پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔…

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بسملؔ عظیم آبادی
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے
اے شہید ملک و ملت میں ترے اوپر نثار
لے تری ہمت کا چرچا غیر کی محفل میں ہے
وائے قسمت پاؤں کی اے ضعف کچھ چلتی نہیں
کارواں اپنا ابھی تک پہلی ہی منزل میں ہے
رہرو راہ محبت رہ نہ جانا راہ میں
لذت صحرا نوردی دورئ منزل میں ہے
شوق سے راہ محبت کی مصیبت جھیل لے
اک خوشی کا راز پنہاں جادۂ منزل میں ہے
آج پھر مقتل میں قاتل کہہ رہا ہے بار بار
آئیں وہ شوق شہادت جن کے جن کے دل میں ہے
مرنے والو آؤ اب گردن کٹاؤ شوق سے
یہ غنیمت وقت ہے خنجر کف قاتل میں ہے
مانع اظہار تم کو ہے حیا، ہم کو ادب
کچھ تمہارے دل کے اندر کچھ ہمارے دل میں ہے
مے کدہ سنسان خم الٹے پڑے ہیں جام چور
سرنگوں بیٹھا ہے ساقی جو تری محفل میں ہے
وقت آنے دے دکھا دیں گے تجھے اے آسماں
ہم ابھی سے کیوں بتائیں کیا ہمارے دل میں ہے
اب نہ اگلے ولولے ہیں اور نہ وہ ارماں کی بھیڑ
صرف مٹ جانے کی اک حسرت دل بسملؔ میں ہے
………
بسمل عظیم آبادی​
(سیّد شاہ محمد حسن عرف چھبو)​
**************
اس غزل کی شہرت رام پرساد بسمل کی وجہ سے ہی ہے، تاہم محققین نے اس حقیقت کو آشکارا کرنے کی کوشش کی ہے کہ اس کے مطلع کے خالق رام پرساد بسمل نہیں بلکہ اس کے خالق شاعر بسمل عظیم آبادی تھے اور ان کے مجموعہ کلام حکایت ہستی میں بقیہ کچھ مختلف ابیات کے ساتھ موجود ہے۔ مگر رام پرساد بسمل نے بھی اسی مطلع کو لے کر اسی زمین پر نظم کہی تھی۔ اور آخری ایام میں آخری دم تک ان کا ورد زباں رہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رام پرساد بسمل شاہجہانپوری کی نظم درجہ ذیل ہے ملاحظہ فرمائیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے
کیوں نہیں کرتا ہے کوئی دوسرا کچھ بات چیت
دیکھتا ہوں میں جسے وہ چپ تیری محفل میں ہے
اے شہید ملک و ملت میں ترے اوپر نثار
اب تیری ہمت کا چرچہ غیر کی محفل میں ہے
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
ساحل مقصود پر لے جا چل خدارا ناخدا
اپنے ارمانوں کی کشتی بڑی مشکل میں ہے
اب نہ اگلے ولولے ہیں نہ ارمانوں کی بھیڑ
اب تو مٹ جانے کی حسرت اس دلِ بسمل میں ہے
وقت آنے دے بتا دیں گے تجھے اے آسمان
ہم ابھی سے کیا بتائیں کیا ہمارے دل میں ہے
کھینج کر لائی ہے سب کو قتل ہونے کی امید
عاشقوں کا آج جمگھٹ کوچہِ قاتل میں ہے
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
ہے لئے ہتھیار دشمن تاک میں بیٹھا ادھر
اور ہم تیار ہیں سینہ لئے اپنا ادھر
خون سے کھیلیں گے ہولی گر وطن مشکل میں ہے
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
راہ روئے راہِ محبت رہ نہ جانا راہ میں
لذتِ صحرا نوردی دوری منزل میں ہے
ہاتھ جن میں ہو جنوں کٹتے نہیں تلوار سے
سر جو اٹھ جاتے ہیں وہ جھکتے نہیں للکا ر سے
اور بھڑکے گا جو شعلہ سا ہمارے دل میں ہے
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
ہم جو گھر سے نکلے ہی تھے باندھ کے سر پہ کفن
جاں ہتھیلی پر لئے، لو لے چلے ہیں یہ قدم
زندگی تو اپنی مہماں موت کی محفل میں ہے
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
یوں کھڑا مقتل میں قاتل کہہ رہا ہے بار بار
کیا تمنا ئے شہادت بھی کِسی کے دِل میں ہے
دل میں طوفانوں کی ٹولی اور نسوں میں انقلاب
ہوش دشمن کے اڑا دیں گے ہمیں روکو نہ آج
دور رہ پائے جو ہم سے دم کہاں منزل میں ہے
جسم بھی کیاجسم ہے جس میں نہ ہو خونِ جنوں
طوفانوں سے کیا لڑے جو کشتیِ ساحل میں ہے
سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے
دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے
عام طور پر یہ نظم مولانا ظفر علی خان (1873ءتا1956ء) کےنام سے منسوب کی جاتی ہے لیکن اصل میں یہ ایک گمنام شاعر رام پرساد بسمل شاہجہانپوری کی نظم ہے۔انہوں نے ایک مذہبی گھرانے میں آنکھ کھولی تھی ۔ ہوش سنھبالنے کے بعد دل ودماغ میں یہی تڑپ تھی کہ برطانیہ کی غلامی سے آزاد ہونا چاہیے۔ 1916ء میں ان کا رابطہ انہی خیالات کے حامل نوجوانوں کے ایک گروہ سے ہوا۔1918ء میں "مین پوری”سازش کے اہم واقعہ میں بسمل بھی شریک تھے 9اگست 1925ء کو انہوں نے کاکوری (لکھنو کا ایک مشہور قصبہ)ٹرین کی واردات میں حصہ لیا یہ سیاسی نوعیت کی واردات تھی۔ گرفتار ہوئے، مقدمہ چلتا رہاآخر19دسمبر1927ءکوبسمل شاہجہانپوری کو سزاموت دے دی گئی۔
رام پرساد بسمل شاہجہانپوری سیاست کے علاوہ شعروادب کابھی ذوق رکھتےتھے۔ مقدمے کےدوران ان کی کئی نظمیں مشہور ہوئیں، حکام نے ان کے کلام پر پابندی عائد کردی۔ زمانےکی دست وبرد سے یہی محفوظ نظم ہے اس کے ابتدائی چار شعر اورمقطع”بندے ماترم” نامی رسالہ میں اور بقیہ اورمقطع 1929ء میں "پشپانجلی”میں شائع ہوئے تھے۔
یہ نظم سب سے پہلے1965میں منو ج کمار کی فلم ’’ شہید آن دا لائف ‘‘ بھگت سنگھ میں‌شامل کی گئی تھی۔دوبارہ اسے کچھ مزید اشعار کے ساتھ 2002میں ہندی فلم ’’ لیجنڈ بھگت سنگھ ‘‘ میں‌شامل کیا گیا اس کے بعد 2006 میں اس کی سطور ’’ رنگ دے بسنتی ‘‘ میں استعمال کی گئیں،اور یہی نظم ایک بار پھر 2009 میں اورنگ کاشیاپ کی فلم ’’ گلال ‘‘ میں شامل کی گئی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مزید پڑھیں: بسمل عظیم آبادی کی غزلیں — Bismil Azimabadi Ghazals کی مزید غزلیں