پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دانش البیلا کی غزلیں — Danish Albela Ghazals

دانش البیلا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو تو نہیں ہے تو جینے کی آرزو بھی نہیں (غزل)

جو تو نہیں ہے تو جینے کی آرزو بھی نہیں

سکون دل کو ملے ایسی جستجو بھی نہیں

تمام عمر کا وعدہ تھا ساتھ جینے کا

ہوا کچھ ایسا کہ ہم آئے روبرو بھی نہیں

لٹا دیا ہے ہر اک چیز عشق میں میں نے

کہ میرے پاس تو اب میری آبرو بھی نہیں

ہمارا دل ہے نہ جانے کہاں بہت ڈھونڈا

تمہارے پاس نہیں اور کو بہ کو بھی نہیں

نہیں نہیں مجھے تم اور زخم مت دینا

پرانا زخم جگر تو ابھی رفو بھی نہیں

وہ دور دور محبت کی مشکلیں دانشؔ

سمجھ سکے نہ مجھے لوگ اور تو بھی نہیں

مختصر ساتھ کا بڑا دکھ ہے (غزل)

مختصر ساتھ کا بڑا دکھ ہے

چند لمحات کا بڑا دکھ ہے

کرب میں ساتھ آپ بھی نہ رہے

مجھ کو اس بات کا بڑا دکھ ہے

مجھ سے چالاکیاں دغا بازی

ان کمالات کا بڑا دکھ ہے

جو ترستا تھا ایک قطرے کو

اس کو برسات کا بڑا دکھ ہے

یہ ترے ہاتھ کیوں نہیں آیا

مجھ کو اس ہاتھ کا بڑا دکھ ہے

خواب کس کس کے دیکھتا ہوگا

ان خیالات کا بڑا دکھ ہے

دیکھ کر پوچھتا ہے آنکھوں میں

تم کو کس بات کا بڑا دکھ ہے

دن میں تم کو چھپا ہی لیتا ہوں

درد دل رات کا بڑا دکھ ہے

باتیں کرتا تھا وہ مروت میں

اس کی خیرات کا بڑا دکھ ہے

ساری دنیا کو جیت کر دانشؔ

عشق میں مات کا بڑا دکھ ہے