پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل پرویز کی غزلیں — Afzal Parvez Ghazals

افضل پرویز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وقت کے طوفانی ساگر میں کرودھ کپٹ کے ریلے ہیں (غزل)

وقت کے طوفانی ساگر میں کرودھ کپٹ کے ریلے ہیں

لیکن آس کے مانجھی ہر لحظہ موجوں سے کھیلے ہیں

پگ پگ کانٹے منزلوں صحرا کوسوں جنگل بیلے ہیں

سفر زیست کٹھن ہے یارو راہ میں لاکھ جھمیلے ہیں

الکھ جمائے دھونی رمائے دھیان لگائے رہتے ہیں

پیار ہمارا مسلک ہے ہم پریم گرو کے چیلے ہیں

راہزنوں سے گھبرا کر سب ساتھی سنگت چھوڑ گئے

اور پر خوف ڈگر پر گرم سفر ہم آج اکیلے ہیں

حسن کی دولت اس کی ہے اور وصل کی عشرت بھی اس کی

جس نے پل پل ہجر میں کاٹا جور سہے دکھ جھیلے ہیں

بازی گاہ دار و رسن میں میکدۂ فکر و فن میں

ہم رندوں سے رونق ہے ہم درویشوں سے میلے ہیں

جیون کی کومل ابلا کا سوئمبر رچنے والا ہے

آؤ صلائے عام ہے سب کو جتنے بھی البیلے ہیں

خوش قسمت ہیں وہ جو گاؤں میں لمبی تان کے سوتے ہیں (غزل)

خوش قسمت ہیں وہ جو گاؤں میں لمبی تان کے سوتے ہیں

ہم تو شہر کے شور میں شب بھر اپنی جان کو روتے ہیں

کس کس درد کو اپنائیں اور کس کس زخم کو سہلائیں

دیکھتی آنکھوں قدم قدم پر کئی حوادث ہوتے ہیں

دل کی دلی لٹ گئی اس کے ایوانوں میں غدر مچی

خودداری کے مغل شہزادے شہر میں ٹھلیا ڈھوتے ہیں

خوش لحنوں کے لیے گلشن بھی کنج قفس بن جائے تو

جبر کے گن گاتے ہیں یا نغموں میں درد سموتے ہیں

شام نے دن کا ساتھ چھڑایا رات نے دشت میں آن لیا

ایسے سفر میں رہ گیروں پر سانس بھی دوبھر ہوتے ہیں

میں تو اپنی جان پہ کھیل کے پیار کی بازی جیت گیا

قاتل ہار گئے جو اب تک خون کے چھینٹے دھوتے ہیں

دل کے زیاں کا سبب کیا پوچھو ان طوفانوں کو دیکھو

جن کے بھنور ساحل کے سفینوں کو بھی آن ڈبوتے ہیں

پرویزؔ آج نہیں ملتی ہے خم کے بھاؤ تلچھٹ بھی

اس پر طرہ یہ ہے کہ ساقی نشتر طعن چبھوتے ہیں

یہ تجریدی خاکوں کی تصویر گہ ہے (نظم)

یہ تجریدی خاکوں کی تصویر گہ ہے

مرا منہ چڑانے کو دیوار و در پر کئی مسخ پیکر ٹنگے ہیں

مجھے گھورتے ہیں ڈراتے ہیں مجھ کو

میں ان سیدھی‌ الٹی لکیروں کے دام ریا میں الجھ گیا ہوں

بالآخر فسون‌ ریا ٹوٹتا ہے

نگہ ایک تصویر کے چوکھٹے پر لگی چٹ پر آ کر رکی ہے

وہاں اس کی قیمت لکھی ہے

جسے دیکھ کر میں پھر اس پیکر‌ مسخ کو دیکھتا ہوں

جہاں اک بھیانک دہن ہے

جو بد رنگ ماتھے پر پھیلا ہوا ہے

صدا آ رہی ہے

یہ بازار ہے مصر کا

اس میں معیار کی کوئی قیمت نہیں ہے

یہاں ایک انٹی پہ یوسف سے پیغامبر بک چکے ہیں

یہاں بلکہ قیمت ہی معیار ٹھہرے

مزید غزلیں از افضل پرویز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں