حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہوا
لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر
..
پروفیسر عنایت علی خان کا یومِ وفات
26 July 2020
پروفیسر عنایت علی خان 10 مئی 1935ء میں ریاست ٹونک میں پیدا ہوئے۔
….
ہم ان کو لائے راہ پر مذاق ہی مذاق میں
بنے پھر ان کے ہم سفر مذاق ہی مذاق میں
پڑے رہے پھر ان کے گھر مذاق ہی مذاق میں
مزے سے ہو گئی بسر مذاق ہی مذاق میں
ہوا ہے جدے میں جو اک مزاحیہ مشاعرہ
ہم آ گئے خدا کے گھر مذاق ہی مذاق میں
لطیفہ گوئی کا جو رات چل پڑا تھا سلسلہ
ابل پڑے کئی گٹر مذاق ہی مذاق میں
اٹھو کہ اب نماز فجر کے لیے وضو کریں
کہ رات تو گئی گزر مذاق ہی مذاق میں
….
یہاں عنایتؔ آپ کو مشاعروں کی داد نے
چڑھا دیا ہے بانس پر مذاق ہی مذاق میں
….
اب کے تجدید وفا کا نہیں امکاں جاناں
اپنے شوہر کو نہ کر اتنا پریشاں جاناں
تیسرے شعر پہ جاناں نے یہ جھلا کے کہا
یہ کیا بکواس لگا رکھی ہے جاناں جاناں
اور مقطعے پہ جو پہنچا تو تنک کر بولی
میں تو ”پھرجانہ“ ہوں ہوگی تری بہنا جاناں
….
قلم شق ہے کہ کن الفاظ میں شانِ حرم لکھے
یہاں ہیبت سے دل شق ہیں، قلم تو پھر قلم ٹھہرا
جو ہوتا ہم سفر غالب تو میں اُس کو یہ بتلاتا
کہ دیکھا! اس جگہ آکر تمنا کا اگلا قدم ٹھہرا
…..
میں ہمیشہ اپنے سوال شوق کی کمتری پر خجل رہا
کہ تیری نوازش بے کراں نے میری طلب سے سوا دیا
….
ضبط غم نے جسے پلکوں سے نکلنے نہ دیا
اک وہی اشک میرے عشق کا حاصل نکلا
….
سنجیدہ غزل
جوش طوفاں میں بھلا یہ بلبلہ رہ جائے گا
سربلندی کا مگر اک ولولہ رہ جائے گا
ہم نہ ہوں گے بس ہمارا تذکرہ رہ جائے گا
متن مٹ جائے گا باقی حاشیہ رہ جائے گا
رفتہ رفتہ یاد بھی معدوم ہوتی جائے گی
جب قدم اکھڑیں تو کیا یہ نقش پا رہ جائے گا
میں نے سوچا تھا کہ لوٹا دوں اب اس کی یاد بھی
پھر خیال آیا کہ میرے پاس کیا رہ جائے گا
….
ایک خوبصورت نعت
کسی غمگسار کی محنتوں کا یہ خوب میں نے صلہ دیا
کہ جو میرے غم میں گھلا کیا اسے میں نے دل سے بھلا دیا
جو جمال روئے حیات تھا، جو دلیل راہ نجات تھا
اسی راہبر کے نقوش پا کو مسافروں نے مٹا دیا
میں تیرے مزار کی جالیوں ہی کی مدحتوں میں مگن رہا
تیرے دشمنوں نے تیرے چمن میں خزاں کا جال بچھا دیا
تیرے حسن خلق کی اک رمق میری زندگی میں نہ مل سکی
میں اسی میں خوش ہوں کہ شہر کے دروبام کو تو سجا دیا
تیرے ثور و بدر کے باب کے میں ورق الٹ کے گزر گیا
مجھے صرف تیری حکایتوں کی روایتوں نے مزا دیا
یہ میری عقیدت بے بصر یہ میری ارادت بے ثمر
مجھے میرے دعواے عشق نے نہ صنم دیا نہ خدا دیا
تیرا نقش پا تھا جو راہ نما تو غبار راہ تھي کہکشاں
اسے کھو دیا تو زمانے بھر نے ہمیں نظر سے گرا دیا
کبھی اے عنایت کم نظر! تیرے دل میں یہ بھی کسک ہوئی
جو تبسم رخ زیست تھا اسے تیرے غم نے رلا دیا
………………………
