بہادر شاہ ظفر کی برسی
November 07, 1862
07 نومبر اردو اور پنجابی کے معروف شاعر اور برصغیر پاک و ھند کے آخری مغل فرماں روا بہادر شاہ ظفر کا یوم وفات ھے ۔
تاریخ پیدائش : 10، اکتوبر 1775ء
تاریخ وفات : 07، نومبر 1862ء
1775ء اکتوبر 10 کو محمد سراج الدین ابو ظفر دہلی میں اکبر شاہ ثانی کے ہاں لال بائی کے بطن سے پیدا ہوئے ۔ 1845ء میں پہلا دیوان مطبع سلطانی سے شائع ہوا ۔ 1849ء جنوری 11 کو شہزادہ مرزا دارا بخت فوت ہوئے ۔ 1850ء میں دوسرا دیوان مطبع سلطانی سے شائع ہوا۔ 1856ء جولائی 10 کو مرزا فخرو فوت ہوئے ۔ 1858ء مارچ 9 کو بہادر شاہ ظفر کے خلاف مقدمے کا فیصلہ سنا گیا۔ 1858ء اکتوبر 17 کو ملکہ زینت محل شہزادہ جواں بخت ار دوسرے افراد کے ساتھ دلی سے رنگون کے لیے روانہ ہوئے۔ 1858ء دسمبر 9 کو رنگون پہنچے ۔ 1962ء نومبر 3 کو حلق کی بیماری میں مبتلا ہوئے ۔ 1862ء نومبر 7 بروز جمعہ صبح 5 بجے رنگون میں وفات پائی – انا للہ و انا الیہ راجعون – شام 4 بجے تدفین کر دی گئی ۔
دیوان اول تک شاہ نصیر کے شاگرد رہے جب وہ حیدرآباد دکن چلے گئے تو پھر کچھ دن میر کاظم حسین بیقرار کے شاگرد رہے – جب وہ جان انفنسٹن کے میر منشی مقرر ہوکر دلی کو چھوڑ گئے کچھ عرصہ عزت اللہ عشق کی بھی شاگردی میں رہے اس کے بعد ذوق دہلوی (جب ذوق غلام رسول شوق کے شاگرد تھے) سے مشورۂ سخن کرتے رہے اور پھر یہ سلسلہ ذوق کی وفات تک 47 برس قائم رہا – ذوق دہلوی کی وفات کے بعد مرزا غالب کے شاگرد ہوگئے 1857ء کے غدر نے استادی شاگردی کا سلسلہ ختم کرا دیا ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
کتابیات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دیوانِ ظفر ،لاہور،ملک دین محمد اینڈ سنز،فروری 1939ء، 80 ص (شاعری)
دیوان سوم
دیوان دوم
دیوان اول
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
منتخب کلام ۔۔۔۔۔۔
بات کرنی مجھے مشکل کبھی ایسی تو نہ تھی
جیسی اب ہے تری محفل کبھی ایسی تو نہ تھی
لے گیا چھین کے کون آج ترا صبر و قرار
بے قراری تجھے اے دل کبھی ایسی تو نہ تھی
تیری آنکھوں نے خدا جانے کیا کیا جادو
کہ طبیعت مری مائل کبھی ایسی تو نہ تھی
عکس ِ رخسار نے کس لئے ہے تجھے چمکایا
تاب تجھ میں مہِ کامل کبھی ایسی تو نہ تھی
کیا سبب تُو جو بگڑتا ہے ظفر سے ہر بار
خُو تری حور ِ شمائل کبھی ایسی تو نہ تھی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسے یاروں نے میرا رقعہ جا کر دے دیا ہوتا
کھلا گر دے نہ سکتے تھے چھپا کر دے دیا ہوتا
بگڑ جاتا ترا کیا سرخ رو میں سب میں ہو جاتا
مجھے اک پان تو تُو نے بنا کر دے دیا ہوتا
نہ ہوتے مجھ سے تم سینہ بسینہ ہو کے ہمبستر
پر اک بوسہ تو منہ سے منہ بھڑا کر دے دیا ہوتا
گوارا شربتِ دیدار دینا گر نہ تھا تجھ کو
بلا سے زہر ہی مجھ کو پلا کر دے دیا ہوتا
بھروسے میں جوابِ خط کے مارا ہائے کیوں مجھ کو
جوابِ صاف ہی قاصد نے آ کر دے دیا ہوتا
لگاتا خضر کیوں آبِ بقا کو منہ سے اے ساقی
جو تو نے جامِ مے منہ سے لگا کر دے دیا ہوتا
ظفر لے کر تمہارا دل وہ کاہے کو مکر جاتا
اگر تم نے اسے سب کو جتا کر دے دیا ہوتا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جو جو گلاں سردی دوتاں وِچ اے دل جانی ڑا
ہوتی لاج تو ڈب ہی مردی ترتی پھر کر پانی ڑا
حوراں پریاں جک وِچ دبہیں بہتی سے ان نیونال
پر کوئی سانوں خیر نہ آیا سو نڑاں لو سادا سانی ڑا
اچھی لیتے گھبرا ساڈی اک دن بھی نا پُچھتا حال
آئے ساڈے ہونٹوں اوتے آخر جاں نمانی ڑا
میں بھی تینڈے سنگ چلوں گی بیٹھ کے یک بوریا وِچ
راوی پار نجادی پیڈھ کر سانو دِلبرجانی ڑا
شوق رنگ اپنا دلی دیدیگا کیسے تجھ بِن اوراں نو
ایسو گمان نہ لاویں دا وِچ اپنی دیکھ گمانی ڑا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یا مجھے افسرِ شاہانہ بنایا ہوتا
یا مرا تاج گدایانہ بنایا ہوتا
اپنا دیوانہ بنایا مجھے ہوتا تُو نے
کیوں خرد مند بنایا، نہ بنایا ہوتا
خاکساری کے لئے گرچہ بنایا تھا مجھے
کاش خاکِ درِ جانانہ بنایا ہوتا
تشنہء عشق کا گر ظرف دیا تھا مجھ کو
عمر کا تنگ نہ پیمانہ بنایا ہوتا
دلِ صد چاک بنایا تو بلا سے لیکن
زلفِ مشکیں کا تیرے شانہ بنایا ہوتا
تھا جلانا ہی اگر دوریء ساقی سے مجھے
تو چراغِ در میخانہ بنایا ہوتا
شعلہء حسن چمن میں نہ دکھایا اس نے
ورنہ بلبل کو بھی پروانہ بنایا ہوتا
روز معمورہء دنیا میں خرابی ہے ظفر
ایسی بستی کو تو ویرانہ بنایا ہوتا

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔