پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عمران شناور کی غزلیں — Imran Shanawar Ghazals

عمران شناور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے دل سے اتر چکا ہوں میں (غزل)

تیرے دل سے اتر چکا ہوں میں

ایسا لگتا ہے مر چکا ہوں میں

اب مجھے کس طرح سمیٹو گے

ریزہ ریزہ بکھر چکا ہوں میں

تیری بے اعتنائیوں کے سبب

ظرف کہتا ہے بھر چکا ہوں میں

تجھ کو ساری دعائیں لگ جائیں

اب تو جینے سے ڈر چکا ہوں میں

ایک غم اور منتظر ہے مرا

ایک غم سے گزر چکا ہوں میں

تجھ کو نفرت سے ہی نہیں فرصت

چاہتوں میں سنور چکا ہوں میں

آئینہ اب نہیں ہے گرد آلود

رو چکا ہوں نکھر چکا ہوں میں

خود سے لڑنا بہت ہی مشکل ہے

تیری خاطر یہ کر چکا ہوں میں

اب تو باہر نکال پانی سے

دیکھ اب تو ابھر چکا ہوں میں

لوگ پابند سلاسل ہیں مگر خاموش ہیں (غزل)

لوگ پابند سلاسل ہیں مگر خاموش ہیں

بے حسی چھائی ہے ایسی گھر کے گھر خاموش ہیں

دیکھتے ہیں ایک دوجے کو تماشے کی طرح

ان پہ کرتی ہی نہیں آہیں اثر خاموش ہیں

ہم حریف جاں کو اس سے بڑھ کے دے دیتے جواب

کوئی تو حکمت ہے اس میں ہم اگر خاموش ہیں

اپنے ہی گھر میں نہیں ملتی اماں تو کیا کریں

پھر رہے ہیں مدتوں سے در بدر خاموش ہیں

ٹوٹنے سے بچ بھی سکتے تھے یہاں سب آئنے

جانے کیوں اس شہر کے آئینہ گر خاموش ہیں

پیش خیمہ ہے شناورؔ یہ کسی طوفان کا

سب پرندے اڑ گئے ہیں اور شجر خاموش ہیں

تری سنجیدہ باتیں یاد آئیں تو ہنساتی ہیں (نظم)

تری سنجیدہ باتیں یاد آئیں تو ہنساتی ہیں

تری سب بھولپن میں کی ہوئی باتیں ستاتی ہیں

ترا یہ بچپنا تو جانے کب جائے گا جان جاں

تجھے بھی پیار کرنا جانے کب آئے گا جان جاں

بھری محفل میں سب کے سامنے اقرار کرتا ہوں

میں تم سے پیار کرتا ہوں تمہی سے پیار کرتا ہوں

نہ ہو مجھ پر یقیں تم کو تو اک دن آزما لینا

اور اس کے بعد جان جاں مجھے اپنا بنا لینا

مزید غزلیں از عمران شناور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں