پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فسادی : کنول نوید

 وقت گزر رہا تھا۔ اس کے اندر آفاق کے لیے منفی جذبات بڑھتے جا رہے تھے۔ نصرت  کے نزدیک ،اس میں فقط ایک ہی خرابی تھی ، وہ اسے اپنے سے کم تر سمجھتا تھا۔ ایک دفعہ جب وہ یونہی باتیں کر رہے تھے تو نصرت نے آفاق سے کہا۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کے مرد عورت کو خود سے کم تر سمجھتا کیوں ہے۔ جبکہ بلندی اور عزت کا معیار طاقت ہر گرز نہیں ۔ وہ مسکرایا اور بولا۔جہاں آزادی ہوتی ہے وہاں ذمہ داری ہوتی ہے۔ جہاں زمہ داری ہوتی ہے وہاں اسے نبھانے کے لیے قوت  اور عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ عورت عقل سےنہیں جذبات سے سوچتی ہے ۔عورت  اور مرد ایک مختلف قسم کی زندگی گزارتے ہیں ۔ کم تر کوئی بھی نہیں ۔ضابطے دونوں کےلیے مختلف ہیں۔ بس اسی لیے ۔ تم کیا چاہتی ہو کہ عورت اور مرد شانہ بشانہ چلیں ۔ ایک دوسرے کو کندھے مارتے ہوئے۔ کون پسند کرئے گا کہ اس کی ماں ، بہن ، بیوی کے ساتھ کسی کا کندھا ملے ۔ کم سے کم میں تو وہ بے غیرت نہیں ہو ۔نصرت سے نہیں رہا گیا۔ اس نے کہا تو پھر یہ این ۔ جی ۔ او کا ڈھونگ کیوں رچا رکھا ہے ۔ جب سب مردوں کی سوچ ایک ہی سی ہے تو  پھر یہ ظاہری منافقت کیوں۔ آفاق نے سرخ ہوتے ہوئے کہا۔ میں تمہیں عقلمند سمجھتا تھا مگر دنیا کی بے وقوف  ترین عورت ہو تم ۔ نصرت نے غصے سے کہا، یہ آپ کا مسلہ نہیں ، ہمارے ہاں ننانوئے فی صد مرد یہی سمجھتے ہیں کہ ان کی بیوی دنیا کی سب سے بے وقوف عورت ہے۔آفاق نے کھڑے ہوتے ہوئے کہا۔

میں عورت کی عزت کے حق میں ہو ں ۔ اسے مکمل انسان کی سی عزت دیتا ہوں ۔میں چاہتا ہوں کہ معاشرے میں عورت کا استحصال نہ ہو ۔ نصرت نے دھکتے ہوئے انداز میں کہا  استحصال ۔ آپ کے منہ سے یہ بات اچھی نہیں لگتی ۔ آپ کبھی بھی مجھے خود سا نہیں سمجھتے۔ آفاق نے غصے سے چیخ کر کہا۔ عورت مرد جیسی نہیں ہوتی ۔ گھر برابری کی بنیاد پر نہیں چلتے۔ اگر میں تمہیں غصے میں آ کرایک تھپڑ مار جاوں تو کیا تم بھی مجھے مارو گی۔ نصرت نے حیرت سے آفاق کو دیکھا۔ آفاق نے اپنی بات اسی لہجے میں جاری رکھی ۔ اگر میں اور تم ایک سے ہوتے تو یہ بچہ میرے پیٹ میں ہوتا تمہارے نہیں۔وہ غصے سے پھنکارتا ہوا وہا ں سے چل دیا۔

 نصرت نے اپنے وجود کا جائزہ لیتے ہوئے سوچا۔تخلیق کی صلاحیت ہونا تو فخر سے منسوب ہونا چاہیے۔ کمزور کی قابلیت بھی اس کا جرم بن جاتی ہے۔ جرم ضیفی کی سزا ہے مرگ مفاجات ۔ اس کی سوچیں اسے رولا رہی تھی۔ وہ کمرے میں گئی اور ابھی لیٹی ہی تھی کہ فون کی آواز نے اسے چونکا دیا۔ اس نے دیکھا فون این ۔ جی ۔ او سے تھا۔ اس نے نئے چھپنے والے رسالہ کا مواد میل نہیں کیا تھا۔ وہ اُٹھی اور رسالہ کے مواد کو دیکھنے لگی۔

وہ عورت کے جذبات سے متعلق مضمون کا پیراگراف پڑھ رہی تھی۔ جس میں لکھا تھا۔ عورت  کے جذبات بہت عجیب ہوتے ہیں ، وہ مرد کی طرح نہیں سوچ سکتی۔ وہ تو چاہتی ہے کہ اس کا شوہر اس سے پیار ایسے کرئے جیسے اپنے بچوں سے کرتا ہے، عزت ایسے کرئے جیسے اپنی ماں کی کرتا ہےاور خیال ایسے رکھے جیسے وہ خود کا رکھتا ہے۔مرد یہ تینوں چیزیں اسے نہیں دے سکتا ۔ بات یہ نہیں کہ وہ دینا  چاہتا ہے یا نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ وہ نہیں جانتا کہ عورت اس سے یہ سب چاہتی ہےنہ ہی وہ جاننا چاہتا ہے۔ دونوں کی ترجیحات میں ہمیشہ فرق رہتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ شادی شدہ جوڑوں میں نوئے فی صد لوگ پیٹھ پیچھے ایک دوسرے کو کم تر سمجھتے ہیں ۔ان میں سے ہر ایک کا خیال یہی ہوتا ہے کہ شادی کو کامیاب بنانے کے لیے ذیادہ سمجھوتہ میں نے کیا۔ سچ تو یہ ہوتا ہے کہ ایسی شادی کو کامیاب شادی کہنا خود کامیاب لفظ کی توہین ہے۔

نصرت کی انکھیں آنسووں سے بار بار بھر رہی تھیں اور وہ انہیں صاف کر رہی تھی۔ جب ایک دفعہ منفی خیالات کا سلسلہ  جاری ہو جائے تو اسے توڑنا مشکل ہوتا ہے۔ انسان اس کے رحم و کرم پر چلتا چلا جاتا ہے۔ نصرت کی کتابیں پڑھنے کی عادت نے بہت سی ایسی اچھی باتیں اس کے ذہن میں جمع کر دی تھی مگر ابھی بھی اسے اپنے منفی جذبات کو توڑنا نہیں آیا تھا۔ اس نے دھیرے سے کہا۔ یہ تو ہر کوئی کہتا ہے کہ انسان اچھا اچھا سوچے۔ یہ کوئی نہیں بتاتا کہ وہ اچھا اچھا سوچے کیسے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آفاق سمندر کے کنارے اداسی سے بیٹھا لہروں کو دیکھ رہا تھا۔ اسے نصرت کی باتوں پر ابھی تک غصہ تھا ، اس کا گھر جانے کو دل نہیں چاہ رہا تھا۔ وہ دل ہی دل میں سوچ رہا تھا۔ اچھی خاصی سمجھدار لگی تھی مجھے۔ کیسی بے تکی سوچیں ہیں اس کی۔ پتہ نہیں اس عورت کے دماغ میں چلتاکیا ہے۔چلو  خیرکہہ کر اس نے ایک آہ بھری مگر باتوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ اس کے دماغ میں جاری تھا۔باظاہر وہ خاموش بیٹھا لہروں کو آتا جاتا دیکھ رہا تھا۔ یہ تو دنیا کا کوئی مرد بھی نہیں سمجھ سکتا کہ عورت کیا سوچتی ہے،میں کیا خاک سمجھوں گا ۔ بیٹھے بیٹھائے دورے پڑتے ہیں اس عورت کو۔ اپنا اور میرا دونوں کا دماغ خراب کرتی ہے۔ آفاق نے گہری گہری سانسیں لیں ۔کچھ دیر بعد اس نے خود کو سمجھاتے ہوئے کہا۔ ماں بننے کا مرحلہ بھی تو عورت پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ میں بھی شاہد اسے ٹھیک سے ٹائم نہیں دے پاتا تو وہ چڑ چڑی ہو گئی ہے شاہد۔ ہم دونوں ہی شاہد ایک دوسرے کی توقعات پر پورے نہیں اُتر رہے ۔

 اندھرا چھا رہا تھا ،اس نے گھر جانے کے لیے گاڑی سٹارٹ کی ہی تھی کہ ایک چھوٹا لڑکا موتیے کے ہار اور کلائیوں کے گجرے لیے نمودار ہوا۔ اس نے گاڑی کے سٹارٹ ہونے سے پہلے ہی اپنی زبان کو سٹارٹ کر دیا۔ صاحب کجرے لے جاو ۔ اللہ دل کی مراد سن لے گا۔ صبح سے کچھ کھایا نہیں ۔صاحب غریب کی دعا لے لو۔ بھلا ہو جائے گا۔ صاحب کچھ نہیں جائے گا۔ صاحب بیگم خوش ہو جائے گی۔آفاق نے بیگم کا نام سنا تو اس کے چہرے پر مسکراہٹ آ گئی ۔ اس نے ہنس کر کہا۔ کتنے کےہیں گجرے۔ لڑکے نے مسکراہٹ دیکھ کر قیمت بڑھا دی صاحب تیس کاایک ۔ آفاق نے ہنس کر کہا ابھی تو بیس کا بول رہے تھے ۔ لڑکے نے کہا۔ وہ تو مالا ہے صاحب ، آپ کے کام کی نہیں ۔ آفاق نے دو گجرے لے لیے۔ آفاق دل ہی دل میں سوچ رہا تھا کیسے فنکار ہوتے ہیں یہ بچے ۔ کیسے دوسرے بندے کا چہرہ پڑھ کر اپنا طریقہ بدلتے ہیں ۔ اس کا موڈ خوشگوار ہو گیاتھا۔

دوسری طرف نصرت ابھی بھی کمرے کے گھٹے ہوئے ماحول میں خود کو کوس رہی تھی۔ ماتم جاری تھا کہ یہ کیا ہو گیا۔ سوچوں کا دھارا بھی اسی طرح چل رہا تھا۔ جیسے آفاق چھوڑ کر گیا تھا۔احساس نہیں ہے اسے میرا۔ اپنے آپ کو بہت اونچی چیز سمجھتا ہے۔ نصرت  بہت دفعہ کچھ اور سوچنے کی کوشش کر چکی تھی مگر خیال گھوم پھر کر آفاق ہی کے پاس پہنچ جاتا ۔ اس نے گانے لگا کر سننے کی کوشش کی تو سارے دُکھی گانے ہی اس کے دماغ میں گھوم رہے تھے۔

یہ دنیا یہ محفل میرے کام کی نہیں۔۔

اور کیا عہد وفا ہوتے ہیں ۔۔۔۔ لوگ ملتے ہیں جدا ہوتے ہیں۔۔۔

عشق سے عشق کی رو داد نہ پوچھے کوئی۔۔۔اشک آنکھوں میں اُٹھا کر وہ گِرا دیتا ہے

جب بھی پوچھا ہے کہ انجام محبت کیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔دل بناتا ہے وہ دل کو مٹا دیتا ہے۔اس نے اس گانے کے بعد پھر سے رونا شروع کر دیا۔یوٹیوب بند کر کے پھر سے سوچنے لگی۔

اصل زندگی اور خوابوں میں بہت فرق ہوتا ہے۔ انسان جو کرنا چاہتا ہے اور جو وہ کرتا ہے کس قدر مختلف ہوتے ہیں ۔ اس کے آنسو بہہ رہے تھے ۔ وہ عام عورتوں کی طرح کیوں نہیں ۔ وہ کیوں نہیں تسلیم کر لیتی غلامی کو ۔اپنی سوچیں عیش بھری زندگی کے عوض سونپ کیوں نہیں سکتی ۔ ہر عورت یہی تو کرتی ہے۔ ایک امید پر مکمل جیون جی کر مر جاتی ہے ۔ نہ کوئی گھر اس کا نہ کوئی در اس کا۔ ساری زندگی دوسروں کی عزت سنبھالتے سنبھالتے اپنی عزت کو گہری قبر میں دفن کر دیتی ہے۔ لعنت ہے ایسی زندگی پر اس سے تو مر جانا اچھا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عارفہ نے غصے سے سغرہ سے کہا۔ تمہاری بیٹی کا حساب کر دیا ہے میں نے۔ یہ رکھنے کے قابل نہیں ۔ اسے لے جاو۔ سغرہ نے منہ بناتے ہوئے کہا۔ باجی اس نے کیا کیا ہے؟

عارفہ نے غصے سے کہا۔ یہ تم اسی سے پوچھنا۔ مجھے تو حیرت ہو رہی ہے ۔ کوئی لڑکی وہ بھی دس سال کی ایسی حرکت کر سکتی ہے۔ میں نے ایسی واہیات حالت میں اسے دیکھا ہے کہ بیان نہیں کر سکتی ۔ سغرہ نے وہیں اسے پیٹنا شروع کر دیا۔ عارفہ نے غصے سے کہا۔ یہ ڈرامہ اپنے گھر جا کر کرو ۔ میرے بچوں کے ساتھ میں اسے اب نہیں رکھ سکتی ۔ پتہ نہیں کیا کیاسکھاتی رہی ہے۔ میرے اللہ ۔ میرا تو دماغ سوچ سوچ کر کڑتا ہے ۔ میں نے کتنی بڑی غلطی کر دی۔

وہ جا چکی تھیں، عارفہ سر پکڑ کر بیٹھی تھی ۔ وہ پریشان تھی ۔ وہ سوچ رہی تھی کہ آج کل کے بچے اس قدر ذہین ہیں کہ کچھ بھولتے نہیں ۔ وہ کیسے ابو بکر کو سمجھائے گی۔میں نے اپنی آسانی کے لیے کاش اسے نہ رکھا ہوتا ۔ ابو بکر نے اگر اپنے پاپا سے اس سب کا ذکر کر دیا تو کیا ہو گا۔ مجھے خود ہی انہیں اس بارے میں بتانا ہو گا۔ ایسی بات مگر بتاتے ہوئے بھی شرم آ تی ہے ۔ مجھے اتنا غصہ آ یا ہے تو انہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وہ سوچوں میں گم تھی کہ ابو بکر نے اسے چونکا دیا ۔ مما آپ کیا سوچ رہی ہیں ۔ عارفہ نے افسردگی سے کہا ،کچھ نہیں ۔ ابو بکر نے فورا ہی دوسرا سوال کر دیا ۔ مما رمشہ آپی کہا ں گئی۔ عارفہ نے اپنے لہجے کو نرم رکھتے ہوئے کہا۔ بیٹا مما نے انہیں کام سے نکال دیا۔ ابوبکر نے معصومیت سے کہا۔ کیوں ،وہ ہمارے ساتھ کھیلتی تھیں نا۔ عارفہ کی انکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس نے افسردگی سے کہا۔ بیٹا بے حیائی کھیل نہیں ہوتا۔اس نے ابو بکر کو پیار سے قریب کرتے ہوئے ،اچھائی اور بُرائی ،بے حیائی اور شرم سے متعلق ایک لمبا لیکچر دیا۔ یہ سوچے سمجھے بغیر کہ وہ کیا سمجھ سکنے اور کیا نہ سمجھ سکنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ جب اس کو دلی تسکین ہو گئی تو اس نے بولنا چھوڑا ۔ ابو بکر بھی تھکا تھکا لگ رہا تھا ۔ وہ جب کوئی بات کرنے کی درمیان میں کوشش کرتا تو عارفہ اسے یہ کہہ کر خاموش کروا دیتی ۔ ابھی نہیں مما آپ کی بعد میں سنئں گی ۔ وہ وقت مگر آیا ہی نہیں ۔ دونوں تھکے تھکے بستر کی طرف چل پڑے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔