غالب من و فدا کہ سر انجام برشگال
غیر از شراب و انبہ و برفاب قند نیست
غالب میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ بس برسات صرف ان تین باتوں کے لۓ آتی ہے اور اس موسم کا پیدا کرنے کا کوئ مقصد ہی نہیں ہےشراب چڑھاۓ آم کھاۓ اور برف کا شربت پیجۓ۔
بقول غالب آم میں صرف دو باتیں ہونی چاہئیں
میٹھا ہو اور بہت ہو ۔
اور گدھے آم نہیں کھاتے قلعہ معلٰی میں ‘حیات بخسژ ‘آموں کا باغ تھا جس میں ایک دن بہادر شاہ ظفر اپنے مصاحبوں کے ساتھ ٹہل رہے تھے جن میں غالب بھی شامل تھے ۔ غالب آموں کو غور سے دیکھ رہے تھے بادشاہ نے وجہ پوچھی آپ نے فرمایا
پیر و مرشد یہ جو کسی بزرگ نے کہا ہے
ہر سر ہر دانہ بنوشتہ عیاں
کاین فلاں ابن فلاں ابن ٖلاں
اس کو دیکھتا ہوں کہ کس دانہ پر میرا اور میرے باپ دادا کا نام لکھا ہے یا نہیں۔ بادشاہ مسکرادۓ اور اسی روز ایک بھنگی آموں کی مرزا کو بھجوائ
غالب کے ترسٹھ خطوط میں جو مختلف احباب کے نام ہیں حسب ذیل آم کی اقسام کا تذکرہ ہے مالدہ ،فصلی ،چوسہ ، زرد آلو ،جہانگیر ، دسہری ، رحمتِ خاص ، سرولی ، ملغوبہ ، عزیز پسند ، محمود ثمر ، سلطان الثمر ، رام کیلا ، بمبئ گرین ، رتول ، سفیدا ملیح آبادی ، دل پسند ، حسن آراء ، نازل پسند ، کشنم بھوگ ، نیلم ، خداداد ، ہیملٹ ، طوطا پری ، نشاطی ، زعفرانی ، سندوری ، کھٹا میٹھا ، بارہ ماسی ، لنگڑا ، الفانسو ، فجری ، ثمر بہشت ، گلاب خاص ، بشپ ، ژاوئیر رومانی اور بادامی ۔
ایک خط میں مولوی صدر الدین آزردہ کو آم کی تاریخ لکھی تھی
کلکتہ کے ایک دوست میر سرفراز حسین کو بنگال کے آم ‘ گل بخش ‘ کی تقریباً پندرہ بار فرمائش کی
آم کی تعریف مینں غالب کی ایک مختصر مثنوی "در صفتِ انبہ” کے نام سے دیوان میں شامل ہے جو 1855ء کی ہے ۔ در حقیقت یہ مرزا فخرو ولی عہد بہادر شاہ کی مدح میں ہے ۔
ہاں دل دردمند زمزمہ ساز
کیوں نہ کھولے در خزینۂ راز
خامے کا صفحے پر رواں ہونا
شاخ گل کا ہے گلفشاں ہونا
مجھ سے کیا پوچھتا ہے کیا لکھیے
نکتہ ہاے خرد فزا لکھیے
بارے آموں کا کچھ بیاں ہوجائے
خامہ نخل رطب فشاں ہوجائے
آم کا کون مرد میداں ہے
ثمر و شاخ گوے و چوگاں ہے
تاک کے جی میں کیوں رہے ارماں
آئے یہ گوے اور یہ میداں
آم کے آگے پیش جاوے خاک
پھوڑتا ہے جلے پھپولے تاک
نہ چلا جب کسی طرح مقدور
بادۂ ناب بن گیا انگور
یہ بھی ناچار جی کا کھونا ہے
شرم سے پانی پانی ہونا ہے
مجھ سے پوچھو تمہیں خبر کیا ہے
آم کے آگے نیشکر کیا ہے
نہ گل اس میں نہ شاخ و برگ نہ بار
جب خزاں آئے تب ہو اس کی بہار
اور دوڑائیے قیاس کہاں
جان شیریں میں یہ مٹھاس کہاں
جان میں ہوتی گریہ شیرینی
کوہکن باوجود غمگینی
جان دینے میں اس کو یکتا جان
پر وہ یوں سہل دے نہ سکتا جان
نظر آتا ہے یوں مجھے یہ ثمر
کہ دواخانۂ ازل میں مگر
آتش گل پہ قند کا ہے قوام
شیرے کے تار کا ہے ریشہ نام
یہ یہ ہو گا کہ فرط رافت سے
باغبانوں نے باغ جنت سے
انگبیں کے بحکم رب الناس
بھر کے بھیجے ہیں سر بمہر گلاس
یا لگا کر خضر نے شاخ نبات
مدتوں تک دیا ہے آب حیات
تب ہوا ہے ثمر فشاں یہ نخل
ہم کہاں ورنہ اور کہاں یہ نخل
تھا ترنج زر ایک خسرو پاس
رنگ کا زرد پر کہاں بو باس
آم کو دیکھتا اگر اک بار
پھینک دیتا طلاے دست افشار
رونق کار گاہ برگ و نوا
نازش دودمان آب و ہوا
رہرو راہ خلد کا توشہ
طوبی و سدرہ کا جگر گوشہ
صاحب شاخ و برگ و بار ہے آم
ناز پروردۂ بہار ہے آم
خاص وہ آم جو نہ ارزاں ہو
نو بر نخل باغ سلطاں ہو
وہ کہ ہے والی ولایت عہد
عدل سے اس کے ہے حمایت عہد
فخر دیں عز شان و جاہ جلال
زینت طینت و جمال کمال
کار فرماے دین و دولت و بخت
چہرہ آراے تاج و مسند و تخت
سایہ اس کا ہما کا سایہ ہے
خلق پر وہ خدا کا سایہ ہے
اے مفیض وجود سایہ و نور
جب تلک ہے نمود سایہ و نور
اس خداوند بندہ پرور کو
وارث گنج و تخت و افسر کو
شاد و دلشاد و شادماں رکھیو
اور غالب پہ مہرباں رکھیو
اس مثنوی میں غالب نے آم کی بے حساب تعریف کی ہے اور مختلف تلمیحات کا استعمال کیا ہے وہیں ایک نہایت ہی نادر تلمیح استعمال کی ہے جو نہ صرف اردو بلکہ فارسی میں بھی بہت کم استعمال ھوئ ہے
تھا ترنجِ زر ایک خسرو پاس
رنگ کا زرد پر کہاں بو باس
آم کو دیکھتا اگر اک بار
پھینک دیتا طِلاۓ زرافشار
ان دو اشعار میں خسرو پرویز کے ترنج زرافشار کی تلمیح نظم ہوی ہے پہلے شعر میں ترنج زر اور دوسرے میں زر افشار ۔ لیکن یہ دونوں ایک ہی ہیں اس میں خسرو پرویز کے ترنج کی طرف اشارہ ہے جو زرِ دست افشار یا طلاۓ دست افشار سے بنا تھا ،
"ترنج زر دست افشار پرویز ” طلا دست افشار یا مشت افشار نرم سونے کا ڈلا تھا جو خسرو کے ہاتھ میں ہوتا تھا اور وہ اسے دباتا رہتا اور مختلف شکلیں بناتا رہتا تھا ترنج زر اسی سے بنا تھا ۔ ترنج مشہور ایرانی پھل ہے جو نارنج کے خاندان کا اور اس سے بڑا ہوتا ہے اور شائد زرد رنگ کا ہوتا ہے جس کی وجہ سے غالب نے پکے ہوۓ آم کو جو زرد رنگ کا ہی ہوتا ہے ترنج زر سے مقابلہ کیا ہے اور چونکہ ترنج زر میں خوشبو نہیں ہو سکتی اسی لۓ غالب نے آم کو ترجیح دی ہے
کہتے ہیں کہ زردست افشار کا وزن دو سو مثقال تھا اور یہ موم کی طرح ملائم تھا کیونکہ کیمیاگروں نے اس کو کیمیاء کے ذریعہ نرم کر دیا تھا ۔ اور دوسری بات کہ یہ خسرو پرویز وہی ہے جس کا ذکر قصہ شیریں فرہاد میں آتا ہے
غالب کے علاوہ اس تلمیح کا ایک شعر مجھےصرف ذوق کے دیوان میں ملا ہے
نہ نکلے کان سے فولاد تا ابد ہرگز
عجب نہیں ہے بغیرازطلائ دست افشار
…..
بشکریہ وسیم سیّد

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔