کیا قیامت ہے ہجر کے دن بھی
زندگی میں شمار ہوتے ہیں
آج پاکستان کے معروف شاعر اور نغمہ نگار سیف الدین سیفؔ کی برسی ہے۔
Jul 12, 1993
سیف الدین نام اور سیف تخلص تھا۔۲۰؍ مارچ ۱۹۲۲ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے۔بعض سیاسی ومذہبی مسائل پر ارباب کالج سے الجھ پڑنے کی وجہ سے امتحان سے روک دیا گیا۔مجبوراً سیف نے تعلیم سے منہ موڑلیا اور تلاش معاش میں سرگرداں ہوگئے۔ ۱۹۴۶ء میں فلمی لائن اختیار کی۔ فلمی نغمہ نگاری او رمکالمے لکھنا ان کا ذریعہ معاش بن گیا۔ انھوں نے مستقل طور پر لاہور میں اقامت اختیار کرلی۔ سیف کو کم سنی ہی سی شعروسخن سے دل چسپی تھی۔ انھوں نے غزل ، رباعی ، طویل ومختصر نظمیں اور گیت سبھی کچھ لکھا ہے۔ مگر غزل سے فطری لگاؤ تھا۔۱۲؍جولائی ۱۹۹۳ء کو لاہور میں انتقال کرگئے۔
……
مری داستان حسرت وہ سنا سنا کے روئے
مرے آزمانے والے مجھے آزما کے روئے
کوئی ایسا اہل دل ہو کہ فسانۂ محبت
میں اسے سنا کے روؤں وہ مجھے سنا کے روئے
مری آرزو کی دنیا دل ناتواں کی حسرت
جسے کھو کے شادماں تھے اسے آج پا کے روئے
تری بے وفائیوں پر تری کج ادائیوں پر
کبھی سر جھکا کے روئے کبھی منہ چھپا کے روئے
جو سنائی انجمن میں شب غم کی آپ بیتی
کئی رو کے مسکرائے کئی مسکرا کے روئے
….
قضا کا وقت رخصت کی گھڑی ہے
ذرا ٹھہرو کہ یہ منزل کڑی ہے
جسے تم چھوڑ کر رخصت ہوئے تھے
وہ بستی آج تک سونی پڑی ہے
ابھی تک دل کے ویرانے میں جیسے
تمنا ہاتھ پھیلائے کھڑی ہے
مرے دشمن بھی اب تو آ رہے ہیں
تمہیں کس وقت جانے کی پڑی ہے
تمہارے درد مندوں کی خبر لے
غم دوراں کو ایسی کیا پڑی ہے
کسی کی یاد سیفؔ اور دل کی حالت
گھنا جنگل اکیلی جھونپڑی ہے

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔