منتخب غزلیں
دلوں میں پیار کا جذبہ دکھائی دیتا ہے مزاج شہر ک…
دلوں میں پیار کا جذبہ دکھائی دیتا ہے
مزاج شہر کا بدلا دکھائی دیتا ہے
ہوا میں تیر یہ کس نے چلا دیا آخر
لہو لہان پرندہ دکھائی دیتا ہے
فریب کھائے ہیں ہم نے سر چمن اتنے
ہمیں تو پھول بھی کانٹا دکھائی دیتا ہے
دلوں میں کتنا اندھیرا ہے کیا کسی کو خبر
گھروں میں خوب اُجالا دکھائی دیتا ہے
چلو قریب سے دیکھیں وہ آدمی کیا ہے
جو دیکھنے میں فرشتہ دکھائی دیتا ہے
یہ اور کچھ بھی نہیں ریت کا سراب ہے یہ
جو ہم کو دور سے دریا دکھائی دیتا ہے
جہاں بھی دیکھیے ائے میت ہم کو دنیا میں
عجب طرح کا تماشا دکھائی دیتا ہے
(میت بنارسی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی


