منتخب غزلیں
نوع انساں کی ہدایت کے لئے آئے رسولؐ زندگی کا اک مک…
نوع انساں کی ہدایت کے لئے آئے رسولؐ
زندگی کا اک مکمل ضابطہ لائے رسولؐ
زندگی کا اک مکمل ضابطہ لائے رسولؐ
کھل گئے آنکھوں پہ اسرارِ حیات و کائنات
ذہن و دل کو کر گئے روشن سخن ہائے رسولؐ
بن گئی گہوارۂ امن و اماں یہ زندگی
آپؐ کے انداز جب دنیا نے اپنائے رسولؐ
موسموں کے ساتھ ان کے پھول بھی مرجھا گئے
انقلابِ وقت پر ہنستے ہیں گلہائے رسولؐ
منتشر پھر ہو گیا انسانیت کا قافلہ
ڈھونڈ کر پھر لائیے نقشِ کفِ پائے رسولؐ
اس سے بڑھ کر کون ہوگا کامیاب زندگی
جس سے خوش ہو جائے آقا جس کو مل جائے رسولؐ
ہم میں پھر تفریق کیسی اجنبیت کس لیے
میں بھی شیدائے محمد تو بھی شیدائے رسولؐ
دل وہی دل ہے جو اس کے غم کا محرم ہو عزیزؔ
سر وہی سر ہے بھرا ہو جس میں سودائے رسولؐ
(عزیز بگھروی)
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی


