پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد نیّر صاحب کی پہلی طویل نظم ” خاک” پہلی نظمیہ…

شہزاد نیّر صاحب کی پہلی طویل نظم ” خاک” پہلی نظمیہ کتاب ” برفاب” (2006) میں شامل ہے۔
اس کا کچھ حصہ محاذِ سیاچن پر تعیناتی کے دوران لکھا گیا اور باقی بعد میں۔
اس نظم کو مکمل ہونے میں لگ بھگ پانچ سال لگے اور اس کے 9 ڈرافٹ لکھے گئے۔
اس نظم پر بہت سے اہم ادیبوں ، شاعروں ، دانشوروں نے بات کی ہے۔
یہ نظم سیاچن کے برف پوش پس منظر میں امنِ عالم کی بات کرتی ہے۔
کچھ وقت لگ جائے گا پوری نظم پڑھنے میں ، لیکن امید ہے کہ نظم آپ کو مایوس نہیں کرے گی
شہزاد نیر
۔۔۔۔۔۔۔

خاک ( طویل نظم )
۔۔۔۔۔۔
کون ہے؟ کوئی آیا؟
نہیں !
ایک آہٹ۔۔۔۔۔ کہیں دور اوپر
یہ آہٹ ھے یا میری صدیوں سے آواز کی راہ تکتی
سماعت کا اک واہمہ
واہمہ ۔ ۔ ۔ جس کا ہونا بھی امکاں کا اثبات ہے
ال سہارا ہے بے آس دل کے لیے
واہمے اس سے پہلے بھی بنتے رہے
حدِ امکاں میں پھیلے رہے
مٹ گئے
اب نشاں بھی نہیں
خامشی ہے جو موجود ہے دور تک
دونوں جانب ۔ ۔ ۔ جہاں بھی چلوں
اپنے اندر کہ باہر
وہی خامشی برف ہے یا سفیدی میں تجسیم پا کر
کراں تا کراں بے حسی اوڑھ کر
ٹھنڈی سیلن زدہ
بے نیازی سے لیٹی ہوئی خامشی
جس کے دیوی کے سے گیان کے دھیان سے
تُند صدیاں بھی ہولے سے چلتی رہیں
اور اندر اندھیرے میں لپٹی ہوئی
سنگِ اسود کی سِل ، دل کے اوپر پڑی
اتنی بھاری ہلائے سے ہلتی نہیں !
خامشی اک تسلسل ، ازل تا ابد
جس میں لمبا سفر
برف میں روز و شب راکھ ہوتے رہے!
کوئی آہٹ؟ نہیں روشنی ۔ ۔ ۔
روشنی کی صدا؟
روشنی بھی زمان و مکاں کے شکنجے میں جکڑی ہوئی
ایک تتلی کہ اڑنے کو اک ساعتِ نور افروز کی منتظر
سب اضافی ہے
آہٹ ہوئی
اس کی انگلی کو تھامے ہوئے روشنی آ گئی
منجمد ہو گئی !
برف پانی ہوئی ؟
روشنی سے صدا بہتا پانی ہوئی !
میں وہاں تو نہیں
بے صدا اندھی پاتال میں ۔ ۔ ۔
اِس جگہ ایک آہٹ ہے اک روشنی
اور میں ہوں ۔۔
تو سمجھوں کہ میرا سفر کٹ گیا ؟

سرد تیزی سے اوپر کو چڑھتی ہوئی
تنگ،پتھریلی،مڑتی ہوئی رہ گذر
برف میں نوکِ پا سے کِھچا راستہ
رہ گذر بھی ہے کیا
جس جگہ پاؤں پڑ جائے وہ رہ گذر
آب جُو ، جانے کن عجلتوں میں چلی
موڑ مڑتے ہوئے اک ذرا تھم گئی
پھر وہیں جم گئی
اور سفر بھول کر
آفتابی کرن کے سفید انگ میں رنگ بھرنے لگی
نیلی نیلی چٹانوں کے ماتھے سے ڈھلکی ہوئی
نیلمیں چادریں منجمد حسن تھیں
برف قالین پر
ایک اپنی ہی ترتیب میں
پتھروں کے نگینے چمکتے ہوئے
برف کے بوجھ سے سر پہ جھکتی ہوئی چوٹیاں
ناگہاں ، سرد آفت سے سہمی ہوئی نیل گُوں ٹھوس جھیلیں
جمے آبشار ، اک بلندی سے گرتے ہوئے
بیضوی سنگِ مرمر کے اونچے ستونوں کی ہیبت میں جکڑے گئے
سب کے سب نیچے چلتے ہوئے
اور رکتے ہوئے ، گم ہوئے
دھیرے دھیرے بلندی پہ چڑھتی نظر
برف پتھر پہ ہر پل پھسلتے ہوئے تھک گئی
خوشبوؤں ، گھاس پودوں کو کس گرم پاتال میں چھوڑ آئی !
ہوا کی جگہ ٹھنڈ چلتی ہوئی
دھوپ پھیلی مگر ۔۔ بے حرارت بدن کاٹتی روشنی
دھونکنی کی طرح سانس چلتے ہوئے
بھاپ دیتے ھوئے
صرف اپنی حرارت میں لپٹے ہوئے
برف ماحول میں
تھک کے رکتے قدم ، چُور ہوتے بدن
جستجو تھام کر چل پڑے
راستے پاؤں پڑتے رہے
برف دبتی رہی ، اور بڑھتی رہی !

گڑگڑاہٹ ھوئی
بامِ کہسار سے، سرد لاوے کے مانند بہتی
سماعت کی چھلنی سے ہوتے ہوئے
دل تک آئی تو دل جم گئے
گڑگڑاہٹ کے پہلو میں بہتے ہوئے
برف ، پانی ، ہوا
اپنی قاتل مزاجی کے پیچھے چلے
نیچے آتے ہوئے ، رہ بدلتے ہوئے
کوہ پر خوف سے سرد رستہ بناتے
غضب ناک تیزی سے پتھر بہاتے ہوئے
سرد طوفان کی خوف ناکی میں سب حوصلے بہہ گئے
سر نے سوچا پہاڑ آگرا
اس میں ذرے کی وقعت ہی کیا
دفعتا کوہ کے سرد سینے کی سلوٹ سے
لاکھوں ٹنوں کی قیامت کا رخ پِھر گیا
خوف سے زرد اور سرد چہرے ہلے
آنکھیں اوپر گئیں ، اور نیچے گئیں
شوکتی ، چیختی ، نیچے گرتی قیامت سمٹنے لگی
برف ٹیلہ بنی
دل دھڑکنے لگے
خوف سے منجمد پاؤں چلنے لگے
جستجو آنکھ کو رہ دکھاتی رہی
برف بڑھتی رہی

برف دھرتی کے سینے پہ ٹھوڑی دھرے
دھیمی دھیمی حرارت سے باتیں کرے
ہلکی ہلکی حرارت
زمیں کی ازل سے چُرائی ہوئی آگ کی یاد میں
اک تسلسل سے اُٹھتی ہوئی
اپنے من میں بھرے
میٹھی میٹھی حرارت سے باتیں کرے
تھوڑی پگھلے
محبت بھرے لمس سے کچھ بہے
اور سرگوشیوں میں کہے ، کچھ کہے
آس رکھے سفر ، ایک لمبے سفر کی
ارادہ کرے انجمادی فضا سے رہائی کا
اور گرم دھرتی کے سینے پہ بہنے کی، رہنے کی دُھن میں
امیدوں بھرے گیت گاتی پھرے
نقطہء منجمد سے حرارت جو اوپر اٹھے
تو روانی مسرت بنے
اُس میں بہنے لگے، اک انوکھے سفر پر چلے
جن کو دیکھا نہیں اُن زمینوں کی جانب بہے
کوہ کاٹے ، چٹانوں میں رستہ بنائے
اُمنگوں سے لہرا کے، بل کھا کے چلتی رہے
نیچے اترے تو میدان میں دھیرے دھیرے چلے
جنگلوں سے گذر ہو تو شاخوں کو چومے
اُنھیں حسن بخشے
بڑھے ، ریگ زاروں کو جائے
تو پانی کو ترسی ہوئی آنکھ کو گُدگُدائے
مسرّت بنے، خوش کرے اور خوش ہو
وہیں جذب ہو
ننھے پودوں کی نازک جڑوں میں رہے
سبز پتّوں میں آئے، اُڑے، روپ بدلے
سفر ہو ، تبدّل ہو
یوں منجمد زندگی آشنائے تغیّر ہو
ہلچل ہو ، آواز ہو
کب تلک برف بن کر جمی ہی رہوں
کیوں نہ پانی بنوں اور روانی بنوں
میرے سورج ، مرے دیوتا !
کچھ حرارت ملے
نقطہء منجمد سے میں اوپر اٹھوں، میں چلوں
میرے سورج ، مرے دیوتا !
دیکھ میری طرف
میں بھی پانی ہوں لیکن روانی نہیں
مجھ کو موسم نے لمبی اسیری میں رکھا ہوا ہے
مری اصل پانی ۔ ۔ ۔ مرے دیوتا !
بھاپ ، بادل ، ندی ، سب مرے روپ ہیں
میں بھی پانی ہوں لیکن روانی نہیں
میرے سورج ذرا مجھ پہ آنکھیں جما
دیکھ مجھ کو
پگھلنے کی حسرت میں کب سے پڑی ہوں
اے سورج ترے بن تو کچھ بھی نہیں
میں نہیں، سبز پتّے نہیں، میری دھرتی نہیں
تیری گرمی نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں

” وہ رہا ”
بھاپ نکلی ، وہیں جم گئی
” ہاں وہی ہے ، وہی ”
” ہم نے آخر سرا اس کا پا ہی لیا
کتنی دشواریوں میں چلے
ہر قدم پر بلندی بڑھی
سانسے لینے میں تکلیف ہو
جتنا اونچے چڑھو ، اُتنی مشکل بڑھے ”
” جستجو تھی تمہیں
دیکھ لو مبتدا
بہتے پانی کا ماخذ جمی برف ہے
یہ جو میلوں پہ پھیلی ہوئی برف ہے
ایک ہی جسم ہے
جو کہستاں کے پہلو سے پیدا ہوا
اور بڑھنے لگا پھر کھسکنے لگا
خاص نقطے پہ آکر پگھلنے لگا
جوفِ دریا بنا اور پانی بہا
برف گرتی رہی ، وقت ٹھہرا رہا
ان گنَت سال سے ایک جاری عمل
برف گُھلتی رہے ،کچھ کھسکتی رہے
سال بھر میں فقط چند پوریں
جسے ماپنا کارِ دشوار ہے
جوفِ دریا کو دیکھو
جو پتھر یہاں آج نکلا ہے وہ سینکڑوں سال پہلے
کُہِستاں کے تن سے جدا ہو گیا تھا
کھسکتے ہوئے ، برف کے ساتھ چلتے ہوئے
آج نکلا یہاں
کتنا لمبا سفر ہے زماں در زماں
کتنی چھوٹی مسافت مکاں در مکاں ”
” دیکھو دیکھو وہاں ، جوفِ دریا کے اوپر
کوئی چیز دِکھنے لگی”
” ہاں کوئی چیز ہے، آؤ دیکھیں سبھی ”
” اُف خدا ! یہ تو انسان ہے ”
” ابنِ آدم کا یہ منجمد جسم
صدیوں سے ٹھنڈے شکنجے میں تھا
آؤ ، کھینچو ذرا
ٹھنڈے دوزخ سے ہم سب نکالیں اسے
گرم دھرتی کے سینے پہ ڈالیں اسے ”

جسم ٹھنڈی سفیدی میں جکڑا ہوا
جسم اکڑا ہوا
ریشے ریشے سے ٹھنڈک ابلتی ہوئی
خون پتھر ہوا
خشک لکڑی سی اکڑی ہوئی انگلیاں
ہونٹ یاقوت کی مجنمد ٹکڑیاں
برف چہرے پہ بے جان آنکھیں جمیں
باز پلکوں میں دو منجمد پُتلیاں
پُتلیوں میں کئی حیرتیں منجمد
جسم ، سردی کے اژدر کا نگلا ہوا
کتنی صدیوں کی برفوں کا اُگلا ہوا
ٹھنڈ کے زہر سے نیل گوں
منجمد پارہء سنگ تھا ، بے لچک
جیسے اُس میں کبھی جوڑ تھے ہیں نہیں !

جسم محفوظ ہے
برف شیشہ کہیں کرچیوں میں بٹا
برف برزخ ہے چیزیں بدلتی نہیں
وقت سے ماورا
اس میں چیزوں کی ہیئت زمانوں تلک ایل جیسی رہے
قرن ہا قرن پہلے کے آثار سب
جوں کے توں ہیں ہمارے لیے
برف کھڑکی ہے بیتے دنوں کی طرف
اس کا ملبوس تو عہدِ جنگ و جدل میں
تحارب کی پوشاک ہوتا تھا۔ ۔ ۔ ۔
ہاں ، عسکری تھا یہ عہدِ گذشتہ کا
جو اک ریاست کی جانب سے لڑتے ہوئے
برف حملے میں اک روز مارا گیا
یہ خموشی ، یہ اس کا تقدس
ہواؤں کی پاکیزگی دیکھتے ہو ؟
یہاں خون کا شور تھا ، باس بارود کی
جس پہ ماحول کا موڈ بگڑا ، ہواؤں نے نالہ کیا
اور موسم کے نتھنے سیہ ہو گئے !
عسکری ۔ ۔ خوئے غارت گری کے نشاں
دستِ فطرت میں بے بس کھلونے
چٹانوں پہ گرتے ہوئے
جا بہ جا ٹوٹتے پھوٹتے ۔ ۔ ۔

وہ ریاست قدیمی تھی
اُس عہد کو
عہد جنگ و جدل نام دیتے ہیں اب
کیا وہ انسان جوش تحارب میں برفوں پہ بھی آ لڑے؟
جنگ نفرت ہےاور نفرتیں آگ ہیں
جنگ سنیوں میں بھڑکے تو برفاب بھی
شعلگی کی تپش کو بڑھانے لگے
جنگ جھوٹی اناؤں کے
خونیں مفادات کے سرخ شعلوں میں جلتے ہوئے ذہن کا
اندھی طاقت جمانے کی مسموم سوچوں میں
لتھڑا ہوا فیصلہ
جس کی توثیق انسان کے خوں سے ہوتی رہی
اختیار اور طاقت کو اپنی حدوں سے
زمیں کے کناروں تلک لے کے جانےکے اندھے جنوں میں
لہو کی طرح پھیلتا فیصلہ تھا !

اُسی عہد خوں میں
وہ عہد جنوں تھا
عناصر کو تسخیر کرنے کے بعد
آدمی ، آدمی کو مٹانے لگا
اور صدیوں تلک
آگ لوہے کے اس کھیل میں آپ مٹتا رہا
عقل منطق اور انسانیت سے تہی
خون آلوداس جنگ کے دور میں
چند خونی جنونی
کہ جو امن کومقتدر رہنے کا ایک لفظی وسیلہ بناتے رہے
کیا عجب جنگ کو برف زاروں میں بھی لے گئے
یوں تواریخ میں ایسا لکھا ہوا ہے
کئی سال تک
دو قدیمی ممالک کی فوجیں
اِنھی برف زاروں میں لڑتی رہیں
آمنے سامنے
خود کو موسم کی زد سے بچاتے ہوئے
برف کو سرخ کرتی رہیں
جن پہ موسم نے پیچھے سے حملہ کیا
وہ وہیں جم گئے !
ایک موسم یہاں سال بھر
برف ، سردی ، ہوا
رات پُھنکارتی ، روز سورج بِنا
نقطہء منجمد کے تلے جنگ لڑنے کو
بارود اور خاص ملبوس لے کریہاں آگئی تھیں
اُسی عہدِ خوں میں
معاشی تنزّل کی یلغار میں
جنگ اور اس کے اسباب کتنے قوی !
ایسے ملبوس میں عسکری
عہدِ جنگ و جدل کی پرانی نشانی ، جسے
برف نے داستانیں سنانے کو رکھا ہوا ہے
امیں برف نے اپنے سینے میں کھڑکی نکالی
کہ جھانکیں ذرا
گیلی آنکھوں سے ماضی کے آنگن میں ہم !

حکم اندھے تھے، بہرے تھے ، گونگے نہ تھے
سرد احکام کی پیروی فرض تھی
ایک برفانی چوٹی
جو گہری خموشی کے پُرتمکنت سرد استھان پر
سُرمئی بادلوں کی ردا اوڑھ کر
حدّتوں سے پرے
برف جذبوں کا آسن جمائے
بدن کے نشیبوں فرازوں پہ اک نیل گُوں
برف چادر لپیٹے
زمانوں سے ٹھنڈی عبادت میں گم تھی
اُسے دھیان کے اونچے استھان سے کھینچنے
دیو مالائی چپ کے قدیمی تسلسل کو
” تڑ ، تڑ ” سے تاراج کرنے جو ہم
چار ساتھی چلے
چاروں جسموں کو رسی سے باندھا گیا
جسم چلنے لگے ، چیخ اُٹھی ہوا
خامشی پاؤں کی ٹھنڈی ” کڑ ، کڑ ” سے پامال ہونے لگی
برف رونے لگی
برف کا اژدہا
جا بہ جا ، اپنے جبڑوں کو کھولے
پہاڑوں کے پیروں سے لپٹا ہوا تھا
زمیں برف تھی ، آسماں برف تھا
اور ہوا برف کی دھول کا روپ تھی
پہلے سورج ٹھٹھرتا رہا
اور پھر ڈر کے مارے کہیں چھپ گیا
جس پہ موسم نے یک دم نظر پھیر لی
شُوکتی ، چیختی ، تُند ، خونیں ہوا
برف کی ریت کو مٹھیوں میں بھرے
بھاگنے لگ پڑی
برف آلود جھکّڑ میں بھیلا ہوا نقرئی جُھٹپٹا
رات سے بڑھ کے وحشت سمیٹے ہوئے
ہر قدم پر کئی میل گہری دراڑوں کا خطرہ تھا ، پر
جسم چلتے رہے
سب سے آگے مرا جسم تھا ۔ ۔
ہر قدم پر لپٹتی رہی ماندگی
بے ڈگر ، برف صحرا کی یخ ریت میں
پاؤں دھنستے رہے
پاؤں ٹوٹے تو نکلا نیا راستہ
برف ، قدموں میں پھیلی ہوئی موت تھی
برف دلدل میں اک موت پرور سفر
سوچ قدموں کے رُخ سے بندھی
جان گُھٹنوں میں سمٹی ہوئی ، روح جمتی ہوئی
خوف کے دشت میں لاش چلتی ہوئی
جسم رک جائے تو ذہن چلتا رہے
فاصلہ پاؤں کے ساتھ بڑھتا رہے
پا شکستہ ، پیادہ کوئی جیسے صدیوں ہی چلتا رہے
بے ارادہ ، جہاں برف راہوں پہ گہری دراڑوں کا دھڑکا تھا
اور سب سے آگے مرا جسم تھا
چشمِ فطرت مری تاک میں تھی
وہ پَل آگیا ۔ ۔ ۔
خوف کا لاؤ لشکر جِلو میں لیے ۔ ۔
جیسے تقدیر کی زد پہ تدبیر ہو
آئنے کی طرح برف ٹوٹی
زمیں پاؤں کو چھوڑ کر گر پڑی
جسم ٹھنڈے کنویں میں معلق ہوا
پینڈُلَم کی طرح جھولنے لگ پڑا
وقت کے دشتِ مبسوط کی سلوٹؤں سے
کوئی چوکڑی بھر نہ پایا بدن
وقت کی گہری کھائی کی پہنائیوں میں گرا
لامکاں میں مکاں منجمد ہو گیا ، وقت چلتا رہا
میری تدبیر ، رسی مری
تین جسموں کی تقدیر بننے لگی
ساعتِ تُند کی زد پہ آکر
وہ تینوں پھسلنے لگے گہری کھائی کی جانب
کہ لمحہ بڑھا ، فیصلہ کر گیا
ہاتھ رسی پہ چاقو چلانے لگا
جسم ٹھنڈے اندھیروں میں گرتے ہوئے
آڑی ترچھی ڈھلانوں پہ بہنے لگا
جانے کتنی یُگوں تک ، میں گرتا رہا
اور جب میں رُکا ، وقت میں دھنس گیا
برف کے غار میں جا گرا
جس میں سارے زمانے تھے گم ۔ ۔
خاک وقفِ زِمِستاں ہوئی
سرد خانے میں صدیوں کی تاریکیاں منجمد
سانس روکے کھڑی تھیں
میں پتھر ہوا ، خوف سے جم گیا
یخ زدہ ۔ ۔ ۔
برف کی چھت تلے ، برف کے فرش پر
برف دیوار سے لگ کے بیٹھا رہا
برف پاروں میں آنکھیں پروتا رہا
گرمیِ جسم ، یخ کے خرابے میں تھی
برف کی آڑ میں چھپ کے بیٹھے ہوئے
وقت کے سِحر سے ، خاک جمنے لگی
خانہء برف ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بیتِ اجَل
بے وفا دستِ فطرت کی تخلیق تھا
آدمی اور فطرت کی بنتی نہیں
لاکھ کوشش کریں
چشمِ فطرت میں لیکن ازل سے وہی سردمہری رہے
لوگ فطرت کی فطرت کہاں پا سکے !
شش جہت برف ہی برف تھی
سب زماں و مکاں ، لازماں ، لامکاں برف تھے
برف کالی رداؤں میں مستور تھی
پھر بھی موجود تھی
ٹھنڈ تاریکیوں میں گھلی
گہرے سنّا ٹے کی دھند اوڑھے ہوئے
چار جانب کھڑی تھی
اندھیرے کی بے اعتنا اوٹ لے کر چلی
میری جانب بڑھی
منجمد وقت کی کالی چادر پہ
سانسوں کی سہمی ہوئی دھند جمنے لگی
دور نیچے کہیں پانی بہنے کی آواز سے
منجمد وقت کو کچھ تحرّک ملا
بے ارادہ مرا جسم اُٹھا اور اوپر کو چڑھنے لگا
پاؤں پھسلا تو نیچے گیا
جمتے کانوں میں آواز اُتری ، : سنو !
ہم نے کھائی میں رسے کو پھینکا ہے
تم دونوں ہاتھوں سے پکڑؤ اسے ”
میں نے برفوں کے اوپر ٹٹولا
مگر ہاتھ ناکام ، خالی پلٹ آئے
رسّا نہیں ، زندگی کھو گئی !
” میں بہت دور ہوں ، اور نیچے کرو ”
” یہ تو چھوٹا ہے، تم تک نہیں آسکا ”
۔ ۔ ۔ ۔ یہ اجل کے فرشتے کی آواز تھی !
موت یخ بستگی ، ریڑھ ہڈی سے ہو کر گذرنے لگی
زندگی کا سرا میرے جمتے ہوئے ہاتھ سے دور تھا
دور اتنا کہ جیسے ازل سے ابد ، آسماں سے زمیں !
آنچ امید کی سرد ہونے لگی
یاس ٹھنڈے اندھیروں میں گُھلنے لگی
میرے ساتھی مرا نام لیتے رہے
آخری بات کرتے رہے
میں وصیت بتاتا رہا
کچھ سلام آخری ، کچھ پیام آخری
اپنے پیاروں کو دیتا رہا !

اے اجل سن ذرا
برف کے روپ میں چار جانب کھڑی
بے مروت اجل ، سن ذرا !
میں نے جی بھر کے بچوں کو دیکھا نہیں
گھر کو سینچا نہیں
عسکری زندگی
ہجر ، مجبوریوں ، دوریوں اور تنہائیوں کا
نفَس در نفَس پھیلتا سلسلہ
کرب آمیز ایام کے ، برف راتوں کے
جبڑوں میں جکڑی ہوئی خواہشوں کی سسکتی صدا
روز جینے کی ، مرنے کی اک داستاں ۔ ۔ عسکری زندگی
عسکریّت فقط ایک پیشہ نہیں
زندہ رہنے کا یکسر جدا ڈھنگ ھے
ضابطوں کی جکَڑ اتنی مضبوط ھے
سانس رکنے لگے
دیکھنا کچھ نہیں ، کچھ بھی سننا نہیں
ماسوا حکم کے !
میں لڑکپن سے نکلا تو پکڑا گیا
نرم ہاتھوں سے میں کُھردرے سخت ماحول میں آگیا
مجھ کو مِسمار کر کے نئے ڈھنگ سے پھر بنایا گیا
عسکری تربیت ، ٹوٹنے اور بننے کا اک جان لیوا عمل
اک نئے طور سے میرا پیکر بنا
سر پہ بارِ گراں اور کاندھوں پہ دھاتی ستاروں کے ملبوس
اوامر ، نواہی ، فرائض
شب و روز سانچے سے ہو کر گذرنے لگے
حکم سنتے رہو ، حکم دیتے رہو
سوچنا کچھ نہیں !
کیسا ماحول ھے
اے اجل ! چار سو آگ ہے
جس کے پردے میں عفریت
جلتے ہوئے خون کی باس نتھنوں میں بھر کر چلے
بستیوں میں پھرے اور چاہے
اگر حکم دے دوں تو تعمیل کو بجھتے ملبے سے
لبّیک کی اونچی اونچی صدائیں اٹھیں!
آگ ، فولاد نے مل کے ایسی تباہی مچائی ھے
تُو بال کھولے ہر اک گھر کی دہلیز پر
چیختی ، ناچتی ہے
اجل ! سن رہی ہے؟
ترے مشورے ہی پہ
گندُم کے دانُوں سے بڑھ کر
بَموں ، گولیوں اور گولوں کے انبار لگتے رہے
بُھوک روتی رہی
برف زاروں کو جنگ و جدل چل پڑے
گُولیاں اور بدن سرد ہوتے رہے !
اے اجل !
میں نے جی بھر کے بچوں کو دیکھا نہیں
گھر کی دھڑکن کو تر سے ہوئے کان جمنے لگے
میری دھڑکن میں تُو گھر کی دھڑکن ملا !
کچھ سلام آخری ، کچھ پیام آخری
اپنے پیاروں کی خاطر لکھاتا رہا
میری ماں اور بہنیں ، مری آنکھ میں بَین کرتی رہیں
یاد ، آنکھوں کے گُوشُوں میں جمنے لگی
خُونی یخ بستگی مُجھ پہ چھانے لگی
آس ہی ایک شُعلہ تھا، بجھنے لگا
موت ۔۔۔۔ سردی، حرارت ۔۔۔۔۔ حیات آفریں
سانپ سردی چلے ، یخ گُزیدہ بدن کو ڈسے
ریزہ ریزہ چُنے زندگی
ہُونٹ پتھر ہوئے
اور صدا برف کے غار میں جم گئی
سوچ بھی سُن ہوئی
ٹھنڈ نیلے بدن سے حرارت کی قاشیں نگلنے لگیں
خُون جمنے لگا ، سانس رُکنے لگی
برف پنجرہ بنی، جسم قیدی ہوا
برف کی کان میں برف ہوتا رہا
اور صدیاں خمُوشی سے چلتی رہیں
وقت کی مہربانی سے اُبھرا ہوا میں
مہربانی کرو
گرم آغوش دھرتی کی دے دو مُجھے
ایک مٹی کی چادر ہی لے دو مُجھے!

مُنجمد عسکری
خامشی کی زباں میں عجب داستانیں سُناتا رہا
برف روتی رہی
اپنے زخموں بھرے سُرخ ماضی کی یادیں پِروتی رہی
اپنی خاموشیوں کے حسیں تن سے چمٹے ہوئے
تیز بھالوں کی آواز کے زخم دھوتی رہی
صاف ، ٹھنڈی ہواؤں میں گُھلتی ہوئی
باس بارود کی ماند پڑتی رہی
سنگ آنکھوں سے آنسُو ٹپکتے رہے !

ایک عرصے تلک
برف کی اُجلی چادر پہ بارود کے کالے دھبے رہے
اُس میں ” دَن دَن ” کا ” تَڑ تَڑ ” کا اک زہر تھا
اُس کے پانی میں بارود تھا ، خُون تھا ، نفرتیں تھیں
جو دریاؤں میں بہہ کے کھیتوں تک آئیں تو اُگنے لگیں
ضرب کھاتے ہوئے شر گُزیدہ بشر کے بدن میں گُھلِیں
سُوچ میں جا بسیں
خُون کَھولا تو جنگیں ہوئیں
اختِتَامِ صدی کے کسی سال میں
برف زاروں میں پھر رزم گاہیں سجیں
اِک عجب جنگ تھی
جس میں دُنُوں طرف ہی سے انسان تھے !
سر کشیدہ پہاڑوں پہ افلاک سے
آگ ، فولاد کی ایسے بارش ہوئی
برف رو رو کے پانی ہوئی
سنگ اُڑنے لگے ، رنگ جھڑنے لگے
حیرتوں میں دبی چوٹیوں نے فلک کو جو دیکھا
تو گُھٹنوں پہ سر رکھ کے رونے لگیں
اک لڑائی جو تاریخ میں ایسے مرقوم ہے
پُوری دنیا میں بالا تریں اور بَارِد تریں
بے شجر ، بے ثمر منطقہ
بے ضرورت لڑائی کا کا میداں رہا !

مُنجمد جسم چلنے لگا
گرم مٹی کی چادر کی چاہت میں کِھنچتا ہوا
جُھولتا ، جُھومتا ، چار شانوں پہ چلنے لگا
قیدِ یخ سے رہائی ملی
خاک حدت کی جانب چلی !

خاک لمسِ ازل سے آبد گیر سُر میں بجی
ماورا سے ورا
لازماں ، لامکاں کی حدوں سے پَرے تان اُڑتی گئی
بندِ آفاق تھامے ، زمان و مکاں دیکھتے رہ گئے !
گردشِ وقت رُکتی نہیں
بے نیازی پہ کیا ناز برداریاں !
برف کلیاں سجی ، چادرِ وقت بھی چھید رکھتی تو ہے !
مُنجمد وقت کے سرد پھیلاؤ میں عکسِ یخ قید ہو
خاک وقفِ زمستان رہے
غرق آشوبِ برفاب ہو
خاک پھر خاک ہے
حدتِ اندروں ، یخ سے مرتی نہیں
روز و شب کے تسلسل کی گرہیں جلیں
خاک چلنے لگی
برف پرور فضاؤں میں باندھی گئی
خلوتِ یخ کے سکتے سے
خاکی حرارت کی آواز کی باس چُھونے لگی
رنگِ ابیض میں پھیلی خُنُک دھوپ سے
جب دھنک روپ بھرنے چلی
خاک اُڑنے لگی
رنگ بدلے ہوئے تھے
ہوا کی سلاسل کٹی تھیں
لکیروں کی لاشیں پڑی تھیں ، کوئی رونے والا نہیں
ذہن کی خون آلود دیواریں مسمار تھیں
سرد اَحکام ملبے تلے
بستیوں میں پرندے تو آزاد تھے
اور فولاد و آتش ۔۔۔۔۔۔ غلام آشتی کے
عجائب گھروں میں دھرا اسلحہ
عہدِ رفتہ کا کڑوا کسیلا سا قصہ
یہاں سے وہاں، خاک حیرت کُناں دیکھتی تھی
کہ دھرتی کے ملبُوس کے رنگ گہرے
حیات امن کی گُود میں کھیلتی تھی
حرارت سے خوشبو چُراتے ہوئے
خاک رنگُوں کی جانب چلی
انتظار ، آس چُھونے لگا
دائمی خاک سے خاک ملنے چلی
مادرانہ تَرَنُّم سے دھرتی کی آغوش وا ہوگئی
مادری بے قراری حرارت کی گرمی میں گُھلنے لگی
گرم آسودگی
رنگ و راحت لطافت ہوئے
ذرے ذرے میں گُھلنے لگی
خاک اُڑنے لگی !!

شہزاد نیر
طویل نظم مشمولہ ” برفاب ” مطبوعہ 2006 ،