پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عقیل فاروق کی غزلیں — Aqeel Farooq Ghazals

عقیل فاروق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وقت تیزی سے گزرتا ہے گزر جانے دے (غزل)

وقت تیزی سے گزرتا ہے گزر جانے دے

ہاں مگر یاد ہی یادوں میں ٹھہر جانے دے

تیرے غم میں تو بکھر جانے سے بہتر یہ ہے

مجھ کو تقدیر کے ہاتھوں ہی بکھر جانے دے

میرے بارے میں تو سوچا نہ کبھی بھی تم نے

اب جدھر سے بھی بھٹک جاؤں ادھر جانے دے

میں نے کیا کیا نہیں کھویا ہے تری چاہت میں

من میں آتا ہے تجھے بولوں مگر جانے دے

تم نئے دن کے اجالے کی حسیں رونق ہو

میں اندھیرا ہوں سراسر مجھے مر جانے دے

میں تجھے بھول نہ پایا ہوں کبھی بھی لیکن

میں تجھے بھولوں گا دل سے تو اتر جانے دے

تھک گیا ہوں میں عقیلؔ اس کے بنا جی کر بھی

آج مجھ کو مرے وعدے سے مکر جانے دے

کئی رشتوں کئی ناطوں کی دنیا (غزل)

کئی رشتوں کئی ناطوں کی دنیا

فقط باتیں ہیں بس باتوں کی دنیا

سکون و چین سے اے سونے والے

تمہیں معلوم کیا راتوں کی دنیا

کئی حصوں میں انساں بٹ چکا ہے

کئی طبقوں کئی ذاتوں کی دنیا

میں خود کو چھوڑ آیا ہوں کہیں پہ

مرے اندر ہے اک یادوں کی دنیا

جسے کہتے ہو تم یہ دوستی ہے

وہی ہے بچھوؤں سانپوں کی دنیا

تری دنیا حقیقت پر ہے مبنی

مری دنیا مرے خوابوں کی دنیا

مزید غزلیں از عقیل فاروق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں