روایت میں بیان کیا گیا ہے کہ بابا فرید رح کے مرشد کامل حضرت قطب الدین بختیار کاکی رح نے آپ رح کو تین دن کے لئے ’’ طے‘‘ کا روزہ رکھنے کا حکم دیا۔ (اس روزے کی یہ خصوصیت ہے کہ یہ تیسرے دن مغرب کے وقت افطار کیا جاتا ہے، اس روزہ کو چلہ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے لئے گوشہ نشینی اور تنہائی اختیار کی جاتی ہے۔) اس مقصد کے لیئے غزنوی دروازے کے پاس برج مینار میں بابا فرید رح نے تنہائی اختیار کی اور اللّٰہ کی عبادت میں مصروف رہے اور جب روزہ مکمل ہوا اور افطاری کا وقت ہوا تو انتظار کرنے لگے کہ غیب سے کیا ظاہر ہوتا ہے؟ کیونکہ مرشد کامل کا کہنا تھا کہ کھانا بھی غیب سے دیا جائے گا۔ اسی دوران وہاں پر ایک شخص کو پتہ چلا کہ ایک نوجوان درویش یہاں برج میں چلہ کش ہے۔ تو اس شخص نے سوچا کہ اس درویش کی خدمت کر کے دعائیں سمیٹ لوں تو وہ پر لطف کھانا لے کر بابا فرید رح کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ نے اللّٰہ کی طرف سے انعام سمجھ کر یہ کھانا تناول فرما لیا اور وہ شخص خوشی خوشی واپس چلا گیا۔ اس کے تھوڑی ہی دیر بعد بابا فرید رح کے شکم میں درد اٹھا اور قے آ گئی اور کھانے کا ایک ذرہ بھی پیٹ میں نہ بچا۔ آپ رح نے پانی پی کر گزارہ کیا اور پانی پی کر ساری رات عبادت میں مصروف رہے صبح مرشد کامل کی خدمت میں حاضر ہوئے اور رات کا سارا واقع گوش گزار کر دیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ آدمی جو کھانا لایا تھا وہ آدمی شراب اور بدکاری کا عادی ہے۔ اِس لئے اس کا لایا ہوا کھانا آپ کے لئے کھانا مناسب نہ تھا اسی لئے وہ ہضم نہیں ہوا۔ اب اس کھانے کی وجہ سے روحانی طاقت کم ہو گئی تھی۔اب مرشد کامل نے کہا کہ مولانا ! ’’تمہیں طے کا ایک اور روزہ رکھنا ہو گا‘‘ اور اس بار انسان کے لائے ہوئے کھانے کا انتظار نا کرنا اور غیب سے جو میسر ہو اُسی سے افطار کر لینا۔
بابا فرید رح اپنے مرشد کامل کا حکم بجا لائے اور دوبارہ سے طے کا روزہ رکھ لیا اور جب روزہ مکمل ہوا اور افطار کا وقت ہوا تو انتظار کرنے لگے کے کب غائب سے کچھ ظہور ہوتا ہے؟ اسی انتظار میں عشاء کا وقت ہو گیا تو آپ نے جسم کی تمام تر نقاہت کو نظر انداز کر کے پوری عاجزی اور توجہ سے نماز ادا کی۔ آپ کو اللّٰہ پر بھی پورا بھروسہ تھا اور ساتھ ساتھ مرشد کامل کی بات پر بھی یقین تھا کہ غائب سے ضرور کچھ ظہور ہو گا۔ اسی طرح وقت گزرتا گیا اور جب بھی شکم کی آگ زور پکڑتی تو آپ آنکھ کھول کر دیکھ لیتے کہ کچھ حاضر ہوا یا نہیں تو وہاں پر سوائے اندھیرے اور ویرانی کے کچھ نہ ملتا۔
آدھی رات کے وقت جب برداشت جواب دے گئی کہ چھ دن سے مسلسل بھوک کی وجہ سے بہت نقاہت تھی تو بے اختیار اپنے دونوں ہاتھ زمین پر مارے تو ہاتھوں پر کچھ چپک گیا۔ دیکھا تو سنگریزے تھے آپ نے وہ سنگریزے اٹھا کر منہ میں ڈالے تو کچھ مٹھاس کا احساس ہوا, آپ نے وہ تھوک دیئے کہ کہیں یہ بھی شرابی کے کھانے کی طرح فریب نہ ہو۔ پھر دوبارہ زمین پر ہاتھ مارے تو سنگریزے چھپکے اور جب انہیں منہ میں ڈالا تو شکر کا احساس ہوا تو آپ نے وہ اس طرح تھوک دئیے جیسے لقمہ حرام منہ میں چلا گیا ہو۔ تیسری بار بھی سنگریزے کھانے پر یہی واقع پیش آیا کہ سنگریزے شکر محسوس ہونے لگے تو بابا فرید رح نے اسے تحفہء غیب سمجھا اور اس کے ساتھ ہی آپ کو مرشد کامل بختیار کاکی رح کے یہ الفاظ یاد آ گئے کہ "مولانا.! جو کچھ بھی غائب سے ظاہر ہو اسی سے افطار کر لینا۔” دوسرے دن بابا فرید رح مرشد کی خدمت میں حاضر ہوئے آپ کو دیکھتے ہی پیر و مرشد نے فرمایا "مولانا فرید.! روزہ مکمل ہو گیا.؟”
جواب میں بابا فرید رح نے عجیب و غریب واقع سنایا اور سن کر انتظار کرنے لگے کہ حضرت بختیار کاکی رح اس واقع کی کیا توجیح پیش کرتے ہیں۔ پیر و مرشد نے محبت آمیز نظروں سے بابا فرید رح کی طرف دیکھا اور بولے کہ "فرزند.! اللّٰہ اپنے نیک اور فرمابردار بندوں کو ایسی ہی نشانیاں دکھاتا ہے۔ وہ سنگریزے حقیقت میں سنگریزے ہی تھے مگر تمہارے لبوں کو چھو کر اپنی فطرت بدل دیتے تھے اور یہ سب اللّٰہ کے حکم سے ظہور پزیر ہوا تھا۔ جب روح کثافت کا لباس اتار کر لطافت کی قباء پہن لیتی ہے اور مسلسل ریاضت سے نفس کی سرکشی ختم ہو جاتی ہے تو انسان دائمی حلاوت اور ابدی مٹھاس حاصل کر لیتا ہے سنگریزوں کا شکر بن جانا اُسی شرینی کی وجہ سے ہے جسے اللّٰہ نے اپنی رحمت سے تمہاری روح میں شامل کر دیا ہے۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔