پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمرانہ مشتاق مانی کی غزلیں — Imrana Mushtaq Mani Ghazals

عمرانہ مشتاق مانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آ گیا وقت اگر پیار میں رسوائی کا (غزل)

آ گیا وقت اگر پیار میں رسوائی کا

لوگ دیکھیں گے تماشا ترے سودائی کا

روح سے جسم الگ کرنے کے پس منظر میں

ہے کوئی ہاتھ یقیناً کسی ہرجائی کا

جاں غم وصل کی اک شام منائیں آ جا

شور سنتی ہوں سسکتی ہوئی شہنائی کا

میں ترے پیار کو دنیا سے چھپاؤں کیسے

رنگ آنکھوں سے برستا ہے شناسائی کا

خیر ہو آج مرے دل کے بیابانوں کی

مانیؔ کرنا نہیں ماتم شب تنہائی کا

کوئی بھولا ہوا یاد آ رہا ہے (غزل)

کوئی بھولا ہوا یاد آ رہا ہے

غم دیرینہ کھائے جا رہا ہے

ہزاروں زاویے بدلے نظر نے

زمانہ مستقل بل کھا رہا ہے

تعلق کچھ نہیں جس خوبرو سے

رگ جاں میں وہ بستا جا رہا ہے

خیالوں کی منڈیروں پر وہ آ کر

بلا کی چاندنی برسا رہا ہے

نظر منظر میں جس کو ڈھونڈھتی تھی

وہ دل کی انجمن میں آ رہا ہے

جسے اہل جنوں کہتے ہیں مانیؔ

تڑپ کر سب کو وہ تڑپا رہا ہے