پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

"بادشاہ سلیمان اور انگور" مثنوی روم | …

"بادشاہ سلیمان اور انگور" ✨????????
مثنوی روم | ماخذ ترجمہ از #مُسافرِشَب
ءKing Solomon and the Grapesء
ءTales of Mystic Meaning: Pg 93-94

اُس وقت یروشلم پوری دنیا کا دارالسلطنت تھا کیونکہ شہنشاہ سلیمان کا تختِ سلطنت اِسی شہر میں تھا۔ یروشلم الشرق میں واقع ہے اور شرق سے مراد بحرِ روم کے مشرقی ساحل ہیں یا جو خطے بحرِ روم کی ہوائیں وصول کرتے ہیں۔ شہنشاہ سلیمان کی سلطنت بحر روم سے نکل کر دنیا بھر میں پھیلی ہوئی تھی، ایک زبردست عالمی طاقت تھی۔

ہوا کچھ یوں تھا کہ شہنشاہ داؤد کے پردہ پوش ہونے کے بعد شہزادہ سلیمان خطہء الشرق کے بادشاہ بن گئے۔ وہ ولی عہد ہونے کے باعث شہنشاہ نہ بنے تھے بلکہ اُنہوں نے اپنی اہلیت ثابت بھی کی تھی۔

دربارِ داؤد کے وقت اپنے ابا کے قریب بیٹھ کر اُنہیں کچھ فیصلے کرنے کو دیے گئے تھے جو انہوں نے اتنی خوش اسلوبی سے سلجھائے کہ سب حیران رہ گئے۔ ایک بار دو عورتیں دربار میں تکرار کر رہی تھیں کہ بچہ اُسی کا ہے۔ دربار فیصلہ کرنے سے قاصر ہو گیا۔ سلیمان نے کہا ”تلوار لائی جائے۔ بچے کو دو حصوں میں کاٹ کر دونوں کو دے دیا جائے۔“ ایک عورت نے تڑپ کر کہا ”ہائے، یہ بچہ دوسری عورت کا ہے۔ اِسے زندہ رہنے دیں۔“ تب سلیمان نے کہا ”یہ اِسی عورت کا بچہ ہے جو جھوٹ بول کر اپنے بچے کو زندہ رکھنا چاہتی ہے۔ یہ بچہ اِسے دے دیا جائے۔“

شہنشاہی نصیب ہونے کے فوراً بعد ایک شب خواب میں وحی کا نزول ہو گیا۔ الوہی پیام تھا کہ ”اے سلیمان! سلطنتِ شرق کو بخوبی چلانے کے لیے ہماری جانب سے کیا درکار ہے؟“ پوچھنے والے کو معلوم تو تھا مگر سلیمان کا ذوق دیکھا جا رہا تھا۔ سلیمان نے جواب دیا ”مجھے مسائل آنے سے پہلے اُنہیں جان لینے اور پھر روک دینے کی صلاحیت درکار ہے تاکہ میری رعایا شروع سے ہی خوش رہے، شکایات کے انبار لیے پریشان نہ ہوتی رہے۔ بلکہ اُنہیں مسائل کی خبر ہی نہ ہو۔“

اے دوست! جسے بھی محدود یا لامحدود سرزمین کی حکمرانی نصیب ہو جائے، کائناتی طاقتیں اُس کی خفیہ مدد کو ضرور آتی ہیں۔ کائنات کو صرف حاکم سے نہیں، پوری سرزمین کی رعایا سے پیار ہوتا ہے اور اُنہی کی آسانیوں کے لیے حاکمین سے رابطہ رکھتی ہے۔ مگر کائنات پوری عوام میں طاقتیں نہیں بانٹتی پھرتی۔ اب حاکم پر فرض ہے کہ وہ اُن صلاحیتوں کو اپنی ملکیت نہ سمجھے، اُنہیں رعایا پر استعمال کرے۔ جو ایسا نہ کرے گا، کائنات کو اپنا زبردست دشمن پائے گا۔

لہذا الوہی طاقت شہنشاہ سلیمان کے جواب سے بہت خوش ہوئی مگر یہ خواہش معمولی نہ تھی۔ اِسی لیے سلیمان کو عالمی ہواؤں، سخت دھاتوں کے وسائل، پوری دنیا کے انسانوں اور چرند پرند کی بولیوں، انسانی حواس میں دور دراز فاصلوں کی معلومات، اور پوشیدہ مخلوقات پر دسترس عطا کر دی۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ صلاحتیں یک دم کسی میں منتقل ہو جانا ممکن ہے۔

یقین جانو، مسائل آنے سے پہلے اُنہیں جان لینے اور پھر قبل از وقت روکنے کی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے پوری دنیا اور فطرتی مظاہر تابع ہونے چاہئیں۔ زبردست علم اور کائناتی زباں درکار ہے۔ جب سلیمان کو مذکورہ اختیارات مل گئے، تب وہ خودکار طریقے سے شہنشاہِ عالم ہو گئے حالانکہ اُنہوں نے عالمی سلطنت نہ مانگی تھی۔ دنیا میں جسے بھی عالمی طاقت نصیب ہوئی ہے، اُس میں تم یہی خصوصیات دیکھو گے۔

اے دوست، بعض اوقات تُم معصومیت میں ایسی دعا مانگ بیٹھتے ہو جسے پورا ہونے کے لیے ممکن ہے پورے نظامِ شمسی کو اپنے محور و مدار بدلنے پڑیں۔ بعض اوقات ایسا ہو بھی جاتا ہے مگر تمہیں اپنی معصومیت میں بعد از قبولیت کاروائی کا معلوم نہیں ہوتا۔

عالمی اختیارات، فطرتی مظاہر پر دسترس اور حیرت انگیز رفتار کی حامل بڑھتی ترقی کو راتوں رات ملیامیٹ کرنے کا بھی ایک طریقہ ہے.. صرف بددیانت ہو جاؤ۔ سب کچھ اتنی تیز رفتاری سے چِھن جائے گا کہ یہ الگ سے ایک معجزہ لگے گا۔ کئی سلاطین کے ساتھ ایسا ہوا اور مزید بھی ہوتا رہے گا۔

الغرض، شہنشاہ سلیمان کے حاصل کردہ اختیارات کا لازمی نتیجا نکلا کہ یروشلم شہر میں دنیا بھر کے شہروں سے تاجر اور سیاح آنے لگے۔ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ دوسرے ممالک کے گداگر بھی یروشلم کا رُخ کرنے لگے۔ ہاں یہ ایک عجیب بات ہے کہ یروشلم میں دولت اور عالمی کاروبار کی فراوانی کے باوجود وہاں گداگری کیوں ہو رہی تھی! دوست، بات یہ ہے کہ گداگری بھی باقاعدہ ایک صنعت ہے۔ جسے گداگری کی عادت پڑ جائے، وہ دولت کے ڈھیر پر بیٹھ کر بھی گداگری ہی کرے گا۔

ایک بار شہنشاہ سلیمان کسی مہم سے واپسی پر اپنے محل کے قریبی بازار سوق القطنانی میں سے گزر رہے تھے کہ دُور سے چند لوگوں کو آپس میں جھگڑتے دیکھا۔ فوراً اپنی قوتِ سماعت کو اُس جانب مرکوز کر دیا۔

عام انسان کو آواز نہیں آ سکتی تھی مگر کوسوں فاصلے سے ایک چیونٹی کو سُن لینے کی صلاحیت رکھنے والے شہنشاہ سلیمان نے جان لیا کہ وہاں کچھ گداگر ہیں جنہیں کسی نے ایک درہم کا سکہ دے کر کہا تھا کہ آپس میں بانٹ لینا۔ اب سب گداگر اُسی ایک درہم پر حکمرانی جتا رہے تھے۔

ایک گداگر فارس کی زبان میں کہہ رہا تھا ”ہم اِس درہم کے انگور خریدیں گے۔“

دوسرا گداگر عربی میں بولا ”ہم عناب لیں گے، انگور نہیں۔“

تیسرا گداگر ترک زبان میں بولا "نہیں.. ہم صرف ازوم لیں گے۔“

چوتھا گداگر یونانی زبان میں بولا ”نہ انگور، نہ عناب، نہ ازوم، ہم صرف استافل لیں گے۔“

یوں گداگر ایک دوسرے کو درست طور پر سمجھے بنا مسلسل جھگڑ رہے تھے۔ شہنشاہ سلیمان کے ہونٹوں پر مسکراہٹ ابھر آئی جس سے کرہء ارض میں انجانی سی خوشبو پھیل گئی۔ آج بھی جب کوئی مرکزِ محبت اپنی ادا دکھاتا ہے تو مظاہرِ فطرت اثر قبول کرتے ہیں۔ ایک بار مُلک سبا کی ملکہ بلقیس نے دربارِ سلیمانی میں اپنی ہلکی چال سے کہکشاں کو جامد کر دیا تھا.. وہ چال شہنشاہ سلیمان پر بھی اثر پذیر ہو گئی تھی.. اور یہی مشیتِ ایزدی تھی۔

چناچہ سلیمان نے اپنا گھوڑا اُن گداگروں کی جانب موڑ دیا۔ قریب پہنچ کر کسی ایسی زبان میں گویا ہوئے جو حیرت انگیز طور پر سب کو سمجھ آ رہی تھی ”ارے معصوم بندو! تُم سب اپنی اپنی زبان میں ایک ہی شے کا نام لے رہے ہو۔ اب لڑاکا پرندوں کی طرح لڑنا بند کرو۔ تُم سب اپنے اپنے دل کے مطابق جو لو گے، وہ ایک ہی چیز نکلے گی۔ اِس لیے اپنے اختلافات بند کر دو۔ یہی اختلاف تمہیں اُس شے کی جانب جانے سے روک دے گا۔“

اے دوست! دنیا میں امن قائم کرنے کا یہی طریقہ ہے۔ دوسروں کی فکر چھوڑو، جو تمہارے دل کی گہرائیوں میں پوشیدہ چہرا ہے، اُس جانب بلا خوف و خطر سفر شروع کر لو۔ تُم دیکھو گے کہ آخرکار تُم سب ایک ہی نکتہ پر پہنچ جاؤ گے۔ شہنشاہِ عالم سلیمان کو یہی حکمت و صلاحیت دی گئی تھی۔

بدقسمتی سے بعد کے زمانوں میں یہ نصیحت بھلا دی گئی۔ لوگ صرف اپنے آپ کو درست مان کر باقی سب کو فریبی قرار دینے لگ گئے۔ اُنہیں فلسفہء جُز و کُل کی کوئی خبر نہ تھی۔ یاد رکھو کہ جُز کی شکل اُس کے اپنے کُل سے مختلف ہوتی ہے۔ اب دنیا کے تشویش ناک حالات دیکھ لو۔

•••
From English book "Tales of Mystic Meaning"
Excerpts of Masnavi Rum
by R.A.Nicholson
Translation from Eng to Urdu by مُسافرِشَب
Note: Extended translation.
#TalesOfMysticMeaningByAhsanStory 27
#Rumi #King #Solomon #Grapes #Jerusalem #Levant ••

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2962481250649055