پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نوشی گیلانی کا یوم پیدائش March 14, 1964 نام *سیّ…

نوشی گیلانی کا یوم پیدائش
March 14, 1964

نام *سیّدہ نشاط گیلانی* اور تخلص *نوشیؔ* ہے۔ *۱۴؍مارچ ۱۹۶۴ء* کو *بہاول پور* میں پیدا ہوئیں۔ والد *مسعود احمد گیلانی* ڈاکٹر اور والدہ ٹیچر تھیں ۔سابقہ ریاست بہاول پور کی مخصوص علمی فضا میں پروان چڑھی ہیں۔ بہاول پور میں تدریس سے وابستہ ہیں۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں: *’’محبتیں جب شمار کرنا‘‘، ’’پہلا لفظ محبت لکھا‘‘، ’’اداس ہونے کے دن‘‘،” ہوا چپکے سے کہتی ہے “*۔ منظر عام پر آ چکے ہیں پانچواں زیر طبع ہے۔
*بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:443*
نوشیؔ گیلانی کے منتخب اشعار

اسے لاکھ دل سے پکار لو اسے دیکھ لو
کوئی ایک حرف جواب میں نہیں آئے گا
—
*اس شہر میں کتنے چہرے تھے کچھ یاد نہیں سب بھول گئے*
*اک شخص کتابوں جیسا تھا وہ شخص زبانی یاد ہوا*
—
تتلیاں جگنو سبھی ہوں گے مگر دیکھے گا کون
ہم سجا بھی لیں اگر دیوار و در دیکھے گا کون
—
*تجھ سے اب اور محبت نہیں کی جا سکتی*
*خود کو اتنی بھی اذیت نہیں دی جا سکتی*
—
جلائے رکھوں گی صبح تک میں تمہارے رستوں میں اپنی آنکھیں
مگر کہیں ضبط ٹوٹ جائے تو بارشیں بھی شمار کرنا
—
دل کا کیا ہے دل نے کتنے منظر دیکھے لیکن
آنکھیں پاگل ہو جاتی ہیں ایک خیال سے پہلے
—
میں تنہا لڑکی دیار شب میں جلاؤں سچ کے دیئے کہاں تک
سیاہ کاروں کی سلطنت میں میں کس طرح آفتاب لکھوں
—
میں فیصلے کی گھڑی سے گزر چکی ہوں مگر
کسی کا دیدۂ حیراں مری تلاش میں ہے
—
*کسی حرف میں کسی باب میں نہیں آئے گا*
*ترا ذکر میری کتاب میں نہیں آئے گا*
—
عجیب خواہش ہے شہر والوں سے چھپ چھپا کر کتاب لکھوں
تمہارے نام اپنی زندگی کی کتاب کا انتساب لکھوں
—
ہمارے درمیاں عہد شبِ مہتاب زندہ ہے
ہوا چپکے سے کہتی ہے ابھی اک خواب زندہ ہے
—
*عمر رواں کو غم کا پیکر نہ ہونے دینا*
*آنکھیں عزیز رکھنا پتھر نہ ہونے دینا*
—
ترے حرف و لب کا طلسم تھا مری آب و تاب میں رہ گیا
وہ کسی گلاب کا عکس تھا، جو مری کتاب میں رہ گیا
—
*اس کے آنے کا انتظار رہا*
*جو میرے شہر سے گیا ہی نہیں*
—
تمام عُمر تعلّق سے مُنحرف بھی رہے
تمام عُمر اِسی کو مگر بچایا ہے
—
وہ تیرگی تھی لفظوں کو راستہ نہ ملا
کوئی چراغ قبیلہ مرے ہُنر کے لیے
—
*دل پر ہوتے جبر ابھی دیکھے ہی نہیں ہیں*
*تم نے اہلِ صبر ابھی دیکھے ہی نہیں ہیں*
—
قریب تھا تو کسے فُرصت محبّت تھی
ہُوا ہے دُور تو اُس کی وفائیں یاد آئیں
—
*خیال و خواب کے منظر سجانا چاہتا ہے*
*یہ دل کا اِک تازہ بہانہ چاہتا ہے*
—
روشنیوں کے سارے منظر جھُوٹے لگتے ہیں
لیکن اُس کی آنکھ کے آنسو سچے لگتے ہیں
—
*اِک چادر سخن ہی بچا کر نکل چلیں*
*رستہ مِلے تو شہر سے باہر نکل چلیں*
—
*مرقدِ عشق پہ اَب اور نہ رویا جائے*
*رات کا پچھلا پہر ہے چلو سویا جائے*
—
ہجر کی شب میں قید کرے یا صُبحِ وصال میں رکھے
اچھّا مولا ! تیری مرضی تُو جس حَال میں رکھے
—
خرچ اِتنا بھی نہ کر مُجھ کو زمانے کیلئے
کُچھ تو رہ جاؤں میں کام اپنے بھی آنے کیلئے
—
خواہش کے اظہار سے ڈرنا سِیکھ لیا ہے
دِل نے کیوں سمجھوتہ کرنا سِیکھ لیا ہے
—
وفاں کے تسلسل سے محبت روٹھ جاتی ہے
کہانی میں ذرا سی بے وفائی مانگتے رہنا
—
*محبتیں جب شمار کرنا تو سازشیں بھی شمار کرنا*
*جو میرے حصے میں آئی ہیں وہ اذیتیں بھی شمار کرنا*
*انتخاب : آئی ۔ اے انصاری*