یہ جو ڈومیسٹک وائلنس بل 2025 ہے، اسے عورت اور بچوں کے تحفظ کے نام پر پیش کیا گیا، مگر متن پڑھ لیجیے تو احساس ہوتا ہے کہ یہ قانون تحفظ کم اور تفریق زیادہ پیدا کرے گا۔ گھر، جو مکالمے اور برداشت سے چلتا ہے، اسے دفعات اور سزاؤں کی فائل بنا دیا گیا ہے۔ گالی، گھورنا، الزام، ترکِ تعلق، حتیٰ کہ دوسری شادی یا طلاق کی دھمکی تک کو قید کے خانوں میں بند کر دیا گیا۔ نتیجہ؟ ہر گھریلو تلخی اب ایف آئی آر کی دہلیز پر ہے۔
اب معاشرتی مثال دیکھیے۔ میاں بیوی میں تلخ کلامی ہوئی۔ بیوی نے کہا کہ تم میرا خیال نہیں رکھتے۔ شوہر نے جواب دیا کہ تم بھی ہر وقت شک کرتی ہو ۔ اس بل کے مطابق دونوں جملے نفسیاتی تشدد بن سکتے ہیں، مگر انجام ایک ہی فریق کو بھگتنا پڑے گا۔ بزرگ والدین کے ساتھ رہائش پر اختلاف ہوا، پرائیویسی کی شق حرکت میں آئی۔ معاشی دباؤ میں شوہر وقتی طور پر خرچ کم کرے، معاشی بدسلوکی لگ گئی۔ گھر عدالت بن گیا، عدالت گھر میں گھس آئی۔عقل و خرد ماتم کناں ہیں اور فہم و فراست شرمسار، کہ ہمارے ایوانوں میں بیٹھی کٹھ پتلیاں کس بیرونی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ ساری قانون سازی اس مفروضے پر گھڑی گئی ہے کہ مرد ظلم کا دوسرا نام ہے اور عورت مظلومیت کا دوسرا نام۔در اصل ڈومیسٹک وائلنس کے نام پر ایک ایسا خنجر گھڑا گیا ہے جو براہِ راست پاکستانی خاندانی نظام کے سینے میں اتارا جا رہا ہے۔یہ بل ہر اختلاف کو جرم بناتا ہے، مصالحت کے دروازے بند اور مقدمہ بازی کے کھڑکے کھولتا ہے۔ سزا پہلے، اصلاح بعد میں۔ ریاست کا کام خاندان کو سہارا دینا ہے، اسے مخبر بنانا نہیں۔ جی پی ایس ٹریکر سے اعتماد نہیں بنتا، خوف بنتا ہے۔ سات دن میں سماعت اور نوے دن میں فیصلہ کاغذ پر اچھا لگتا ہے، مگر عملی طور پر گھروں میں مستقل بے چینی کا نسخہ ہے۔سوال یہ ہے کہ حکومت کس ایجنڈے پر ہے؟ مقامی معاشرت، دینی اقدار اور خاندانی ساخت کو سمجھے بغیر درآمد شدہ تصورات ٹھونسنا دانشمندی نہیں۔ مذہبی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قانون کو ریورس کروائیں یا کم از کم اس میں توازن، مصالحتی فورمز، جھوٹے الزامات کی سخت سزا اور صنفی برابری کی ضمانت شامل کروائیں۔یہ قانون سازی نہیں، حماقت کی انتہا ہے۔ کیا مغرب کی این جی اوز سے ملنے والے چند ڈالرز کی خاطر ہم اپنے گھروں کو تھانے اور بیڈ رومز کو کچہری بنا دیں گے؟ اس بل کے معماروں کے فکری بانجھ پن پر رونا آتا ہے جو یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ میاں بیوی کا رشتہ مودت اور رواداری پر کھڑا ہوتا ہے، تعزیراتِ پاکستان کی دفعات اور جی پی ایس ٹریکرز پر نہیں۔ ذرا سوچیے کہ جس گھر میں شوہر کے غصے سے دیکھنے یا گھریلو نوک جھونک پر پولیس گھس آئے گی اور شوہر کو ہتھکڑی لگ جائے گی، کیا وہ گھر پھر کبھی آباد رہ سکے گا؟ یہ دراصل طلاقوں کی شرح بڑھا کر پاکستانی معاشرے کو مادرِ پدر آزاد اور مغربی طرز کی تنہا زندگی (SINGLE FAMILY) کی طرف دھکیلنے کا مکروہ منصوبہ ہے۔
کیا مظلومیت صرف عورت کی میراث ہے؟ ہرگز نہیں، خواتین اگر مظلوم ہیں تو تلخ حقیقت یہ ہے کہ کئی مقامات پر وہی ظالم بھی ہیں۔ ہمارا مرد دن رات کوہلو کے بیل کی طرح پستا ہے، بیوی کے طعنے، بے جا فرمائشیں، معاشی دباؤ اور جذباتی بلیک میلنگ سہتا ہے، مگر صرف اس لیے لب سی لیتا ہے کہ بچوں کا سائبان نہ اجڑے۔ کیا مرد پر نفسیاتی تشدد نہیں ہوتا؟ اس خاموش اور گھٹ گھٹ کر جینے والے مرد کی مظلومیت کا کوئی قانون کیوں نہیں؟
حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ وہ جن کے اشاروں پر یہ ایجنڈا مسلط کر رہے ہیں، وہ ہمارے خاندانی نظام کے درپے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مذہبی جماعتیں، علماء اور سول سوسائٹی مصلحت کی چادر اتار کر اس قانون کو ریورس کروائیں۔یاد رکھیں! گھر قانون کے ڈنڈے اور خوف سے نہیں، اللہ کے خوف اور اخلاق سے چلتے ہیں۔ جب قانون رشتوں کے درمیان کھڑا کر دیا جائے، تو رشتے نہیں، صرف مقدمات چلتے ہیں۔
منتخب
Source