دانش علیگڑھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم نے جب زلف پریشاں کو سنوارا ہوگا (غزل)
تم نے جب زلف پریشاں کو سنوارا ہوگا
صدقۂ حسن گھٹاؤں نے اتارا ہوگا
آپ کی چشم کرم کا جو اشارہ ہوگا
اوج پر میرے مقدر کا ستارہ ہوگا
سنگ دل تیرے بھی آنسو نکل آئے ہوں گے
ڈوبنے والے نے جب تجھ کو پکارا ہوگا
میں نے الزام خوشی سے لیے سب اپنے سر
آپ بدنام ہوں یہ کس کو گوارہ ہوگا
کچھ تو قسمت کی ہے سازش مری بربادی میں
اور کچھ ان کی بھی نظروں کا اشارہ ہوگا
کیا غرض اس کو زمانے کی خوشی سے دانشؔ
یار کا غم ہی جسے جان سے پیارا ہوگا
ذرے ذرے میں مہک پیار کی ڈالی جائے (غزل)
ذرے ذرے میں مہک پیار کی ڈالی جائے
بو تعصب کی ہر اک دل سے نکالی جائے
اپنے دشمن کو بھی خود بڑھ کے لگا لو سینے
بات بگڑی ہوئی اس طرح بنا لی جائے
آپ خوش ہو کے اگر ہم کو اجازت دے دیں
آپ کے نام سے اک بزم سجا لی جائے
ہو کے مجبور یہ بچوں کو سبق دینا ہے
اب قلم چھوڑ کے تلوار اٹھا لی جائے
سوچ کر عرض طلب وقت کے سلطان سے کر
مانگنے والے تری بات نہ خالی جائے