں کے دل زمانے میں ہ…

ہزار مردوں کے دل۔۔
ہزار مردوں کے دل زمانے میں ہوں جو بسمل
تمہاری چاہت کے درد و غم سے تڑپ رہے ہوں
تو جان لینا، ہزار مردوں کی صف میں شامل
رسول بھی ہے۔۔
جو تم پہ سو مرد جان قربان کر رہے ہوں
بصد مسرت وہ ہو رہے ہوں شہید الفت
تو جان لینا کہ ان میں جو تم پر مر رہے ہوں
رسول بھی ہے۔۔
بس اک نگاہِ کرم کی خاطر جو دس جیالے
بصد مسرت نثار کرتے ہوں اپنا سب کچھ
تو جان لینا کہ ان میں دل مضطرب ہوں جن کے
رسول بھی ہے۔۔
بس ایک عاشق ہو تم کو محبوب کہنے والا
لگن بڑی بے نظیر بے خوف اس کی ٹھہرے
تو جان لینا وہی پہاڑوں کا رہنے والا
رسول ہوگا۔۔
کوئی نہ ہو جب تمہارے لطف و کرم کا خواہاں
تمہارا دل ٹوٹ جائے تم ہو اداس بیٹھی
تو جا کے سنگ مزار پر پڑھنا تم مری جاں
رسول مدفون ہیں یہاں پر۔۔!!
•••
شاعر : رسول حمزہ توف
مترجم : منظر سلیم
کتاب : منتخب نظمیں : رسول حمزہ توف
انتخاب و ٹائپنگ : احمد بلال
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2920798298150684



