ایک دفعہ کا ذِکر ہے کہ ایک جِن تھا اور اُس کا ایک بُہت وسیع و عریض باغ تھا ۔ جِن اپنے باغ میں کِسی کا داخلہ پسند نہیں کرتا تھا ۔ ایک بار جِن کوئی سات سال کے لیے اپنے دوست کورنش اوگر Cornish Ogre سے مِلنے گیا ہُوا تھا اور اُس کی عدم موجودگی کا فائدہ اُٹھاتے ہُوئے بچے اُس کے باغ میں کھیلتے کُودتے رہے اور موجیں کرتے رہے ۔ بچے اُس کے باغ میں بُہت خُوش تھے اور ہمیشہ یہی کہتے کہ “ ہاؤ ہیپی وی آر ہئیر “ ہم یہاں کِتنے خُوش ہیں ۔ ایک دِن جِن واپس آگیا اور بچوں کو اپنے باغ میں کھیلتے دیکھ کر بُہت غُصہ کرنے لگا کہ وُہ کیوں اُس کے باغ میں آئے تھے اور یہ کہ وُہ باغ اُس کی ملکیت تھا اور وہاں اُس کے سِوا کوئی نہیں کھیل سکتا تھا ۔ جِن نے باغ کے گِرد چار دیواری بنائی اور نوٹس لِکھا ، “ ٹریس پاسرز وِل بی پراسیکیوٹیڈ “ بغیر اِجازت داخلے پر قانُونی کارروائی ہوگی ۔
بچوں کے پاس کھیلنے کو اب کوئی جگہ نہیں بچی تھی وُہ سڑک پر کھیلتے تو وہاں نوکدار پتھروں سے زخمی ہوتے ، مٹی ، دھول سے اٹے راستوں سے تنگ آ کر وُہ باغ کی اُونچی دیواروں کے گِرد چکر لگاتے اور کہتے ، “ ہاؤ ہیپی وی ور ہئیر “ ہم یہاں کِتنے خُوش تھے ۔ وُہ واقعی ایک خُود غرض جِن تھا ۔ دِن گُزرتے گئے اور خِزاں کا موسم آگیا ۔ اب جِن کے باغ میں خِزاں تھی ، سرد ہوائیں ( نارتھ وِنڈ )تھی ، برف اور ٹھنڈ ( سَنو اینڈ فراسٹ ) تھی ۔ دِن گُزرتے گئے ، باہر موسم تبدیل ہوتے رہے لیکن جِن کے باغ میں کبھی مُڑ کے بہار نہ آئی ۔ وُہ بُہت حیران تھا کہ آخر بہار کیوں نہیں آ رہی ؟
ایک دِن کمال ہوگیا اُس نے دیکھا کہ ایک درخت پر بہار کی آمد ہے اور بڑا اچھا سا میوزک بج رہا ہے ، جب وُہ وہاں گیا تو دیکھا ایک بچہ وہاں کھیل رہا تھا ۔ جِن اِتنے عرصے بعد بچے کو دیکھ کر بُہت خُوش ہُوا اور اُس کو اپنے ہاتھ پر اُٹھا کر کھیلنے کا موقع دِیا ۔ جِن اب جان گیا تھا کہ بچوں کی خُوشی میں رُکاوٹ بننے کی وجہ سے بہار بھی اُس سے اور اُس کے باغ سے ناراض تھی ۔ اُس نے چار دیواری گِرائی اور بچوں کے لئے اپنا باغ کھول دِیا ۔ اب وہاں بہار تھی اور ایسے لگتا تھا جیسے ہر ایک پتہ ، درخت اور پُھول بھی جُھوم رہا ہو ۔ اب وہاں ہر وقت خُوشیاں ہوتیں ، بچے کھیلتے اور جِن بھی اُن کو دیکھ کر خُوش ہوتا ۔ جِن ہمیشہ اُس بچے کا اِنتظار کرتا تھا جو اُس نے اُس صُبح دیکھا تھا لیکن وُہ بچہ کبھی دوبارہ نظر نہ آیا ۔ کوئی بچہ اُس بچے کو نہیں جانتا تھا ۔ وقت گُزرتا گیا اور بچے کھیل کر بڑے ہوتے رہے ، نئے بچے آتے رہے اور وقت منزلوں پر منزلیں مارتا آگے بڑھتا گیا ۔ جِن اب بُوڑھا ہوگیا تھا اور اپنی آرام کُرسی پر بیٹھا بچوں کو دیکھتا رہتا ۔ ایک دِن اُس کو وُہی بچہ دوبارہ نظر آیا تو جِن خُوش ہو کر اُس کے پاس گیا اور اُس سے پُوچھا کہ تُم کہاں چلے گئے تھے ۔ جِن نے دیکھا کہ بچے کے دونوں ہاتھوں اور پاؤں پر کیل کے زخم تھے ۔ ( یہاں رائیٹر کا اِشارہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور اُن کو مصلوب کئے جانے کی طرف ہے ) جِن نے پُوچھا یہ زخم اُس کو کِس نے دیے تا کہ وُہ اُسے سبق سِکھا سکے ، بچہ جِن کی طرف مُسکرا کر دیکھتا ہے اور جِن پر ہیبت طاری ہوجاتی ہے ۔ بچہ اُس کو کہتا ہے ایک دِن تُم نے مُجھے اپنے باغ میں کھیلنے کی اِجازت دِی تھی اب میں تُمہیں اپنے باغ ( جنت ) میں اپنے ساتھ ہمیشہ کے لئے لے جاؤں گا ۔ اگلی صُبح بچے دیکھتے ہیں کہ جِن مر چُکا تھا اور اُس کا جِسم بہار کے پُھولوں سے ڈھکا ہُوا تھا ۔
اِس کہانی کا نام “ دی سیلفش جائینٹ ہے جو آسکر وائلڈ نے لِکھی تھی ۔ آسکر وائلڈ نے بچوں کے لئے بُہت دِلچسپ کہانیاں لِکھی ہیں جیسے ؛ دی ہیپی پرنس ، دی نائیٹنگیل اینڈ روز ، دی سٹار چائلڈ ، دی سیلفش جائینٹ وغیرہ ۔ یہ کہانیاں بچوں کے لیے لِکھی گئی ہیں لیکن اِن میں بھی بُہت کُچھ استعارے کے طور پر موجود ہے اور ادب کی خُوبصورتی تو یہی ہے کہ ہم اِس کو کہیں بھی موڑ سکتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ کیا کُچھ سبق اِس میں ہمارے لئے بھی پنہاں ہے کہ نہیں ۔
یہ اپنا مُلک پاکستان بھی ایک بڑا سا خوبصورت باغ ہے جو کِسی جِن کے زیرِ تسلط ہے اور اِس جِن نے بھی باغ میں کھیلنا منع کر رکھا ہے ، ہنسنا ، خُوش ہونا سب تو منع ہے ۔ مُدتیں ہُوئیں یہاں سے بہاریں رُوٹھ کر جا چُکی ہیں ۔ یہاں اب شُمالی سرد ہواؤں کا راج ہے ، برف اور ٹھنڈ کا بھی ۔ یاد رہے برف ، ٹھنڈ اور سرد ہوائیں انگریزی ادب میں موت کے استعارے ہیں ، زِندگی کی حرارت سے دُوری کے بھی ، خِزاں کی موجودگی خُوشی کے عدم وجود کی کہانی سُناتی ہے اور بہار زِندگی کے رنگوں کی نوید لاتی ہے ۔ اب یہاں سے بہاریں گئے تو زمانے ہوچلے اور خِزاں ہے کہ جاتی نہیں ، پت جھڑ کا موسم سدا بہار ہے لیکن اُمید کی ننھی کونپلیں بھی کہیں نہ کہیں برف کی دبیز تہوں میں سراسیمگی کا شِکار ہیں ، کشمکش میں ہیں کہ باہر نِکلیں یا اندر ہی اِنتظار کریں بالکل اُس ننھے سے پُھول کی طرح جو ایک صُبح خِزاں سے تنگ آ کر جِن کے باغ میں باہر نکلنے کو تھا کہ دیکھا ہر طرف سرد ہوائیں ہیں ، برف ہے ، ٹھنڈ ہے تو جلدی سے واپس زمین میں مُنہ چُھپا لِیا ۔ بہاریں تو واپس آنا چاہتی ہیں لیکن جِن کو کیسے سمجھایا جائے ؟
اب یہ جِن کون ہے ، جِن کا استعارہ آپ کِس پر فِٹ کرتے ہیں یہ سب میں آپ پر چھوڑتا ہُوں لیکن آپ جِس کو بھی جِن کہیں حقیقت یہی ہے کہ جِن کو اب سمجھنا ہوگا کہ وُہ وقت نہیں رہا کہ وُہ لوگوں کو ڈرا کر رکھے گا ، بہاروں سے دُور کب تک خِزاں میں بیٹھے گا اور بِٹھائے گا ؟ جِن کا وقت پُورا ہوگیا ہے بس اُسے احساس دِلانے میں ذرا مزید وقت درکار ہے کہ جناب اب ضِد چھوڑ دیں اور اِس مُلک پر بھی بہار آنے دیں ، دُنیا کے ساتھ چلنے کا وقت بڑی دیر سے آ چُکا ہے بس آپ بھی اپنی دیواریں اِس بڑے سے کُلہاڑے سے توڑ دیں ۔
کوومنٹس میں بتانا چاہیں تو ضرور بتائیں کہ آپ اِس مُلک کا “ سیلفش جائینٹ “ کِسے سمجھتے ہیں جبکہ ناچیز کی رائے کہ جِن کون ہے یہ محفوظ رہے گی ویسے بھی یہاں کوئی ایک جِن تو ہے نہیں ۔
سلامت رہیں ۔
Four years back.
Haroon Malik.
Source
Comments
One response to “ایک دفعہ کا ذِکر ہے کہ ایک جِن تھا اور اُس کا ایک بُہت وسیع و عریض باغ تھا ۔ جِن…”
کیا خوب فرمایا 💖💯