پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل پیشاوری کی غزلیں — Afzal Peshawari Ghazals

افضل پیشاوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بغیر اپنے کسی مطلب کے الفت کون کرتا ہے (غزل)

بغیر اپنے کسی مطلب کے الفت کون کرتا ہے

یہ دنیا ہے یہاں بے لوث چاہت کون کرتا ہے

گوارا لطف فرمانی کی زحمت کون کرتا ہے

محبت کرنے والے سے محبت کون کرتا ہے

کبھی آئینہ لے کر حسن سے اپنی ذرا پوچھو

نظر کو دل کو پابند محبت کون کرتا ہے

محبت میں بھی کرتا ہوں محبت تم بھی کرتی ہو

مگر دونوں میں منہ دیکھی محبت کون کرتا ہے

شریک زندگی ہو کر مرا تم ساتھ کیا دو گی

کسی کے رنج پر قربان راحت کون کرتا ہے

تمہیں زعم محبت ہے مجھے بھی ہے مگر اے جاں

تم اپنی دل سے ہی پوچھو محبت کون کرتا ہے

جوانی کے نکھرتے حسن کی انداز سے پوچھو

مرے خوابیدہ جذبوں سے شرارت کون کرتا ہے

غلط الزام ہے مجھ پر مرے برباد ہونے کا

خود اپنے واسطے پیدا مصیبت کون کرتا ہے

ٹٹولو اپنے دل کو اور اپنے دل سے ہی پوچھو

کہ یہ میرے لئے سامان وحشت کون کرتا ہے

غرض مندی تک اے افضلؔ محبت سب کو ہوتی ہے

محبت آج کل حسب محبت کون کرتا ہے

مرے ہم نشیں مرے دل ربا مجھے بھول جا مجھے بھول جا (غزل)

مرے ہم نشیں مرے دل ربا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

نہ خیال کر مرا با خدا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

وہ گزارشیں وہ نوازشیں وہ شکایتیں وہ عنایتیں

مرے ساتھ ان کو بھی دے بھلا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

وہ سہے ہیں میں نے ترے ستم جو قلم سے ہو نہ سکیں رقم

مرا حال جو بھی ہوا ہوا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

مجھے اب کنارے سے کام کیا مجھے بحر غم میں ہی چھوڑ دے

اے مرے سفینے کے ناخدا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

تجھے واسطہ مرے حال کا مرے رنج و غم کا ملال کا

کسی اور پہ تو کر اب جفا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

تری اشک باری فضول ہے تری بے قراری فضول ہے

مرے غم نوا مرے دل ربا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

مری چاہ کا یوں ہی نام ہے تجھے اب رقیبوں سے کام ہے

بت بے وفا ستم آشنا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

میں نہیں ہوں قابل رنج و غم میں نہیں ہوں لائق رنج و غم

ہے شبانہ روز یہ التجا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

نہ وفا کی اب ہیں ضرورتیں نہ کرم کی اب مجھے خواہشیں

مری یاد سے تجھے فائدہ مجھے بھول جا مجھے بھول جا

کبھی دل کو تجھ سے پیار تھا وہ زمانہ اب تو گزر گیا

نہ وہ دل رہا نہ تو دل ربا مجھے بھول جا مجھے بھول جا

تیری دنیا میں تو نفرت کا جہاں بستا ہے (نظم)

تیری دنیا میں تو نفرت کا جہاں بستا ہے

میری دنیا میں محبت کے سوا کچھ بھی نہیں

تیرے دل کو تو ہزاروں کی لگن رہتی ہے

میرے دل میں تری حسرت کے سوا کچھ بھی نہیں

تیری عادت میں عداوت کی فراوانی ہے

میری عادت میں مروت کے سوا کچھ بھی نہیں

تیرے عالم میں تخیل ہے حسیں باتوں کا

میرے عالم میں تو حیرت کے سوا کچھ بھی نہیں

حسن میں تیرے ہے اک نور کی دنیا رقصاں

اور مرے عشق میں ظلمت کے سوا کچھ بھی نہیں

تیری قسمت میں ہیں تحریر طرب گوں لمحے

میری قسمت میں مصیبت کے سوا کچھ بھی نہیں

تیری فطرت تو ہے باتوں سے بتانا دل کا

میری فطرت میں صداقت کے سوا کچھ بھی نہیں

سچ ہے افضلؔ کو ترے عشق نے برباد کیا

مرتبہ اس کا بھی تھا ورنہ بلند و بالا

مزید غزلیں از افضل پیشاوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں