نامور افسانہ نگار، شاعر اور جاسوسی ناول نگار ابن صفی کا یوم پیدائش اور یوم وفات
(پیدائش: 26 جولائی 1928ء – وفات: 26 جولائی 1980ء)
——
منتخب کلام:
——
جو کہہ گئے وہی ٹھہرا ہمارا فن اسرارؔ
جو کہہ نہ پائے نہ جانے وہ چیز کیا ہوتی
——
ہمیں تو ہے مئے گل رنگ و گُل رخاں سے غرض
بنائے کفر پڑی کس طرح خدا جانے
بس اتنا یاد ہے ، اسرارؔ وقتِ مے نوشی
کسی کی یاد بھی آئی تھی مجھ کو سمجھانے
——
یہ تشنگی کے لیے خوشبوئے مئے گُلرنگ
سہاگ رات میں ہو بوئے پیرہن جیسے
——
یہ تو جنگل ہے یہاں ہے کون کس کا داد رس
بھیڑئیے نے بھیڑئیے کو پھاڑ کھایا ، بات ختم
——
جو کارواں میں رہے میرِ کارواں کے قریب
نہ جانے کیوں وہ پلٹ آئے اور برہم آئے
——
مکر و ریا ہو مسندِ شاہی کے گرد اگر
صدق و صفا کا پھر تو مقدر صلیب ہے
——
راہ طلب میں کون کسی کا اپنے بھی بیگانے ہیں
چاند سے مکھڑے رشک غزالاں سب جانے پہچانے ہیں
تنہائی سی تنہائی ہے کیسے کہیں کیسے سمجھائیں
چشم و لب و رخسار کی تہ میں روحوں کے ویرانے ہیں
اف یہ تلاش حسن و حقیقت کس جا ٹھہریں جائیں کہاں
صحن چمن میں پھول کھلے ہیں صحرا میں دیوانے ہیں
ہم کو سہارے کیا راس آئیں اپنا سہارا ہیں ہم آپ
خود ہی صحرا خود ہی دوانے شمع نفس پروانے ہیں
بالآخر تھک ہار کے یارو ہم نے بھی تسلیم کیا
اپنی ذات سے عشق ہے سچا باقی سب افسانے ہیں
——
بڑے غضب کا ہے یارو بڑے عذاب کا زخم
اگر شباب ہی ٹھرا مرے شباب کا زخم
ذرا سی بات تھی کچھ آسمان نہ پھٹ پڑتا
مگر ہرا ہے ابھی تک ترے جواب کا زخم
زمین کی کوکھ ہی زخمی نہیں اندھیروں سے
ہے آسمان کے بھی سینے پہ آفتاب کا زخم
میں سنگسار جو ہوتا تو پھر بھی خوش رہتا
کھٹک رہا ہے مگر دل میں اک گلاب کا زخم
اسی کی چارہ گری میں گذر گئی اسرارؔ
تمام عمر کو کافی تھا اک شباب کا زخم
——
بانسری
——
کسی کی صدا
رات کے پرکیف سناٹے میں بنسی کی صدا
چاندنی کے سیمگوں شانے پہ لہراتی ہوئی
گونجتی بڑھتی لرزتی کوہساروں کے قریب
پھیلتی میدان میں پگڈنڈی پہ بل کھاتی ہوئی
آرہی ہے اس طرح جیسے کسی کی یاد آئے
نیند میں ڈوبی ہوئی پلکوں کو اکساتی ہوئی
آسمانوں میں زمیں کا گیت لہرانے لگا
چھا گیا ہے چاند کے چہرے پہ خفت کا غبار
بزمِ انجم کی ہر ایک تنویر دھندلی ہوگئی
رکھ دیا ناہید جھنجھلا کے ہاتھوں سے ستار
ذرہ ذرہ جھوم کر لینے لگا انگڑائیاں
کہکشاں تکنے لگی حیرت سے سوئے جوئبار
یوں فضاؤں میں رواں ہے یہ صدائے دلنشیں
ذہنِ شاعر میں ہو جیسے اک اچھوتا سا خیال
یا سحر کے سیمگوں رخسار پر پہلی کرن
سرخ ہونٹوں سے بچھائے جس طرح بوسوں کے جال
گاہ تھمتی، گاہ سناٹے کا سینہ چیرتی
یوں فضا میں اٹھ، ہوجاتی ہے مدھم ہائے ہائے
شام کی دھندلاہوہٹوں میں دور کوئی کارواں
کوہساروں سے اتر کر جیسے میدانوں میں آئے
——
کبھی قاتِل ، کبھی جینے کا چلن ہوتی ہے
ہائے کیا چیز یہ سینے کی جلن ہوتی ہے
چھیڑیے قصۂ اغیار ہی ، ہم سُن لیں گے
کچھ تو کہئے کہ خموشی سے گھٹن ہوتی ہے
یادِ ماضی ہے کہ نیزے کی اَنّی، کیا کہئے؟
ذہن میں ایسی چُبھن ، ایسی چُبھن ہوتی ہے
پُھول کِھلتے ہی چمن آنکھ سے اوجھل ہو کر
ڈھونڈتا ہے اُسے، جو رشکِ چمن ہوتی ہے
کتنی ہی زہر میں ڈوبی ہوئی رکھتی ہو زباں
پھر بھی وہ نازشِ گل، غنچہ دہن ہوتی ہے
——
یونہی وابستگی نہیں ہوتی
دور سے دوستی نہیں ہوتی
جب دلوں میں غبار ہوتا ہے
ڈھنگ سے بات بھی نہیں ہوتی
چاند کا حسن بھی زمین سے ہے
چاند پر چاندنی نہیں ہوتی
جو نہ گزرے ، پَری وشوں میں کبھی
کام کی زندگی نہیں ہوتی
دن کے بھولے کو رات ڈستی ہے
شام کو واپسی نہیں ہوتی
(ق)
آدمی کیوں ہے وحشتوں کا شکار
کیوں جنوں میں کمی نہیں ہوتی
اک مرض کے ہزار ہیں نباض
پھر بھی تشخیص ہی نہیں ہوتی
……………………..
