کبھی کبھی تمہارا واسطہ ایسی کتاب سے پڑتا ہے جو دیر تک تمہارے حواس پہ قبضہ جماے رکھتی ہے۔ تم اسے دیکھے، پڑھے بنا، اس کے بارے میں سوچے بنا، نہیں رہ سکتے۔ وہ سر_ بالیں پڑی رہتی ہے۔ بھول چوک سے شیلف میں بھی رکھ دی جاے تو آتے جاتے گھورتی رہتی ہے۔ تم اسے دیکھ کر من ہی من میں مسکرادیتے ہو۔ موقع ملتے ہی ایک بار پھر پڑھ لیتے ہو۔ صفحہ صفحہ، گھونٹ گھونٹ۔ یہ تمہارے مزاج میں تازگی بھر دیتی ہے۔ جان میں ہلکا پن لے آتی ہے۔ دن یونہی چلتے رہتے ہیں۔ کتاب دوستی عشق بن جاتی ہے۔ حرف_ حیرت!
یہ کتاب رنگ رنگ کی کتابوں کے تبصروں کا مجموعہ ہی نہیں، ایک ایسی ادبی دنیا کا نقشہ بھی ہے، جو حسین بھی ہے، کامل بھی، اچنبھئی بھی ہے، رشک خیز بھی۔ سلیم سہیل نے نظم و نثر پر یہ مضامین، کارخانوں میں تیارہ شدہ نظریوں کے سانچوں کو فراموش کرکے، اپنے فہم کی روشنی میں لکھے ہیں۔ انھیں "تنقیدی اصطلاحات کے دم چھلے اچھے نہیں لگتے۔" اچھے لگ بھی کیسے سکتے ہیں۔ کتاب کا زیرک قاری جو نظر کی بے کرانی رکھتا ہے، نظریے کے پنجرے کو حقارت سے دیکھتا ہے۔ "حرف حیرت" کے ضمن میں البتہ "حقارت" کا لفظ غیر متعلق ہے۔ یہ کتاب_ حسن ہے: اس لیے نہیں کہ اس میں تحسین_ محض سے کام لیا گیا ہے؛ اس لیے کہ اس میں کیا گیا اظہار _خیال خوش سلیقگی، خوش اسلوبی، گہرے اعتماد، گہرے مطالعے اور ندی کے سے نرم بہاو کا آئنہ ہے۔ سلیم سہیل عالم شخص ہیں۔ فنا در کتاب۔ تم ان کے نین نقش، ڈھب، چھب، سب میں ہنر دیکھو گے۔ ان کی شخصیت میں ٹھیراو محسوس کروگے۔ یہ ٹھیراو، یہ ہنر اس کتاب کے ہر پنے پہ ہے۔
حرف_ حیرت میں تم اسد محمد خان، حسن منظر، انتظار حسین، نیر مسعود، شمیم حنفی، محمد سلیم الرحمان، مظہر محمود شیرانی، خورشید رضوی، زبیر رضوی، اختر رضا سلیمی، آزاد مہدی، زاہد حسن، فیاض محمود، آمنہ مفتی وغیرہ کے فن پہ الگ ہی قماش کی تنقیدی رائیں پڑھوگے۔ تم مبتدی ہو تو سیکھو گے؛اچھی کتابوں پہ کس عجز، کس لہجے میں لکھا جاتا ہے۔ عالم ہو تو جمالیاتی حظ اٹھاو گے، اطمینان پاوگے۔ مجلسی ناقد ہو تو کسمساوگے، شرماوگے مگر داد دو گے۔ پیشہ کرنے والے ناقد ہو تو نو آبادیات، دس آبادیات والے مضامین پہ اپنی اتراہٹ کو شرم سار پاوگے، اندر ہی اندر مگر واہ واہ کروگے۔
کتاب میں اور بھی مضامین ہیں جو شیکسپیر، الف لیلہ، ہنرک ابسن، اور کچھ اور غیر ملکی ادیبوں کے کارناموں کو نئے زاویہ ہاے نظر سے دیکھتے ہیں۔ ایک مضمون "نو بیل پرائز" کے حوالے سے ہے، ایک مغرب کے نئے ادیبوں پہ ہے۔
اب تم سوچ رہے ہو کہ آخر سلیم سہیل نے ایسا کیا لکھ دیا ہے کہ تمہارا دوست اظہر حسین لاہوری لالیوں کی طرح چہکے چلا جارہا ہے۔ تو بھئی میں چپ کرتا ہوں۔ مضامین کے کچھ کچھ حصے ادھر تمہارے ساتھ بانٹتا ہوں، تم خود دیکھ، پرکھ لو۔ ( کتاب کہاں سے، کتنے کی ملے گی، پہلے کمنٹ میں دیکھ لو۔
1__جس طرح لکھنے والوں کی قسمیں ہوتی ہیں، اسی طرح پڑھنے والوں کے بھی قبیلے ہوتے ہیں۔ ہر قبیل کا اپنا لکھاری ہوتا ہے۔ جس کا جیسا عمل، اس کا ویسا اجر۔ اتاولے قارئین چوکوں چھکوں والی کہانیاں پسند کرتے ہیں، جن میں واقعات تیزی سے ادلتے بدلتے رہتے ہیں اور آخر میں ایک فیصلہ سامنے آجاتا ہے کہ ظالم کون تھا اور مظلوم کون ہے۔ اور یہ کہ ہر کسی کو اپنی حد میں رہنا چاہیے۔ اللہ اللہ خیر سلا۔ ( مقتبس از: باسودے کی مریم)
2__ناول کی اگر نظری تعبیر کی جاے تو وہ ایک غالیچہ ہی تو ہوتا ہے۔ دھیان سے بنا گیا قالین، تالم تالم ٹھیک، نک سے درست، نہ ایک دھاگا کم، نہ ایک دھاگا زیادہ۔ رنگ رنگ میں تناسب۔ ایک مکان جس میں ریت بجری پتھر توازن سے استعمال کیے گئے ہوں۔ ایک اعتبار سے رنگ سازی کا عمل جس میں لمحہ لمحہ خیال رکھنا پڑتا ہےکہ رنگ کو پھیکا اور گوڑھا ہونے سے کیسے بچانا ہے۔
(مقتبس از: غلیچا انن والی)
__3 زندگی کا سارا کھیل وقت سے عبارت ہے۔ سال اور صدی وقت کے فرضی پیمانے ہیں۔ وقت رکتا نہیں، چلتا رہتا ہے۔ بالکل اسی طرح، صدیوں کا سفر جاری ہے۔ صدیاں رک جائیں گی تو چھن چھن کی آواز بھی رک جاے گی۔ ناچنے کی آواز اس وقت تک آسکتی ہے جب تک ناچنے والا زندہ ہے۔ ناچنے والا ختم، ناچ ختم۔ کہاں کی آواز اور کہاں کا زمزمہ۔۔۔
( مقتبس از: مجید امجد کی پانچ نظمیں)
تحریر: اظہر حسین
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2926871757543338

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔