پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دانش اثری کی غزلیں — Danish Asari Ghazals

دانش اثری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ پہ الزام لگاتے ہو لگائے جاؤ (غزل)

مجھ پہ الزام لگاتے ہو لگائے جاؤ

خون دل اپنا جلاتے ہو جلائے جاؤ

ہجر کی شب کوئی آسان نہیں ہوتی ہے

اشک تم اپنے بہاتے ہو بہائے جاؤ

عشق کامل کی ضمانت تمہیں میں دیتا ہوں

یہ مرا شعر جو تم گاتے ہو گائے جاؤ

قیس کے دشت میں لاتے ہو سواری اپنی

یعنی یوں دھوم مچاتے ہو مچائے جاؤ

جھیل کے پانی میں دو شعلہ نما ہونٹ غضب

ہائے کیا آگ لگاتے ہو لگائے جاؤ

میرے اشعار جو سمجھے نہ وہ مجھ کو سمجھے

یار تم خود کو تھکاتے ہو تھکائے جاؤ

ہم نے سوزش پہ محبت کی بنا رکھی ہے

تم اگر تاج بناتے ہو بنائے جاؤ

دانشؔ عصری کا تو مسلک ہے فقط دشت کی خاک

تم اگر گھر سے نبھاتے ہو نبھائے جاؤ

یہ الگ بات کہ پیشانی پہ بل آئے گا (غزل)

یہ الگ بات کہ پیشانی پہ بل آئے گا

غور کرتے رہو کچھ حل بھی نکل آئے گا

بیج بھی ڈال دے امید ثمر بھی تج دے

جب تری نسل جواں ہوگی تو پھل آئے گا

مصلحت اوڑھ کے چپ چاپ تماشا بن جا

جو بھی آئے گا مخالف ترے حل آئے گا

ایک قانون مکافات عمل ہے ظالم

آج جو کرتا ہے تو سامنے کل آئے گا

عمر گزری ہے کبھی دید کی لذت مل جائے

جانے کب میری نگاہوں میں وہ پل آئے گا

دانشاؔ بزم میں ان کی تو غزل جھوم کے پڑھ

ان کی جانب سے بھی کچھ رد عمل آئے گا

ارے پگلی (نظم)

ارے پگلی

تجھے مجھ سے محبت تھی

تو پھر مجھ سے کہا ہوتا

یہ کیا کہ رات بھر جگنا

یونہی بے چین سی رہنا

مگر سب کچھ چھپا لینا

کبھی جانا جو سکھیوں میں

منافق بن کے ہنس لینا

کسی سے یوں بھی کہہ دینا

کہ دانشؔ مجھ پہ عاشق ہے

بہت ہی چاہتا ہے وہ

مگر میں کیا کروں ہمدم

کہ میں مجبور سی لڑکی

زمانے کے رواجوں سے بندھی محبوس بیٹھی ہوں

میں کچھ بھی کر نہیں سکتی

اگر وہ مجھ کو چاہے ہے تو پھر اس پر یہ لازم تھا

کہ مجھ کو جیت لیتا آ کے میداں میں مقابل سے

وہ مجھ کو کھینچ لیتا شوق سے پہلوئے اعدا سے

زمانے کے رواجوں سے کبھی مجھ کو چرا لیتا

یا میرے ذمہ داروں سے وہ مجھ کو مانگ ہی لیتا

مگر وہ کچھ نہیں کہتا

خفا سا مجھ سے رہتا ہے

تمہاری یہ کہانی کل بیاں کی ایک لڑکی نے

تو میرے دل میں بھی اک شوق کی آتش ہوئی پیدا

میں اس سے قبل تم کو جانتا تک بھی نہ تھا جاناں

مگر اک شوق تھا کہ کون ہے جو یوں بھی چاہے ہے

کہ عاشق خود ہے لیکن مجھ کو وہ عاشق بتائے ہے

سو کچھ لمحوں کی خاطر میں گلی میں تیری در آیا

تجھے دیکھا تجھے جانا تو میں نے تجھ کو پہچانا

یہ اچھی بات ہے کہ شرم سے تو کچھ نہ کہہ پائی

مگر جاناں ذرا سا اک اشارہ کر دیا ہوتا

بھرم میں تیرا رکھ لیتا

مگر یہ کیا کہ تو نے مجھ کو مجنوں نام کر ڈالا

مجھے محبوب کر کے ہائے کیوں بدنام کر ڈالا

زمانہ مجھ سے پوچھے ہے کہ کیوں اس سے خفا ہو تم

بتا میں کیا بتاؤں دوستوں کو مسئلہ کیا ہے

مجھے بھی تو محبت کا بھرم رکھنا ہے نا پگلی

میں کیسے کہہ دوں لوگوں سے کہ تو ہی مجھ پہ عاشق ہے

مگر سن جب تو اپنا ضبط کھو بیٹھے کبھی رو کر

تو موبائل اٹھا کر ایک میسج مجھ کو کر دینا

میں تجھ کو تھام بھی لوں گا

تجھے لٹنے نہیں دوں گا

کہ تو میرے لیے اک محترم محبوب ہستی ہے

مگر یہ عشق کا سودا اور ایسے عشق کا سودا

میں ہرگز کر نہیں سکتا

مجھے جب تک تری چاہت کا کچھ احساس ہو ہی نا

تو میں کیسے بھلا تجھ سے کوئی رشتہ رکھوں پگلی

غرور حسن کو تج دے

تو پھر دانشؔ بھی تیرا ہے

یہ لفظ و لوح تیرے ہیں

زمانہ بھی محبت بھی