پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بسمل عظیم آبادی کی غزلیں — Bismil Azimabadi Ghazals

بسمل عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے (غزل)

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے

دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے

اے شہید ملک و ملت میں ترے اوپر نثار

لے تری ہمت کا چرچا غیر کی محفل میں ہے

وائے قسمت پاؤں کی اے ضعف کچھ چلتی نہیں

کارواں اپنا ابھی تک پہلی ہی منزل میں ہے

رہرو راہ محبت رہ نہ جانا راہ میں

لذت صحرا نوردی دورئ منزل میں ہے

شوق سے راہ محبت کی مصیبت جھیل لے

اک خوشی کا راز پنہاں جادۂ منزل میں ہے

آج پھر مقتل میں قاتل کہہ رہا ہے بار بار

آئیں وہ شوق شہادت جن کے جن کے دل میں ہے

مرنے والو آؤ اب گردن کٹاؤ شوق سے

یہ غنیمت وقت ہے خنجر کف قاتل میں ہے

مانع اظہار تم کو ہے حیا، ہم کو ادب

کچھ تمہارے دل کے اندر کچھ ہمارے دل میں ہے

مے کدہ سنسان خم الٹے پڑے ہیں جام چور

سرنگوں بیٹھا ہے ساقی جو تری محفل میں ہے

وقت آنے دے دکھا دیں گے تجھے اے آسماں

ہم ابھی سے کیوں بتائیں کیا ہمارے دل میں ہے

اب نہ اگلے ولولے ہیں اور نہ وہ ارماں کی بھیڑ

صرف مٹ جانے کی اک حسرت دل بسملؔ میں ہے

تنگ آ گئے ہیں کیا کریں اس زندگی سے ہم (غزل)

تنگ آ گئے ہیں کیا کریں اس زندگی سے ہم

گھبرا کے پوچھتے ہیں اکیلے میں جی سے ہم

مجبوریوں کو اپنی کہیں کیا کسی سے ہم

لائے گئے ہیں، آئے نہیں ہیں خوشی سے ہم

کمبخت دل کی مان گئے، بیٹھنا پڑا

یوں تو ہزار بار اٹھے اس گلی سے ہم

یا رب! برا بھی ہو دل خانہ خراب کا

شرما رہے ہیں اس کی بدولت کسی سے ہم

دن ہی پہاڑ ہے شب غم کیا ہو کیا نہ ہو

گھبرا رہے ہیں آج سر شام ہی سے ہم

دیکھا نہ تم نے آنکھ اٹھا کر بھی ایک بار

گزرے ہزار بار تمہاری گلی سے ہم

مطلب یہی نہیں دل خانہ خراب کا

کہنے میں اس کے آئیں گزر جائیں جی سے ہم

چھیڑا عدو نے روٹھ گئے ساری بزم سے

بولے کہ اب نہ بات کریں گے کسی سے ہم

تم سن کے کیا کرو گے کہانی غریب کی

جو سب کی سن رہا ہے کہیں گے اسی سے ہم

محفل میں اس نے غیر کو پہلو میں دی جگہ

گزری جو دل پہ کیا کہیں بسملؔ کسی سے ہم