مونا لزا کا سُنا تھا اور اُسی کی تلاش تھی۔ صاحبو! پراپیگنڈا بڑی چیز ہے۔ ہم نے بہت چھوٹی عُمر میں، دس بارہ سال کے سن میں پِہلی بار مونا لزا کا ذِکر پڑھا تھا اور اُس کی تَصوِیر نیرنگِ خیال کے سالنامے میں دیکھی تھی جو کُچھ نقّادانِ کرام نے مونا لزا کی مُسکُراہٹ کے باب میں لِکھا تھا اِسے پڑھ کر ہم تو مُتَاثِر ہُوئے لیکن تَصوِیر دیکھ کر نہیں۔ پِھر سینکڑوں بار یہ تَصوِیر دیکھی آخِر خَیال کیا کہ یہ آخِر نقلیں ہیں۔ اَصل میں ضرور کُوئی بات ہوگی۔ پَس ہم لوور میں سٹیٹ روم میں پَہُنچے تو دَم بَخُود تھے۔ ایک تَصوِیر کے سامنے لوگوں کا ہُجُوم تھا۔ صِرف اِس ایک تَصوِیر کے گِرد سُرخ بانات کا فریم تھا اور اُوپر شِیشَہ تھا۔ ہم نے اُسے دُور سے دیکھا، پاس سے دیکھا۔ بہت جی کو کَڑا کیا لیکن صاحبو! آپ لوگوں نے بھی یہ تَصوِیر دیکھی ہے۔ اِس میں کون سی خاص بات ہے۔ ایک عَورَت ہے جِس کے جِسم میں کِسی طرح کی مَوزُونِیَّت نہیں۔ ایک چِہرہ ہے جِس پر کِسی طرح کے جَذبات نہیں۔ کِسی طرح کی شوخی ۔۔۔۔ غم کی کَیفِیَّت نہیں اور ایک مُسکُراہٹ یا نیم مُسکُراہٹ ہے جو آپ کِسی بھی غَبی شَخص کے چِہرے پر دیکھ سکتے ہیں۔ لیوناروڈ ڈی ونشی کے ہم بہت قائِل ہیں اور اُس کے شاہ کار ہم نے دیکھے ہیں لیکن یہ تَصوِیر؟ ہے اَدب شرط مُنہ نہ کُھلوائیں۔ ایک بار کِسی نے اُسے چَڑھا دیا۔ باقی لوگ تقلیداً مَکّھی پر مَکّھی مَارتے گئے۔ اگر کِسی کی رائے ایسی ہوئی جیسی ہماری ہے تو مُرَوَّت کے مَارے یا نَقّادوں کے ڈر سے چُپ ہو گیا کہ بَدذَوقی کی تُہمَت نہ اُٹھائے۔ مونا لزا کے دِلدادگان ہم پر نفرین بھیجنے سے پِہلے ازراہِ اِنصاف اِس تَصوِیر کو ایک نظر دیکھ لیں اور ایک بے ڈول غَبی چِہرے پر اِس اَحمَقانَہ تَاَثُّر کو مُلاحَظَہ فرما لیں جُو مُسکُراہٹ بَنتے بَنتے رِہ گیا ہے۔ پِھر جو جِی چاہے ہمارے بارے میں کہیں۔ ہمارے ساتھ جو دوست تھے وہ بھی پڑھے لِکھے تھے اور بہت کُچھ آرٹ کھا پی چُکے تھے لیکن اِس بارے میں اُنھوں نے بھی ہماری تائِید کی اور کہا میں بھی اِس کی تعریف اِس لیے کرتا تھا کہ دوسرے لوگ کرتے تھے اور دوسرے لوگ بھی اِس لیے کرتے ہوں گے کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔
اِنصاف پسند اور اہلِ نظر اور سمجھ دار قارئِین ہماری رائے سے اِتِفّاق کریں گے صِرف اُنہی کو ہم سے اِختِلاف ہوگا جو تَقلِید پَسند، کَم فَہم اور مُتَعَصِّب قِسم کے ہوں گے۔
دُنیا گول ہے
اِبنِ اِنشاء
The just, the mindful, the wise and the wise will agree with our opinion. Only those who are like, lowly, and accordingly will be against us.
The world is round
Son of Insha

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔