پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

"ہماری شمو” تحریر: زویا حسن قسط نمبر: 5 وہ لمحہ …

"ہماری شمو”
تحریر: زویا حسن
قسط نمبر: 5

وہ لمحہ کچھ ایسا تھا جیسے آخری سانس سے پہلے مرنے والے کو ایک نئی زندگی تحفے میں مل جائے۔ میں دلہن بنی پھولوں سے سجی سیج پہ براجمان تھی۔ وہ میرے پاس آکے بیٹھا۔۔ گھونگٹ اٹھا کے بولا کہ
"میں کہتا تھا کہ ہم ایک ہوجائیں گے۔۔ اور دیکھو آج وہ دن آچکا ہے۔۔ ”
اسد کی آنکھوں میں بے انتہا محبت تھی۔ میں خود کو دنیا کی سب سے خوش قسمت لڑکی تصورکررہی تھی۔ ہماری محبت کے آگے سب نے گھٹنے ٹیک دیے۔
"میں بتا نہیں سکتی کہ میں کتنی خوش ہوں اسد۔۔۔ ! تمہیں پانا ایک خواب جیسا تھا۔۔ جو آج سچ ہوا۔۔۔ ”
نا جانے کتنی باتیں تھیں جو میں اس سے کرنا چاہتی تھی۔ ہم نے سہاگ رات باتوں میں گزار دی۔۔ جیسے ہم صدیوں کے بعد ملے ہوں۔ ہزاروں سالوں کی جدائی کے طویل قصے بھلا ایک رات میں کہاں مکمل ہوتے۔ رات سے صبح ہوگئی۔
"صبا۔۔! ہم نے سہاگ رات باتوں میں گزار دی۔۔۔ ”
وہ مسکرایا میں اور شرما گئی۔۔
"تم تھوڑی دیر آرام کرلو۔۔۔ !”
میں بولی
"اب آرام تو تمہاری گود میں سر رکھ کے ہی ملے گا۔۔ ”
اس نے میری گود میں سر رکھ لیا ا، میں بالوں میں انگلیوں پھیرتی رہی۔
"تم چاہو تو سو سکتی ہو۔۔۔ ”
نیم مدہوشی میں وہ بولا
"تم آرام کرو۔۔ مجھے نیند نہیں آئی۔۔ ”
میں اسکی خوشبو اپنی سانسوں میں سمو رہی تھی اتنے میں دور سے آتی ٹرین کی آواز کی طرح ہلکے سے خراٹے میری سماعتوں سے ٹکرائے۔۔ والیوم میں بتدریج اضافہ ہونے لگا۔
"اوہ خدایا۔۔۔۔ یہ خراٹے زندگی بھر جھیلنے پڑیں گے۔۔۔۔ ”
میں چلائی۔۔ وہ ہڑ بڑا کے اٹھ بیٹھا۔۔۔
"کیا ہوا ۔۔۔ کیا ہوا۔۔ ؟”
"کچھ نہیں۔۔تم سوؤ۔۔”
میں مسکرائی۔۔۔ وہ ڈھٹائی سے سو گیا۔۔۔ اسکے خراٹوں کی دھن میں میری بھی آنکھ لگ گئی
نئی زندگی نئے لوگ۔۔ سب کچھ بہت اچھا تھا۔ اسد نے سر آنکھوں پہ بٹھا کے رکھا ۔ شادی سے پہلے اسد اپنے دو بڑے بھائیوں کے ساتھ فیملی بزنس دیکھ رہاتھا۔ لیکن شادی کے بعد اس نے الگ کام کرنے کا سوچا۔ اسکی اس سوچ میں میں نے بھرپور ساتھ دیا۔ اسد کے ایک دوست نے دوبئی میں اپنی چارٹرڈ اکاؤنٹسی فرم میں ساتھ مل کے کام کرنے کی آفر کی لیکن وہ تذبز ب کا شکار تھا ،میں نے مشورہ دیا کہ اسے یہ موقع نہیں گنوانا چاہیے ۔ چنانچہ اس نے دوبئی جانے کا فیصلہ کرلیا۔ چھ ماہ تک تو وہ وہاں اکیلا ہی رہا۔ کام کو سمجھنا،چیزوں کو سٹریم لائن کرنا اس کے لیے ایک وقت چاہیے ہوتا ہے۔ میں نے بھی دل پہ پتھر رکھ کر اسے خود سے دور جانے دیا، کیوں کہ وہ صرف اسد کا مستقبل نہیں تھا ، میں بھی اسکی زندگی کا حصہ تھی۔ کچھ ہی عرصے میں اسد نے الگ اپارٹنمنٹ لیا اورمجھے اپنے پاس بلالیا۔ کام کا بوجھ تھا یا کوئی اور وجہ دوبئی میں رہیتے ہوئے مجھے اس بات کا شدت سے احساس ہونے لگا کہ اس کے برتاؤ میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ راتوں کو دیر سے لوٹنا۔ میٹنگز کے لیے دو دو دن غائب رہنا۔ روٹین کا حصہ تھا۔ میں اپنے آپ کو تسلی دیتی کہ جلدی سب ٹھیک ہوجائے گا۔ مہینوں پہ مہینے گزرتے گئے لیکن حالات ٹھیک ہونے کی بجائے بگڑتے ہی رہے۔ میری خاموشی سوالوں میں بدلنے لگی۔۔ جن کا جواب اسکے پاس نہیں تھا۔ کلبوں میں جانا، شراب پینا، عام سی بات ہوگئی۔ میری اوقات دن بدن اپارٹنمنٹ میں پڑے فرنیچر جیسی ہوگئی جس پہ وہ بیٹھتا، لیٹتا اور صبح ہوتے نکل جاتا۔ خوشی کے نام پہ ہر مہینے مجھے ہزاروں درہم ملتے جو میں جی بھر کے شاپنگ میں اڑا دیتی۔ میں اندر ہی اندر گھٹنے لگی تھی۔ خود کو کھا رہی تھی۔ شادی کے دو ڈھائی سال بعد جب شادی شدہ جوڑے ایکدوسرے میں رنگ میں رنگ جاتے ہیں ہم دونوں اجنبی ہونے لگے تھے۔ جس شادی کے لیے ہم دنیا سے لڑے تھے اب وہ صرف بوجھ بن کے رہ گئی تھی۔ اور پھر ایک دن میں اس بوجھ سے تھک گئی۔۔ اسد دو دن کے لیے شارجہ گیا تھا۔ میں نے اسے فون کیا کہ امی کی طبیعت خراب ہے اس لیے میں لاہور جارہی ہوں۔ اس سے آخری ملاقات ائیر پورٹ پہ ہوئی۔ ہماری راہیں جدا ہوئیں۔
شمو گہری نیند میں تھی اور میں رات بھری کروٹیں بدلتی رہی۔
27 دسمبر 2017 کی صبح شمو نے چھوٹی کی کھوج میں تیاری پکڑ لی۔ اس بار تو سچ مچ میرا دل نہیں کررہا تھا کہ کہیں جاؤں۔۔ میں جتنی زیادہ ان لوگوں سے مل رہی تھی اتنی ہی ٹوٹ رہی تھی۔
"شمو۔۔! بس رہنے دو اب۔۔ دو چار لوگوں کو کہہ دیاہے ناں۔۔ اتنا ہی بہت ہے۔۔ ”
میں اکتا کے بولی
"بس یہ آخری ہے۔۔ اس کے بعد اور کسی کی تلاش نہیں ہے۔۔ ”
وہ بولی
"میرا بالکل دل نہیں ہے کہیں جانے کا۔۔ پلیز ضد مت کرو۔۔۔ ”
میں کہنے لگی
"ٹھیک ہے مت چلیں۔۔ میں بھی دو دن کی مہمان ہوں یہاں۔۔ چلی جاؤں گی چپ کر کے۔۔”
اس نے منہ بنا لیا۔ میں بھی سوچنے لگی کہ ایک دن کی تو بات ہے۔۔ اسکے جانے کے بعد میں اکیلی ہی رہ جاؤں گی۔۔ دل توڑنا مناسب نہیں ہے۔
"اچھا ٹھیک ہے۔۔ اب زیادہ سینٹی نہ ہو۔۔چلتے ہیں۔۔ ”
میں نے اسکا گال تھپتھپایا۔۔
میں فریش ہونے کے لیے واش روم گھس گئی ۔شمو کچن میں چائے بنانے چلی گئی۔
"سنو۔۔۔! ”
سرمد نے اسے آواز دی
"جی سرمد بھائی۔۔۔ !”
وہ اسکی طرف مڑی
"پلان کیا ہے۔ تمہارا ۔؟”
وہ آہستگی سے پوچھنے لگا
"ہو ہائے۔۔ کیسا پلان۔۔۔؟میں یہاں کسی پلاننگ سے نہیں آئی۔۔”
اسکے ماتھے پہ بل پڑنے لگے
"اف۔۔! تم کتنی ڈفر ہو۔۔۔۔ صبا کو طلا ق کے فیصلے سے ہٹانے کا پلان۔۔؟ امی نے بتایا ہے مجھے۔۔۔”
سرمد بولا
"اوہ۔۔ اچھا۔۔۔! پلان تو کوئی نہیں ہے۔۔ہم تو بس نیو ائیر پارٹی ارینج کررہے ہیں۔۔”
وہ کندھے اچکا کے بولی
"نیو ائیر پارٹی کا کیا ڈرامہ ہے۔۔۔؟”
"ڈرامہ تو اس دن ہوگا۔۔۔ابھی تو بس کردار ڈھونڈے جا رہے ہیں۔۔ ”
؎”کچھ بتاؤ گی مجھے۔۔۔؟”
"آپ بس خاموشی سے سب دیکھتے جائیں۔۔ ”
"میڈم یہ جو آپ نے پارٹی پارٹی لگائی ہوئی ہے ناں۔۔۔ اس میں صرف بدنامی ہوگی ہماری اور کچھ نہیں۔۔۔ خاندان بھر کو پتا ہے صبا کی طلاق ہو رہی ہے”
"لیکن ہم خاندان والوں کو بلا کہاں رہے ہیں۔۔ ”
"تو پھر ۔۔ ہم تین چار لوگ پارٹی کریں گے۔۔۔؟”
"ہاں جی تین چار ہم اور تین چار اور لوگ ہوں گے۔۔۔”
"اورکون ۔۔؟”
"صبر سے کام لیں۔۔۔۔ ”
"یا ر تم ہوکیا۔۔۔ خوامخواہ خود کو پتا نہیں کیا سمجھتی ہو۔۔”
سرمد اور صبر کا دور دور تک کوئی تال میل نہیں تھا۔۔ اس لیے شمو کی بات پہ وہ تپ گیا
” جو میں ہوں خود کو وہی سمجھتی ہوں۔۔۔”
کمر پہ ہاتھ رکھے وہ سٹائل سے بولی
"اور تم کیا ہو۔۔۔؟”
وہ تنک کے بولا
"شمو۔۔۔۔ ! کتنی بار بتانا پڑے گا”
وہ ادا سے بولی
"جیسی پینڈو تم۔۔ ویسا ہی تمہارا نام۔۔۔ شمو۔۔۔ ہر آتے جاتے کو بولتی ہوئی۔۔ میں شمو ہوں۔۔ میں شمو ہوں۔۔۔ ”
وہ اسکی نقل اتارتے ہوئے بولا
"شمو تو سب مجھے پیار سے بولتے ہیں۔۔۔ اصل نام تو شمشاد ہے۔۔۔ ”
وہ فخر سے بولی
"واٹ۔۔۔کیا بتایا۔۔۔۔ کیا نام ہے ۔۔؟”
سرمد جاتے جاتے رکا
"شمع۔۔۔ ! میرا نام شمع ہے۔۔۔۔ ”
وہ جانتی تھی کہ اسکے نام کو لے کے وہ پھر سے مذاق اڑائے گا۔۔۔ اس لیے اس نے جھوٹ بول دیا
"نہیں۔۔نہیں۔۔تم نے کچھ اور بتایا تھا۔۔۔ کیا تھا وہ ۔۔۔آہاں۔۔۔شمشاد۔۔۔ ہاہا ہا۔۔۔واٹ آ پینڈو نیم۔۔۔”
وہ قہقہہ لگا کے ہنسا
"شمشاد بی بی تو میری دادی کا نام تھا۔۔۔۔ ”
وہ نظریں چراتے ہوئے بولی
"اچھا۔۔ایسی بات ہے تو نکالو آئی ڈی کارڈ اپنا۔۔ابھی پتا چل جائے گا۔۔۔”
سرمد نے ہاتھ آگے بڑھایا
"شناختی کاڑد پہ تو شمشاد لکھا ہے۔۔۔پتا ہے کیا ہوا۔۔ میری پیدائش سے ایک ہفتہ قبل میری دادی کی وفات ہوئی ۔۔ ابا کو اپنی ماں سے بہت پیار تھا۔۔ میں پیدا ہوئی تو انھوں نے میرا نام شمشاد رکھ دیا۔۔۔ میرے بس میں تھوڑی نہ تھا۔۔۔ لیکن اب میں نے سوچ لیا ہے کہ میں اپنا نام شمع رکھ لیتی ہوں۔۔ ابا تو رہے نہیں اب۔۔۔ کسی کو کیا جواب دینا۔۔۔ ”
وہ سنجیدہ تھی
سرمد اسکی بات پہ اور زیادہ ہنسنے لگا۔۔ وہ اس بات سے بے خبر تھا کہ اسکی بے باک ہنسی شمو کے دل کی گھنٹیاں بجا رہی تھی۔
"ویسے۔۔ تم شمشاد ہی رہنے دو۔۔۔ تمہاری ڈریسنگ۔۔ عجیب و غریب سی چوٹی۔۔ چال ڈھال سب پہ شمشاد ہی سوٹ کرتا ہے۔۔ ”
اسکا مذاق اڑاتے ہوئے وہ وہاں سے چلا گیا۔۔ شمو اپنے کپڑوں اور حالت کا جائزہ لینے لگی
ہم دس بجے گھر سے نکلے۔۔ تین گھنٹے کی لگاتار ڈرائیو کے بعد اس چھوٹے سے شہر میں پہنچے جہاں چھوٹی اپنی ماں کا ساتھ رہیتی تھی۔ گلیوں میں گھومتے گھماتے بلآخر اس محلے میں پہنچے جہاں اس کا گھر تھا۔ لیکن عین اس جگہ پہ جہاں وہ لوگ رہیتے تھے کچھ دکانیں بن چکی تھیں۔ ہمیں مایوسی ہوئی۔ شمو بولی کہ لوگوں سے پوچھتے ہیں۔۔
"خالہ۔۔! یہاں کچھ سال پہلے ایک گھر ہوتا تھا”
گلی سے گزرتی ایک خاتون سے شمو نے پوچھا
"ہاں جی اس گلی میں گھر تو بہت تھے۔۔ لیکن آہستہ آہستہ دکانیں بنتی جارہی ہیں۔۔ ”
وہ بتانے لگیں
"ہمیں بس ان کا بتا دیں۔۔ جو یہاں مقیم تھے۔۔۔ ”
شمو نے ان دکانوں کی طرف اشارہ کیا
"اے نادیہ ، سعدیہ دی امی دا پچھ رے نے۔۔۔ ”
سامنے والے گھر کی چھت سے تانک جھانک کرتی ہوئی ایک خاتون نے آواز دی
"جی آنٹی جی۔۔۔ ہم انھی کا ہی پوچھ رہے ہیں۔۔ ان کی ایک بہن بھی تھی ناں۔۔ چھوٹی۔۔ چھوٹی کہہ کا بلاتے تھے۔۔۔۔ ”
شمو اوپر دیکھ کے بولی
"آہو۔۔۔ بڑے قصے مشہور تھے اسکے۔۔ بدنامی بھی لگی تھی بے چاری پہ۔۔۔ اسکے بعد گھر بیٹھ گئی۔۔۔ شادی بھی نہیں ہوئی کہیں”
خاتون نے جواب دیا
"ان کا کوئی اتہ پتا۔۔۔ ؟”
شمو نے پوچھا
"ان لوگوں نے گھر بیچ دیا تھا۔۔۔ داماووں کے ہاتھوں مجبور تھیں۔۔ مکان کے پیسے تینوں دامادوں میں بانٹ کے چھوٹی بیٹی کے ساتھ اللہ جانے کہاں چلی گئیں۔۔ چھوٹی کے واقعے کے بعد زیادہ کوئی آتا جاتا نہیں تھا انکی طرف۔۔ اس لیے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کہاں گئے۔۔۔ ”
گلی میں آنے جانے والی خواتین رکنے لگیں۔۔ سرگوشیاں شروع ہوگئیں
میں نے شمو کو اشارہ کیا کہ مزید وقت برباد نہیں کرتے ان پہ۔۔ واپس چلتے ہیں۔۔
"او منڈا نئیں سی ۔۔ جاسم۔۔ او ۔۔وی تے اپنی ماں نوں لے گیا سی اتھو۔۔ اس توں بعد ایے وی چلے گئے۔۔ دواں نال چنگی نیئں ہوئی سی۔۔ پر کڑی چے بڑا صبر سی۔۔ پتا نیں کتھے ہون کتھے ناں ہون۔۔۔”
ہمیں چھوٹی تو نہیں ملی۔ لیکن محلے کی عورتوں کو دو چار دن بات کرنے کے لیے ایک موضوع ضرور مل گیا۔ ہم واپس لوٹنے لگے
"کاش ارسہ اور احمر مل جاتے کہیں۔۔۔ ہماری پارٹی کو چار چاند لگ جاتے۔۔۔ ”
شمو حسرت سے بولی
"دنیا بھی کتنی ظالم ہے۔ بدنامی کے قصے سب کو یاد ہیں پر یہ پتا نہیں وہ لوگ گئے کہاں”
مجھے افسوس ہوا
"اچھا۔۔ دو جوڑے تو ہیں ہمارے پاس۔۔۔ انھی سے کام چلاتے ہیں۔۔ ”
شمو بولی
"تم جوڑے ڈھونڈ رہی ہو یا مہمانوں کو انوائیٹ کررہی ہو۔۔؟”
میں نے اسے مشکوک نظروں سے دیکھا
"اف ۔۔ ہو۔۔ ایک تو آپ ہر بات پکڑلیتی ہیں۔۔ جوڑے تو ویسے ہی کہہ دیا۔۔ مہمانوں کو ہی انوائیٹ کرنا تھا۔۔”
اس نے تیوری چڑھائی
میں خاموش رہی۔ دل ہی دل میں سوچ کے خوشی ہورہی تھی کہ اب شمو کے ساتھ لوگوں کی تلاش میں رلنا نہیں پڑے گا۔۔ خدا خدا کرکے اس کا ایڈونچر پورا ہوا۔۔۔ شام ہوتے ہوتے ہم گھر پہنچے
رات میں بستر پہ لیٹتے ہی شمو نے پوچھا
"صبا آپی۔۔۔! کیا میں شکل سے پینڈو لگتی ہوں۔۔۔”
"ارے نہیں پگلی۔۔ تم سادی سی ہو ۔۔۔لیکن پینڈو تو نہیں۔۔ ”
میں نے اسے تسلی دی
"مجھے یہ چوٹی سوٹ نہیں کرتی کیا۔۔؟”
وہ چوٹی لہرا کے بولی
میں سوچنے لگی کہ ایکدم سے اسے ہوا کیا ہے
"دیکھو۔۔! اگر تم بال کھلے رکھو تو زیادہ اچھے لگیں گے۔۔ یا پھر پونی ٹیل ۔۔”
میں بولی
"میرے بال گھنگریالے ہیں ناں۔۔ کھول کے رکھو تو ایسے لگتا ہے جیسا چڑیوں کا گھونسلا سر پہ سجایا ہو۔۔”
وہ اداس ہوکے بولی
"ویسے۔۔ کسی اچھے ہیر سٹائلسٹ کے پاس جا کے سٹریٹ کرا لو۔۔ بہت سوٹ کریں گے”
میں عکس کرنے لگی
"ہیں۔۔۔۔؟ کتنے پیسے لگیں گے۔۔؟”
وہ خوش ہوئی
"اچھے سٹائلسٹ زیا دہ چارج کرتے ہیں۔۔ لیکن لانگ لاسٹنگ نہیں ہوتا ، باربار سٹریٹ کرانے پڑتے ہیں”
میں نے بتایا۔ اسکے چہرے پہ اداس چھا گئی۔۔
"تم ایسے ہی بہت اچھی ہو۔۔ اتنا کیوں سوچ رہی ہو۔۔۔کسی نے کچھ کہا ہے کیا۔۔۔ ؟”
میں نے کندھا ہلا کے پوچھا
"نہیں۔۔ ویسے ہی بس۔۔۔ مجھے پتا ہے میں ایسے ہی اچھی ہوں۔۔ ”
کروٹ لے کے اس نے آنکھیں بند کرلیں
28 دسمبر 2017 کو شمو کا ٹارگٹ امی اور بابا تھے۔ اس لیے میں دیر تک سوتی رہی۔
"خالہ جی۔۔۔! آج ڈارئنگ روم کی سیٹنگز بدلتے ہیں۔۔۔ ”
ناشتہ کرتے نا جانے اسے کیا سوجھی۔۔
"بیٹا۔۔ ایسے بھاری بھرکم صوفے اورٹیبلز۔۔ ہم سے کہاں ہٹائے جانے ہیں۔۔ سرمد کی بھی چھٹی نہیں ہے۔۔ ”
امی نے جواب دیا
"ایک تو آپ لوگ شمو کو بہت انڈر ایسٹیمیٹ کرتے ہیں۔۔ بہت پاور ہے مجھ میں۔۔۔ ”
باڈی بلڈرز کی طرح بازو اوپر کرکے ڈولے دکھاتے ہوئے بولی۔ سب کی ہنسی نکل گئی
"کاش۔۔! تمہارا دماغ بھی اتنا پاور فل ہوتا۔۔۔ ”
سرمد نے سڑ کے جواب دیا
"شمو دماغ بہت زرخیز ہے اور طاقتور ہے۔۔ اس بات کی میں گواہی دے سکتا ہوں۔۔ ”
بابا تو شمو کے فین ہی ہوگئے تھے۔
سرمد نے جواباً لاپرواہی اختیار کی۔۔
ناشتے کے بعد شاہدہ کی شامت آگئی۔۔ جسے خالدہ بول بول کے شمو نے تپا دیا تھا۔
ڈارئنگ روم، ٹی وی لاؤنج اور ڈائننگ روم کی جم کے صفائی کرائی۔۔ کارپٹ صاف کرائے۔۔ وہ صرف حکم نہیں چلاتی رہی۔۔ بلکہ سب سے زیادہ کام اس نے خود کیا۔۔ امی اور بابا نے اپنی استطاعت کے مطابق ہاتھ بٹایا۔۔ پورا گھر شور شرابے سے گونج رہا تھا۔
"بیٹا۔۔! اس سب کی کیا ضرورت ہے؟ خود بھی تھک رہی ہو۔۔ ویسے بھی تم مہمان ہو۔۔ اچھا تھوڑی لگتا ہے ایسے تم کام کررہی ہو۔۔ ”
"ارے خالہ۔۔! آپ میری فکر ناں کریں۔۔ میں تو یہ سب اس لیے کررہی ہوں کہ پارٹی میں آنے والے مہمان شمو کے ساتھ ساتھ شمو کی خالہ کے گھر کی بھی تعریف کریں۔۔ اور دوسری بات میرے جانے کے بعد کچھ تو یاد رہے گا آپکو۔۔۔ ”
وہ ہنسنے لگی
"دو ہی دن میں تم ہمارے گھر میں ایسی جگہ بنا چکی ہو۔۔ تمہیں بھولنا ناممکن ہے۔۔ ”
بابا نے جواب دیا
کارپٹ اور صوفوں کی صفائی کے بعد دیواروں پہ لگی پینٹگز بھی صاف ہونے لگیں۔۔ جن پہ گرد جم چکی تھی۔ اتنے میں بابا کو یاد آیا کہ وہ باہر سے کچھ پینٹنگز لائے تھے۔ جو سالوں سے سٹور میں پڑی ہیں۔ شمو نے وہ سب نکالیں۔۔ اور دیواروں پہ سجا دیں۔ تصویروں کے پرانے البم نکالے امی اور بابا کی شادی سے لے کے سرمد اور میری بچپن سے جوانی کی تصویر لیں اور ایک دیوار پہ خوبصورت کولاج تشکیل دیا۔ شام تک ک سبھی کام مکمل ہوئے۔ میں کمرے سے نکلی۔ گھر کا نقشہ ہی بدل چکا تھا۔ شمو مجھے کولاج دکھانے لگی۔ ساری تصویروں پہ نظردوڑاتے میں ایک جگہ رکی۔ ان سب میں اسد اور میری شادی کی تصویریں بھی تھیں۔ میں اداس ہوگئی۔۔
"ایم سوری صبا آپی۔۔۔ مجھے یہ تصویریں نہیں لگانی چاہیے تھیں۔۔۔ ”
شمو بولی
"نو اٹس اوکے۔۔۔ ”
میری آنکھیں نم ہونے لگیں
"میں نے آپکو دکھی کردیا۔۔۔ یہ لیں میں اتار دیتی ہوں۔۔۔ ”
وہ شادی کی ساری تصویریں اتارنے لگی۔ ان تصویریں میں کچھ تصویریں ایسی بھی تھیں۔۔ جو ہم نے الگ الک بنوائی تھیں۔۔ لیکن شمو نے انھیں ساتھ ساتھ جوڑ دیا تھا۔ اب وہ اسد کی ہر تصویر میری تصویروں سے الگ کرنے لگی۔۔۔ اسکی ساری تصویریں اترنے کے بعد کولاج کی ساری خوبصورتی ختم ہوگئی۔۔ بے رنگ۔۔۔ میری زندگی کا عکس اس کولاج میں نمایاں تھا۔۔۔ آنسو نے بینائی دھندلا دی۔۔ شمو نے مجھے گلے لگایا۔۔ امی وہیں پاس ہی کھڑی تھیں۔۔ سرمد بھی آگیا۔۔ مجھے اندازہ ہوا کہ ان سب میں میں کتنی ادھوری ہوں ۔۔ میں واپس کمرے میں چلی گئی۔۔
وہ ارادی تھا یا غیر ارادی پر شمو کا تیر صحیح نشانے پہ لگا۔۔ جس نے مجھے لگ بھگ توڑ دیا تھا۔ وہ جانتی تھی کہ مجھے کچھ دیر کے لیے اکیلا چھوڑنا ہی بہتر ہے۔ میں اس وقت اتنی ٹوٹ چکی تھی شائد اپنا فیصلہ بدل بھی دیتی لیکن جب خیال آیا کہ میرے فیصلہ بدلنے سے اسد کو کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔۔ اتنے دنوں کی دور ی کے بعد بھی اس نے ایک بار بات کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ایک میسج تک نہیں کیا۔۔ کس امید پہ اس کے پاس لوٹ جاؤں۔۔۔ میں نے آنسو صاف کیے اور اپنے فیصلے پہ مزید ڈٹ گئی۔۔

بقیہ اگلے حصے میں۔۔۔

لائیک ، کمنٹ اور شئیر کرنا نہ بھولیں
"اس کہانی کی بلا رکاوٹ اپ ڈیٹس لینے کے لیے ابھی اس پیج کو "فالو” کریں اور "سی فرسٹ” پہ کلک کرکے ہر قسط بر وقت پڑھیں”
Click “Following” and select “See First”