پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امتیاز احمد دانش کی غزلیں — Imtiyaz Ahmad Danish Ghazals

امتیاز احمد دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمیں تو چھین لی اب آسمان رہنے دے (غزل)

زمیں تو چھین لی اب آسمان رہنے دے

دل حزیں میں شفق کا گمان رہنے دے

ہر ایک اینٹ میں پوشیدہ ہے مری تہذیب

پرانی شکل میں میرا مکان رہنے دے

یہی تو آخری حربہ بچا ہے میرے لئے

خدا کے واسطے منہ میں زبان رہنے دے

انہیں بھی دھوپ کی شدت کا کچھ تو ہو احساس

سروں پہ شیشے کا یہ سائبان رہنے دے

کنارے آ لگی آخر یہ کشتئ امید

ہوائے وقت بھلا بادبان رہنے دے

ملا نہ ایک بھی قطرہ شراب دھرتی پر (غزل)

ملا نہ ایک بھی قطرہ شراب دھرتی پر

میں چیختا ہی رہا آب آب دھرتی پر

یہی تو غم ہے کہ اپنے کسی بھی مقصد میں

میں ہو سکا نہ کبھی کامیاب دھرتی پر

میں آسمانوں کا ٹوٹا ہوا ستارہ ہوں

سجاؤں کیسے کوئی رنگیں خواب دھرتی پر

خدا کے واسطے لوگوں پہ کچھ ترس کھاؤ

لہو بہاؤ نہ تم بے حساب دھرتی پر

مری صداؤں کو کب تک دباؤ گے دانشؔ

کبھی تو لائیں گی یہ انقلاب دھرتی پر

مزید غزلیں از امتیاز احمد دانش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں