عقیل جامد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
طے نہ کر پائی منزلیں تتلی (غزل)
طے نہ کر پائی منزلیں تتلی
پھنس گئی میرے جال میں تتلی
رات کے وقت جیب میں جگنو
صبح تا شام ہاتھ میں تتلی
اک نیا رنگ دیکھتی ہے آنکھ
جب بھی لیتی ہے کروٹیں تتلی
چوک میں ڈھونڈنے سے کیا حاصل
ڈھونڈئیے جا کے باغ میں تتلی
سو طرح کے فریب دیتی ہے
سو بناتی ہے صورتیں تتلی
ہاتھ جامدؔ جو آ نہیں سکتی
استعاراً اسے کہیں تتلی
پھیلی ہے دھوپ جذبۂ اسفار دیکھ کر (غزل)
پھیلی ہے دھوپ جذبۂ اسفار دیکھ کر
ہرگز ٹھہر نہ سایۂ اشجار دیکھ کر
چل آ وہیں چلیں کہ جہاں شور و شر نہ ہو
تنگ آ گیا ہوں گرمئ بازار دیکھ کر
افواہ وہ اڑی تھی کہ میں کل بہت ہنسا
روتا ہوں آج صبح کا اخبار دیکھ کر
ایسا نہ ہو کہ قوم کا بیڑا ہی غرق ہو
تقریر جھاڑ قوم کے معمار دیکھ کر
جامدؔ مرا وجود ہے ملبہ بنا ہوا
اک خوف سر اٹھاتا ہے دیوار دیکھ کر
مزید غزلیں از عقیل جامد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں