پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرمد صہبائی کا یومِ پیدائش ….. اس کے جانے کا یق…

سرمد صہبائی کا یومِ پیدائش
…..
اس کے جانے کا یقیں تو ہے مگر الجھن میں ہوں
پھول کے ہاتھوں سے یہ خوش بو جدا کیسے ہوئی
…..
سب کی اپنی منزلیں تھیں سب کے اپنے راستے
ایک آوارہ پھرے ہم در بدر سب سے الگ
….
اس کے ملنے پہ بھی محسوس ہوا ہے سرمدؔ
اس نے دیکھا ہی نہ ہو میں نے بلایا ہی نہ ہو
…
یہ کیسا کھیل ہے، دُشوار جینے کے جتن ہیں
مگر مرنے کے گُر آسان تر رکھے گئے ہیں
…
کبھی جو آیا نہیں اور کبھی نہ آئے گا
اُسی کی چاپ ہر اک رہگزر سے آتی ہے
…
بادل کبھی پُروا کبھی پھولوں سے لپٹنا
ہر لمحہ ترے آنے کے آثار میں رہنا
….
عرصۂ خواب میں ہُوں ہوش سے رخصت ہے مجھے
گردشِ شام و سحر ساغرِ غفلت ہے مجھے
اِک مری لغزشِ پا سے ہے زمانے کو خرام
نغمۂ شہرِ سخن وقفۂ لکنت ہے مجھے
کیوں ہو تنہائی میسّر تجھے اے دل کہ جہاں
خود مرا سایہ بھی ہنگامۂ کثرت ہے مجھے
رونقِ باغِ عدم ہے مرے مرنے کا خمار
لذّتِ آبِ فنا وعدۂ جنت ہے مجھے
اُس خمِ زلف سے کُھلتا ہے مقّدر میرا
ظُلمتِ چشمِ سیہ مطلعِ قسمت ہے مجھے
گردِ صحرا ہے مرے سر پہ کوئی اَبرِ نشاط
رقصِ دیوار و مکاں شوخیِ وحشت ہے مجھے
دل کو یک رنگیِ عالم سے جُدا رکھتا ہے
اِک تصّور جو ترا موسمِ حیرت ہے مجھے
جلوۂ دار دکھاتا ہے مجھے نخلِ بہار
غمزۂ لالہ و گل سنگِ ملامت ہے مجھے
بس کہ بیماریِ جاں میں بھی مَیں آرام سے ہُوں
آمدِ شامِ بلا عیدِ عیادت ہے مجھے
منتِ مرگ ہو کیوں تُو ہی بتا شامِ فراق
جب کہ ہر روز یونہی مرنے کی عادت ہے مجھے
جب سے لاحاصلِ جاں حاصلِ جاں ٹھہرا ہے
تنگیِ فکرِ فراواں سے فراغت ہے مجھے
کیوں معاصر نہ ہو وہ غالبِ آشفتہ مرا
میں ہُوں پوشیدہ ولی کفر سے نسبت ہے مجھے
جلسۂ رسمِ سخن عام ہے لیکن سرمدؔ
اس کی آوازِ کہن لہجۂ جدّت ہے مجھے​
…..
دشت میں ہے ایک نقش رہ گزر سب سے الگ
ہم میں ہے شاید کوئی محو سفر سب سے الگ
چلتے چلتے وہ بھی آخر بھیڑ میں گم ہو گیا
وہ جو ہر صورت میں آتا تھا نظر سب سے الگ
سب کی اپنی منزلیں تھیں سب کے اپنے راستے
ایک آوارہ پھرے ہم در بدر سب سے الگ
ہے رہ و رسم زمانہ پردۂ بیگانگی
درمیاں رہتا ہوں میں سب کے مگر سب سے الگ
دے کے عادت رنج کی ہوتا ہے مجھ پر مہرباں
اس ستم گر نے یہ سیکھا ہے ہنر سب سے الگ
شہر کثرت میں عجب اک روزن خلوت کھلا
اس نے جو دیکھا مجھے اک لمحہ بھر سب سے الگ
ہر کوئی شامل ہوا سرمدؔ جلوس عام میں
منہ اٹھائے چل دیا ہے تو کدھر سب سے الگ
……..
کون ہے کس نے پکارا ہے صدا کیسے ہوئی
یہ کرن تاریکئ شب سے رہا کیسے ہوئی
ایک اک پل میں اتر کر سوچتا رہتا ہوں میں
نور کس کا ہے مرے خوں میں ضیا کیسے ہوئی
خواہشیں آئیں کہاں سے کیوں اچھلتا ہے لہو
رت ہری کیونکر ہوئی پاگل ہوا کیسے ہوئی
اس کے جانے کا یقیں تو ہے مگر الجھن میں ہوں
پھول کے ہاتھوں سے یہ خوشبو جدا کیسے ہوئی
وہ مچا ہے غل کہ برہم ہو گئی ہیں صورتیں
کون کس کس سے یہ پوچھے گا خطا کیسے ہوئی
جسم و جاں کا فاصلہ ہے حاصلِ گردِ سفر
جستجوئے زندگی تیرا پتا کیسے ہوئی
ہنس دیا تھا سن کے وہ سرمدؔ بس اتنا یاد ہے
بات اس کے سامنے لیکن ادا کیسے ہوئی
…..
حذر اے دل کہ اوجِِ ُطرہ و دستار میں پنہاں
نشیبِ خاک ہے اِس قامتِ پندار میں پنہاں
عجب اک اَن سنی آواز اس دل سے گزرتی ہے
ہے کوئی نیم وا دَر سینۂ دیوار میں پنہاں
نہ جانے نقش ہے آنکھوں پہ سایا کس پری وش کا
کہ ہے اک خوابِ سنگیں دیدہء بے دار میں پنہاں
لباس شر مگیں میں ہے ِشکن اک بے حجابی کی
نگاہِ آئینہ ہے مژگاںء اسرار میں پنہاں
میں اس کو دیکھتا ہوں اور وہ دیکھا نہیں جاتا
ہے آنکھوں سے پرے اک حسن حسنِِ یار میں پنہاں
تجھے فرصت ملے بازارِ دنیا سے تو دکھلاؤں
عجائب ہیں جو میرے حجرۂ اشعار میں پنہاں
اسی کی خوش خرامی ہے روش میری کتابت کی
ہے اسکا لمس میرے اس خطِ سرشار میں پنہاں
ہے کوئ اورنظارہ جو آنکھوں پر نہیں کُھلتا
زرِ نادید ہے کوئی گلِ دیدار میں پنہاں
چھوؤں جو روشنی تو اک اندھیرا سا بکھرتا ہے
اداسی ہے کہیں اس رونقِ بازارمیں پنہاں
مری جاں ہاں ذرا آھستہ چل خواہش کی مستی میں
ہزاروں ٹھوکریں ہیں اس رہِ ہموار میں پنہاں
مجھے کیا دیکھتے ہو روز و شب کے اس تماشے میں
زمانے ہیں کئی میرے دمِ رفتار میں پنہاں
ترے د شت سخن میں جوۓ شیریں ہے کوئی سرمد
کہ سہلِ ممتنع ہے معنئ دشوار میں پنہاں
….