یاد کریں آپ کبھی فیملی کے ساتھ ہوٹل گئے ہوں اور کھانا پورا ختم کرکے اٹھے ہوں؟ ایسا بہت کم ہوتا ہے۔ ہم لوگ جب بھی آرڈر کرتے ہیں تو پیچھے کہیں دماغ میں گھوم رہا ہوتا ہے کہ ’تھوڑا نہ پڑ جائے۔ شادی کی تقریب سے لے کے میت والے گھر تک کھانے میں بوٹیاں تھوڑی پڑنے کی فکر ہر ایک سنگل بندے کو ہوتی ہے۔
ہوٹل میں یا کسی بھی جگہ پر کھانا بندہ کتنا کھا سکتا ہے؟ دو تین روٹی یا وہی ایک دو سرونگز؟ تو اتنا ڈھیر سارا پھر منگایا کیوں جاتا ہے؟ مہمان پہ رعب ڈالنے کے لیے یا مہمان نوازی کے چکر میں؟ مہمان نوازی تو یہ ہے کہ آپ خود ہر ایک چیز پیش کریں، ان کے پانی والے گلاس اور روٹی چاول پہ نظر رکھیں، کم ہونے لگے تو بڑھ کے مزید کچھ ڈال دیں لیکن کھانوں کے مینار کھڑے کر دینا کہاں کی مہمان نوازی ہے؟ یہ ہمارا کلچر ہے! ’کھانا تھوڑا نہ پڑ جائے‘، یہ ہماری صدیوں کی بھوک ہے!
فاسٹ فوڈ ٹائپ مغربی کھانوں میں کیلکولیشن آسان ہوتی ہے۔ سینڈوچ، برگر، پیزا، بروسٹ، سٹیک قسم کی چیزیں آپ آسانی سے حساب لگا لیتے ہیں کہ فلاں بندہ ایک یا دو کھائے گا۔ سالن، روٹی، چاول، کڑاہی، قورمہ، کوفتے، زردہ، مغز ۔۔۔ یہ سب چیزیں ایسی ہیں کہ میزبان حساب نہیں لگا سکتا۔ ذائقے پہ بات مُکتی ہے اور اسی کے ساتھ کھانے والے کے موڈ پر۔ عام حالات میں ایک انڈہ شامی برگر کھا کے چھ گھنٹے گزارنے والا بندہ جب کڑاہی گوشت یا مغز کے شوق میں بیٹھے گا تو کلو کڑاہی اکیلے کھا سکتا ہے اور روٹیوں کا بھی یہی حساب ہو گا۔
دوسرا پھر ایک سب سے اہم مسئلہ ناک کا ہے۔ میں نے چار بندے جمع کیے، انہیں کھانے پہ لے گیا، اب اگر میں کہوں گا کہ دو کلو کڑاہی گوشت لے آؤ تو سارے مجھے شوم سمجھیں گے۔ میں ساتھ بار بی کیو پلیٹر بھی منگاؤں گا، فروٹ سیلڈ بھی اور ایک آدھی سجی بھی۔ سوال یہ ہے کہ جب مجھے پتہ ہے کہ وہ دو کلو کڑاہی ان چار بندوں نے آرام سے کھا لینی ہے تو میں کیوں اس طرح آرڈر نہیں کرتا کہ کھانا نہ بچے ؟ کیا ایک کلو کڑاہی، ہاف سجی اور چھ سیخ کباب چار نارمل بندوں کے لیے کافی نہیں ہوں گے؟
پاکستان میں پتہ ہے سالانہ کتنی خوراک ضائع ہوتی ہے؟ چھتیس ملین ٹن! اس چھتیس ملین ٹن کا چالیس فیصد حصہ آپ کی شادیاں، ہوٹل اور پارٹیاں ہیں۔وہ ملک جہاں تینتالیس فیصد لوگ جب ایک رات کو سوئیں تو اگلی صبح روٹی کا انہیں آسرا نہ ہو اور اٹھارہ فیصد باقاعدہ غذائی قلت کا شکار ہوں، وہاں آپ کے حلق سے کھانا اتر کیسے سکتا ہے کجا آپ اس تعداد میں اسے ضائع کریں اور سوچیں کہ ’تھوڑا نہ پڑ جائے؟‘
یہ مت سمجھیں کہ ضائع کرنے والوں میں آپ شامل نہیں۔ جو بندہ موبائل پر یہ تحریر دیکھ رہا ہے یا سن رہا ہے، کیا اس نے کبھی ہوٹلوں میں جا کے کھانا نہیں کھایا ہو گا یا گھر میں شادیاں نہیں بھگتائی ہوں گی؟
اس کا سادہ ترین حل پتہ ہے کیا ہے؟ جائیں اپنے فریج کا دروازہ کھولیں اور حساب لگائیں کہ جو بچے ہوئے کھانے پڑے ہیں وہ کہاں کہاں سے اور کب آئے تھے؟ وہ جب تک ختم نہیں ہوتے یا کسی کے پیٹ میں نہیں جاتے، تب تک اگلا کھانا باہر سے نہ منگوائیں یا جا کے مت کھائیں۔ چھوٹے فریج لیں، ڈیپ فریزر لینا چھوڑ دیں۔ جتنا ضرورت ہے اتنا پکائیں۔ اگلے دن کا آسرا مالک پہ چھوڑنا سیکھیں یا اتنا حساب لگائیں کہ ضرورت سے زیادہ مت پکے۔
کس چیز کا خوف ہے؟ فریزر گوشت سے بھرے ہیں، فریج کا نیچے والا خانہ تُن کے پھلوں سے فُل کیا ہوا ہے، مصالحے کتنے ایسے ہیں جو ایکسپائر ہو کے نکلتے ہیں کچن سے، آٹا ہر چوتھے دن خمیرا ہوتا ہے، پانچ دن کا باسی کھانا گھریلو ملازموں کو آخر کیوں عنایت فرماتے ہیں، پہلے دن کیوں نہیں دے دیتے؟ آپ کے دماغ میں ہو گا کہ ’یہ میں تو نہیں ہوں‘، جائیں، فریج چیک کریں کیا حالات ہیں!
گھر سے شروع ہو گا تو باہر کے معاملے خود ٹھیک ہوں گے۔ یار شادیوں میں اگر لنچ باکس فی بندے کے حساب سے بنا دیں، یا ایک بندے کی سرونگ الگ سے ہو جائے تو بھلے ویٹروں کی بھاگ دوڑ زیادہ ہو جائے گی لیکن کھانا اس بے دردی سے تو نہیں بچے گا۔ایک ایسے ملک میں جہاں آدھی آبادی کا مسئلہ روٹی ہے وہاں اگر کھانا ضائع ہوتا ہے تو قصور کس کا ہے؟ کسی حکومت کا نہیں۔ آپ کا اور میرا! قسم خدا کی ہم لوگ اور ہمارے والدین اور ان کے ماں باپ، ہم سب ذمے دار ہیں!
اس کا واحد حل آرڈر کرنے میں احتیاط اور فریج بھرنے میں دھیان کرنا ہے۔
اُسی وقت بچا ہوا کھانا پیک کرائیں ہوٹل سے اور باہر ہی سڑک کنارے بیٹھے فقیروں میں بانٹ آئیں۔ گھر میں بیس روپے والا ڈسپوزیبل پلاسٹک کا ڈبہ رکھیں، جو سالن بچے وقتی سنبھالیں، دو تین دن میں یا ختم کریں یا آگے چلا دیں۔ گھر کا ہر بندہ فریج نہ بھرنے کو اپنی ذاتی ذمے داری سمجھے تو کتنا کھانا ضائع ہونے سے بچ سکتا ہے، سوچ ہے آپ کی!
ہلکے پیٹ اور خالی فریج کے ساتھ رہنا سیکھیں، زندگی میں اور بہت کچھ ہے کرنے کے لیے!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھانا اتنا منگوائیں جتنا کھا سکیں!
حسنین جمال
Source
Comments
One response to “یاد کریں آپ کبھی فیملی کے ساتھ ہوٹل گئے ہوں اور کھانا پورا ختم کرکے اٹھے ہوں؟ ا…”
Zabrdast