پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فسادی : کنول نوید

قسط نمبر4

سغرہ نے افسردگی سے رمشہ کی طرف دیکھا۔ اسے ایک موٹی سی گالی دیتے ہوئے کہا۔ تیری وجہ سے تین ہزار کی پھکی پڑھ گئی میرے کو ۔تجھےشرم نہیں آئی۔ اس نے سغرہ کی طرف بے نیازی سے دیکھتے ہوئے کہا۔ مل جائے گا نا ،کام کہیں اور مجھے ذیادہ باتیں نہ سنا ۔ سغرہ نے ایک اور گالی رسید کرتے ہوئے کہا۔ کس ماں نے سکھایا یہ تیرےکو۔ رمشہ نے بھی اس انداز میں جواب دیا۔ تو نے اور کس نے۔

 اس کی ماں کھڑی ہو گئی اور بالوں سے پکڑ کر گول گھمانے لگی ،ابھی کچھ مکے اور تھپڑ ہی لگے تھے کہ ۔اس کا باپ آ گیا۔ اس نے جب وجہ پوچھی تو غصے میں بپھری ہوئی سغرہ نے ساری بات بتا دی۔ یہ سب سننا تھا کہ اس نے مار مار کر رمشہ کا بُرا حال  دیا۔ سغرہ نے چنے کی دل چولھے پر چڑھائی تھی ۔ کٹائی ،پٹائی میں گرتی ہوئی رمشہ کا ہاتھ پتیلے کو لگا دال تو ساری پتیلے  سمیت الٹ گئی ، رمشہ کا ہاتھ چولھے پر اٹکا ۔سغرہ کو اچانک سے رحم آیا اور وہ درمیان آ کر تھوڑی مار کھانے کے بعد باپ کا غصہ کم کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ اس نے چیختے ہوئے کہا۔ جب ایک کمرے میں ست بچوں کے ساتھ رہیں گئے تو ۔۔۔۔۔اس کو کیوں مارتا ہے چھوڑ ۔۔۔وہ  سغرہ اوررمشہ کو گالیاں دیتا ہوا  باہر نکل گیا۔رمشہ کی چیخوں سے تنگ آ کر اس کی ماں اسے پاس کے کلینک میں لے گئی۔ وہاں اتفاق سے ایک نیوز چینل میں کام کرنے والی ایک عورت نے رمشہ کی حالت دیکھ لی۔ اس نے سغرہ سے ہمدردی سے پوچھا ۔ اس بچی کو ہوا کیا ہے۔ ہاتھ جلا ہوا ۔ منہ سوجھا ہوا۔ سغرہ نے سوچا شاہد دو پیسے مل جائیں ۔ وہ رونے لگی اور کہنے لگی ۔۔۔۔غریبوں کا تو اللہ ہی ہے جی۔ جس کے گھر کام کرتی تھی ۔اس بیگم نے ہاتھ جلا دیا ۔ بہت مارا اور کام سے بھی نکال دیا میری بچی کو ۔ اسے سینے سے لگا کر ایسے بین کرنے لگی کہ اس عورت کا دل پسیج گیا۔ اس نے ہزار کا نوٹ نکال کر سغرہ کو دیا۔اس نے افسردگی سے کہا میرا نام تمکین ہے ، نیوز اینکر ہوں۔

تمکین نے غصے سے کہا۔ انسان ہیں یا جانور ہیں ،جس کے پاس پیسہ آ جاتا ہے ،انسان سے حیوان بننے میں دیر نہیں لگتی ۔ کیا نام ہے ان کا اور کہاں رہتے ہیں ۔ سغرہ نے عارفہ سے متعلق تمام معلومات دے دیں ۔ اس رپورٹر نے مذید سغرہ سے متعلق پوچھا ۔ اس نے بتایا کہ وہ ریلوئے لائن کے ساتھ جو جگیاں ہیں وہا ں جو کچے  گھر بنے ہیں وہاں رہتی ہے۔ سغرہ جب گھر آ رہی تھی تو اس نے رمشہ کو کھٹی میٹھی گولیاں نام کی ایک ڈبی لے کر دی اور پیار سے بولی ۔ چل جو ہویا سوہویا۔ہزار  کا نوٹ ملا ہے۔ رمشہ نے ہنس کر کہا دو ڈبیاں اور لے کر دے مجھے ،یہ میرا ہے ۔ ساتھ ہی درد کی وجہ سے ایک آہ بھری۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آفاق نے لائے ہوئے گجرے ٹیبل پر رکھے اوربیڈ پر لیٹ گیا۔نصرت شدید غصے سے بھری تھی مگر اس کے لیے چارہ نہیں تھا کہ کہیں  اور جاتی ۔ اس کا ساتواں ماہ چل رہا تھا۔ تھوڑی دیر بیڈ کی دوسری طرف بیٹھنے کے بعد وہ دوسری طرف منہ کر کے لیٹ گئی۔ آفاق نے گجرے نکال کر اسے پہنانے کے لیے جب اس کا ہاتھ پکڑا تو نصرت نے غصے سے جھٹک دیا۔ اسے آفاق پر مذید غصہ آ رہا تھا۔آفاق نے پیار سے کہا۔ دیکھو نصرت بات کو بڑھایا نہیں کرو۔ کچھ ماہ میں ہم دو سے تین ہو جائیں گئے۔ میں نہیں چاہتا کہ ہمارا بچہ وہ سب دیکھے جو میں نے دیکھا ہے۔ نصرت نے نہ چاہتے ہوئے بھی کروٹ آفاق کی طرف کرتے ہوئے حیرت اور تجسس سےکہا ، آپ نے کیا دیکھا ہے؟

آفاق نے تھوڑی دیر خاموش رہنے کے بعد کہا۔ میرے بابا بہت سخت تھے ۔ امی کو بات بات پر ڈانٹ اور مار پڑتی تھی ۔ جب میں بڑا ہوا تب بھی اپنی ماں کے حق میں بول نہیں پاتا تھا۔ کبھی کبھی تو خود پر اتنا غصہ آتا کہ جی چاہتا خود کشی کر لوں ۔ مگر امی نے مجھے کچھ بننے اور ان کے لیے کچھ کرنے کی خواہش دے کر میرے جذبات کو مثبت سمت دی۔ بابا کی اچانک بیماری نے گھر کے حالات کو مذید بدل کر رکھ دیا۔ ذمہ داریوں نے مجھے وقت سے پہلے بڑا کر دیا۔ بابا کی وفات کے بعد اب میں سوچتا ہو ں کہ انسان کو حالات توڑتے موڑتے رہتے ہیں ۔ بابا بہت سے مساہل کا شکار تھے ، چونکہ ان کا بس کسی اور پر چلتا نہیں تھا تو وہ امی پر اپنا غصہ نکال کر کچھ سکون محسوس کرتے ہوں گئے۔ مالی مسائل ، صحت کے مسائل اور زندگی سے شکوے انسان کی سوچوں اور عمل کو بے حد متاثر کرتے ہیں ۔

نصرت خاموشی سے آفاق کی باتیں سن رہی تھی۔ اس کے منہ سے ایک لفظ ادا نہیں ہوا ۔ وہ سوچ رہی تھی کہ آفاق جو کچھ بھی عورتوں کے حق کی ظاہری طور پر حمایت کرتا ہے اصل میں وہ عورتوں کی نہیں بلکہ اپنی ماں کی حمایت کرتا ہے ،جو وہ اس وقت نہ کر سکا جب وہ کرنا چاہتا تھا۔ وہ اپنی ذات کو تسکین دینے کی کوشش کرتا ہے۔

 آفاق نے نصرت کو کھویا ہوا دیکھا تو پیار سے اس کے بال سہلاتے ہوئے کہا۔ دیکھو نصرت سوچو۔انسان اگر ایک دوسرے کی کمزوریوں اور کمیوں کو نظر انداز نہیں کریں گئے تو رشتے تو فوراً ٹوٹ جائیں گئے ۔ تم جسے میری منافقت سمجھتی ہو۔ اصل میں وہ تمہاری غلط فہمی ہے۔ تم کہو تم کیا چاہتی ہو۔ یہ ایک ایسا سوال تھا جو پہلی بار آفاق نے اس سے کیا تھا۔ جب سے ان کی شادی ہوئی تھی۔ نصرت کبھی اس کو اپنے خیالات نہیں بتا سکی تھی۔ اس نے یہ خود سے ہی سوچ لیا تھا کہ وہ جانتا ہے کہ وہ کیا چاہتی ہے۔ اس نے حیرت سے آفاق کی طرف دیکھا۔

آفاق نے اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے کہا۔ میں نے کبھی بھی نہیں کہا کہ میں بلکل درست ہوں ۔ چند خوبیوں اور بہت سی خامیوں کے ساتھ ہی شاہد تمہارے سامنے ہوں مگر ہم کوشش تو کر ہی سکتے ہیں ، اپنے آپ کو بہتر کرنے کی ۔ زندگی اس قدر طویل نہیں ہے ،ہمیں اس چھوٹی سی زندگی کو جہاں تک ہو سکے خوبصورت بنانا چاہیے ۔ اپنے لیے اپنے بچوں کے لیے۔ تم کیا سوچتی ہو؟

نصرت نے پھر خاموشی سے آفاق کی طرف دیکھا۔ اس کے چہرے کی مسکراہٹ اور لمس نے نصرت کو  کچھ بولنے نہیں دیا۔جب جذبات ابھرتے ہیں تو عقل سو جاتی ہے۔ بعض اوقات انسان اپنے آپ کو جذبات کے ساتھ بہنے کے لیے خود ہی چھوڑ دیتا ہے تا کہ وہ موجودہ پریشانیوں سے چند لمحوں کے لیے تو نجات پائے ۔ نصرت نے بھی یہی کیا۔نصرت نے  موتیے کے پھولوں کی مہک محسوس  کرتے ہوئے ،اپنی تمام سوچوں کو بھلا دیا جو  گئی گھنٹے سے اس کے دماغ پر قبضہ کیے بیٹھی تھیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تمکین نے ہمدردی اور دُکھ بھرے لہجے میں کہا۔ میرا بس چلے تو ایسے لوگوں کے ساتھ وہ سلوک کروں ،کہ یاد ہی رکھیں ۔ حارث نے مسکرا کر کہا۔ تمہیں نیوز اینکر نہیں  ہونا چاہیے تھا ۔ میری مدر ٹریسا،حارث سے اس کی شادی لو میرج تھی۔ اٹھو اور کھانا کھا لو۔ تمکین نےافسردگی سے کہا ، تمہیں پتہ ہے ہمارا معاشرہ اس قدر پسماندہ کیوں ہے۔ حارث نے  سوالیہ نگاہوں سے تمکین کی طرف دیکھا۔ تمکین نے غصے سے بھری ہوئی آواز میں کہا ۔ اس لیے کہ یہاں حق کے لیے آواز اٹھانے والے لوگوں کی کمی ہے۔ حارث نے مسکراتے ہوئے کہا۔ کمی تو ہے مگر ہیں تو ۔ یہ بھی اللہ کا شکر ہے۔ تمکین نے سنجیدگی سے کہا۔ میں کل خود جاوں گی اپنی ٹیم کے ساتھ سعد اور شیزاد سے کہہ کر اس واقعہ کی لائیو کوریج کرواتی ہوں ۔ پھر دیکھوں گی ، کتنے بڑے لوگ ہیں ،جنہوں نے ایک چھوٹی سی بچی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا ہے۔ حارث نے مسکراتے ہوئے کہا۔ جو چاہے کرو مگر ابھی اُٹھو کھانا کھا لو ۔ مجھے بھی صبح آفس جانا ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نصرت اپنے پہلو میں لیٹے ہوئے، اپنے شوہر  کو ٹکٹکی باندھ کر دیکھ رہی تھی۔ اسے سمجھ نہیں آ  رہا تھا۔وہ اس سے محبت کرتی ہے یا پھر صرف اپنے بھائیوں کے طعنوں سے بچنے کے لیے ،اسے قبول کیے ہوئے ہے۔ وہ آفاق کو سمجھنے سے قاصر تھی یا پھر خود کو ہی سمجھ نہیں پا رہی تھی۔ آفاق سکون کی نیند سویا ہوا تھا۔ جبکہ کہ اس کا ذہین بے شمار خیالات سے گتھا ہوا تھا۔

وہ اپنے آپ سے سوال کر رہی تھی۔ شاہد ہر عورت کی یہی کیفیت ہوتی ہے۔ وہ اسی کیفیت میں ہی تمام عمر گزار دیتی ہے۔ آفاق کے اطمینان بھرے چہرے کو دیکھتے ہوئے اس نے دل ہی دل میں کہا۔ کبھی کوئی مرد کسی عورت کے جذبات  نہیں سمجھ سکتا ۔ یہ ایسی دلدل ہے ،جو عورت کے حصے میں آئی ہے ۔ ابھی وہ سوچ ہی رہی تھی کہ آفاق کی انکھ کھل گئی اس نے اسے اپنی طرف دیکھتے ہوئے دیکھ لیا۔ اس نے شرارت بھر ے انداز سے کہا،مجھ پر کوئی غزل لکھنے کا تو نہیں سوچ رہی۔نصرت کے چہرے پر بھی بے اختیار مسکراہٹ چھا گئی۔

آفاق نے اس کا ہاتھ پکڑ کر کہا نصرت کل جب میں سمندر کے کنارے پر بیٹھا تھا تو تمہارے بارے میں ہی سوچتا رہا۔ نصرت نے آفاق کی طرف دیکھ کر کہا۔ شاہد عورت اور سمندر میں بہت مماثلت ہے ،اسی لیے آپ کو میری یاد آئی ہو گی۔ آفاق نے ہنس کر کہا ٹھیک کہہ رہی ہو۔ تم سمندر ہو اور میں کنارہ ،آفاق کی نظر گھڑی پر پڑی اور وہ اچھل کر بیٹھ گیا ۔ ارے دیر ہو رہی ہے۔ وہ فوراً سے بستر سے اتر گیا۔

نصرت بھی نہ چاہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے کچن کی طرف چل دی مگر اس کا دماغ سوچوں میں ہی گم تھا۔ آفاق کی باتیں تمام دن اس کے دماغ میں گونجتی رہیں مگر یہ باتیں اس کے چہرے پر تھوڑی تھوڑی دیر بعد مسکان کا باعث بن رہی تھیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔