پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امتیاز احمد قمر کی غزلیں — Imtiyaz Ahmad Qamar Ghazals

امتیاز احمد قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خموشی گفتگو ہے بے زبانی ہے زباں اس کی (غزل)

خموشی گفتگو ہے بے زبانی ہے زباں اس کی

میں سمجھا تھا کہ مجھ سے مختلف ہے داستاں اس کی

مرے ہر سمت پھیلی چاندنی ہے یا حصار اس کا

مرا احساس ہے یا رقص میں پرچھائیاں اس کی

میں خود کو جیسے اپنے پاس ہی محسوس کرتا ہوں

مرے الفاظ میں رس گھولتی ہیں شوخیاں اس کی

کہاں میری طرح سب کو ملا زخموں کا پیراہن

یوں کہنے کو تو سب پر ہے نگاہ مہرباں اس کی

شکست شیشۂ دل کی صدا پہروں سنائی دے

اگر اک بار اٹھ جائے نگاہ مہرباں اس کی

سویرا ہو گیا شاید رہائی مل گئی اس کو

در زنداں پہ کوئی رکھ گیا ہے بیڑیاں اس کی

ہرے موسم میں منظر بے لباسی کا کہاں ممکن

مگر طرفہ ہنر یہ جانتی ہیں آندھیاں اس کی

ہم نشیں اب مری تنہائی کی تنہائی ہے (غزل)

ہم نشیں اب مری تنہائی کی تنہائی ہے

اب شب و روز میں حد درجہ شناسائی ہے

تجھ سے ملنے کی خوشی ہے نہ بچھڑنے کا الم

زندگی مجھ کو یہ کس موڑ پہ لے آئی ہے

ہر قدم آئنہ دیوانہ ہوا جاتا ہے

ہر جگہ کس کا یہ عکس رخ زیبائی ہے

آج پھر زخم مرے دل کا لہو روتا ہے

آج پھر ان کی گلی ہو کے صبا آئی ہے

چاہئے چشم فسوں گر کو شہادت کتنی

ذرہ ذرہ مری وحشت کا تماشائی ہے

اپنے پندار میں محصور ہے ہر ایک قمرؔ

اپنے ہی در پہ شب و روز جبیں سائی ہے

خلوت غم کے دریچوں پہ یہ دستک کیسی (نظم)

خلوت غم کے دریچوں پہ یہ دستک کیسی

اے مری فخر وفا رشک چمن جان حیا

دامن چشم میں ہے نامۂ الفت جب سے

دل کا ہر سویا ہوا زخم مرا جاگ اٹھا

جاں سپاری کی ادا مجھ کو سکھانے والے

آج یہ حکم کہ میں پیار کا چرچا نہ کروں

گھٹ کے رہ جاؤں پہ رخسار تری یادوں کے

اپنی تخیل کی آنکھوں سے بھی چوما نہ کروں

بھول جاؤں ترے ہونٹوں کے چھلکتے ساغر

تیری آنکھوں کی مئے تاب سے توبہ کر لوں

نور پیشانی کا ہونٹوں سے چرانا کیسا

ابروؤں کی جھکی محراب میں آیا نہ کروں

خواہش سایہ گیسوئے پریشاں ہی نہیں

جنت عارض و لب کی بھی تمنا نہ کروں

اپنی تنہائی کے سنسان در و بام کبھی

میں ترے حسن تصور سے سجایا نہ کروں

تلخیاں زیست کی ہر طور چھپاؤں سب سے

خوشبوئیں یاد کی سانسوں میں بسایا نہ کروں

خواہ تڑپے کہ دھڑکنے کی ادا تک بھولے

دھڑکنیں دل کی مگر تم کو سنایا نہ کروں

بھول جاؤں میں وفاداری ارباب وفا

خود کو پتھر کا تراشا ہوا انساں سمجھوں

جس کو احساس کی جذبات کی دولت نہ ملے

خود کو ایسی ہی کسی جنس کا حیواں سمجھوں

تو اگر خوش ہے اسی میں تو کوئی بات نہیں

جذبۂ شوق کو جیسے بھی ہو سمجھاؤں گا

تیری چاہت تیری الفت کو بھلانے کے لئے

ہو سکے گا تو میں اب جاں سے گزر جاؤں گا

بھول جاؤں گا کہ تم نے کبھی چاہا تھا مجھے

بھول جاؤں گا کہ تم مجھ پہ فدا رہتے تھے

تم تڑپ اٹھتے تھے ہلکی سی اداسی پہ مری

مہرباں مجھ پہ سدا بن کے خدا رہتے تھے

ٹوٹ کر چاہنا سیکھا ہے تری آنکھوں سے

بھول جانے کی ادائیں بھی سکھا دے مجھ کو

میں محبت کا پجاری ہوں وفا کا شیدا

بے وفا کیسے بنوں یہ تو بتا دے مجھ کو

میرے معصوم سے قاتل ترا بسمل آخر

چھوڑ دے کوچۂ قاتل تو کہاں جائے گا

جس جگہ ہوں گی ترے حسن کی شمعیں روشن

تیرا پروانہ وہیں آئے گا جل جائے گا

بے وفا کیسے بنوں

مزید غزلیں از امتیاز احمد قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں