پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرکھنے والے مجھے دیکھ اس طرح بھی ذرا اگر ہے کھوٹ …

پرکھنے والے مجھے دیکھ اس طرح بھی ذرا
اگر ہے کھوٹ تو کیسے چمک رہا ہوں میں
……
سیاست دان، عالم دین، صحافی، مقرر دانشور، ادیب اور شاعر مولانا کوثرؔ نیازی کا یومِ وفات
19؍مارچ 1994
نام محمد حیات خان جنہیں اور تخلص کوثرؔ نیازی تھا۔ 21 اپریل 1934ء کو موسی خیل گاؤں، پنجاب میں پیدا ہوئے۔ مولانا کوثرؔ نیازی 19؍مارچ 1994 کو انتقال کر گئے۔
منتخب کلام
۔۔۔۔۔۔
چند لمحوں کے لیے ایک ملاقات رہی
پھر نہ وہ تو نہ وہ میں اور نہ وہ رات رہی
……
سرد مہری میرے لہجے میں بھی ہوگی لیکن
تجھ میں خود بھی تو نہ پہلی سی کوئی بات رہی
…..
تجھے کچھ اس کی خبر بھی ہے بھولنے والے
کسی کو یاد تیری بار بار آئی ہے
…..
وہ مل نہ سکے یاد تو ہے ان کی سلامت
اس یاد سے بھی ہم نے بہت کام لیا ہے
…..
اپنے وحشت زدہ کمرے کی اک الماری میں
تیری تصویر عقیدت سے سجا رکھی ہے
…..
اے مسیحا کبھی تو بھی تو اسے دیکھنے آ
تیرے بیمار کو سنتے ہیں کہ آرام نہیں
…..
اس نے اخلاص کے مارے ہوئے دیوانے کو
ایک آوارہ و بد نام سا شاعر جانا
……
بے سبب آج آنکھ پر نم ہے
جانے کس بات کا مجھے غم ہے
…..
حال دل اس کو سنا کر ہے بہت خوش کوثرؔ
لیکن اب سوچ ذرا کیا تری اوقات رہی
…..
ضرور تیری گلی سے گزر ہوا ہوگا
کہ آج باد صبا بے قرار آئی ہے
……
یہ درد کہ ہے تیری محبت کی امانت
مر جائیں گے اس درد کا درماں نہ کریں گے
…..
پرکھنے والے مجھے دیکھ اس طرح بھی ذرا
اگر ہے کھوٹ تو کیسے چمک رہا ہوں میں
…..
تباہی کی گھڑی شاید زمانے پر نہیں آئی
ابھی اپنے کئے پر آدمی شرما ہی جاتا ہے
……
میں نے ہر گام اسے اول و آخر جانا
لیکن اس نے مجھے لمحوں کا مسافر جانا
……
جذبات میں آ کر مرنا تو مشکل سی کوئی مشکل ہی نہیں
اے جان جہاں ہم تیرے لیے جینا بھی گوارا کرتے ہیں
……
ہر مرحلۂ غم میں ملی اس سے تسلی
ہر موڑ پہ گھبرا کے ترا نام لیا ہے
…..
منجدھار میں ناؤ ڈوب گئی تو موجوں سے آواز آئی
دریائے محبت سے کوثرؔ یوں پار اتارا کرتے ہیں
……
بر سر عام اقرار اگر نا ممکن ہے تو یوں ہی سہی
کم از کم ادراک تو کر لے گن بے شک مت مان مرے
…..
کبھی جو نکہت زلف نگار آئی ہے
فضائے مردۂ دل میں بہار آئی ہے
ضرور تیری گلی سے گزر ہوا ہوگا
کہ آج باد صبا بے قرار آئی ہے
کوئی دماغ تصور بھی جن کا کر نہ سکے
یہ جان زار وہ لمحے گزار آئی ہے
تجھے کچھ اس کی خبر بھی ہے بھولنے والے
کسی کو یاد تیری بار بار آئی ہے
خدا گواہ کہ ان کے فراق میں کوثرؔ
جو سانس آئی ہے وہ سوگوار آئی ہے
………………………..
بات قسمت کی تو کچھ اے دل ناکام نہیں
اپنی تقصیر ہے یہ گردش ایام نہیں
اے مسیحا کبھی تو بھی تو اسے دیکھنے آ
تیرے بیمار کو سنتے ہیں کہ آرام نہیں
ایک وہ جن کے تصرف میں ہیں سب مے خانے
ایک ہم جن کے لیے درد تہ جام نہیں
مجھ کو یہ غم کہ انہیں دیکھنے والے ہیں بہت
ان کو شکوہ کہ یہاں ذوق نظر عام نہیں
سفر عشق مبارک ہو کہ اس میں کوثرؔ
غم آغاز نہیں خطرۂ انجام نہیں
….
گرتے ہوئے جب میں نے ترا نام لیا ہے
منزل نے وہیں بڑھ کے مجھے تھام لیا ہے
مے خوار تو ہے محتسب شہر زیادہ
رندوں نے یوں ہی مفت میں الزام لیا ہے
وہ مل نہ سکے یاد تو ہے ان کی سلامت
اس یاد سے بھی ہم نے بہت کام لیا ہے
ہر مرحلۂ غم میں ملی اس سے تسلی
ہر موڑ پہ گھبرا کے ترا نام لیا ہے
تجھ سا کوئی رہبر نہیں اے دورئ منزل
احسان ترا ہم نے بہر گام لیا ہے
اے شیخ دل صاف یوں ہی تو نہیں ملتا
ہم نے اثر روئے دل آرام لیا ہے
سجدوں میں وہ پہلی سے حلاوت نہیں کوثرؔ
جب سے اثر گردش ایام لیا ہے
…
چند لمحوں کے لیے ایک ملاقات رہی
پھر نہ وہ تو نہ وہ میں اور نہ وہ رات رہی
کرۂ ارض نے دیکھا ہی نہ تھا وہ خورشید
جس کی گردش میں شب و روز مری ذات رہی
اب تو ہر شخص اجالوں میں کھڑا ہے عریاں
کون سی شکل پس پردۂ ظلمات رہی
سرد مہری مرے لہجے میں بھی ہوگی لیکن
تجھ میں خود بھی تو نہ پہلی سی کوئی بات رہی
حال دل اس کو سنا کر ہے بہت خوش کوثرؔ
لیکن اب سوچ ذرا کیا تری اوقات رہی
…………………….