پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فسادی : کنول نوید

آفاق کی امی تنزیلہ اداسی سے بیٹھی تھی اور ان کی بہن انہیں تسلیاں دے رہی تھیں ۔ تنزیلہ نے افسردگی سے کہا۔ کوئی لڑکی بھی دیکھاو ۔آفاق کو کوئی نہ کوئی نقص نظر آ ہی جاتا ہے تیس سال کا ہو گیا ہے اور شادی  کا نام لو تو کہتا ہے  ڈھونڈیں نا کوئی لڑکی میں کب نہ کرتا ہوں ۔ امی آپ کی خوشی میں میری خوشی ۔ لڑکی دیکھنے کے بعد کہتا ہے ۔ آپ کہیں گی تو کر لوں گا مگر یہ  یہ  یہ نقص ہے اس میں ۔ ایسے میں بھلا کیسے کرواوں اس کی شادی۔

فرحت  اپنی امی اور خالہ کی باتیں سن رہی تھی۔ اس نے پاس آتے ہوئے کہا۔ میں دیکھاوں ایک لڑکی آپ کو ۔ اس کی  فیملی کو میں جانتی ہوں ۔ اگر آپ چاہیں ۔ مجھے لگتا ہے آفاق کے لیے اچھی ہے۔ دونوں کےخیالات بھی ملتے ہیں اور حالات بھی۔ تنزیلہ اور فائقہ نے حیرت سے دیکھتا تو فرحت نے مسکراتے ہوئے کہا۔ ارے بھئی دونوں کنوارے ہیں ۔ وہ دونوں ہنسنے لگیں ۔ یہ بات ہنسی سے نکل کر سنجیدگی میں چلی گئی جب میڈم فرحت نے گھر آ کر نصرت کی امی سے اجازت طلب کی کہ وہ نصرت کا رشتہ اپنے ایک کزن کے لیے لانا چاہتی ہیں ۔ نصرت کی امی سے بات ہوتی ہوئی جب ابو تک پہنچی تو انہوں نے اجازت دے دی ۔ نصرت کا ایم اے کا امتحان ہونے والا تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ جلد سے جلد اب نصرت کی شادی ہو جائے۔ انہیں اس کی ڈھلتی ہوئی عمر کا احساس تھا۔ آفاق کو جب اس کی ماں نے نصرت کا نام لے کر بتایا کہ وہ اس کے گھر جا رہی ہیں تو آفاق نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا۔ وہ اس سے ملا ہے اور اس نے اسے دیکھا ہوا  ہے ۔ اگر اس کے گھر والے مان جائیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ۔ اس کی ماں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔  دونوں گھرانوں نے ایک دوسرے کو پسند کیا۔ نصرت   کو جانچا پرکھا نہیں گیا ، نصرت کو حیرت تھی۔ میڈم فرحت نے اس کے دل میں یہ غلط فہمی ڈال دی تھی کہ آفاق کو وہ پسند آ گئی ۔

اس کی شادی کر دی گئی ۔ اس بار نصرت کی  نہ چل سکی۔ آفاق سے متعلق جتنی اسے معلومات تھیں ان کے مطابق وہ عورتوں کے حقوق کے لیے لڑ رہا تھا۔ اس کی این ، جی ، او اور اس این جی او سے ملحقہ میگزین اسی بات کی عکاسی کرتا تھا۔ وہ بہت سی امیدوں اور خواہشات کے ساتھ اس کے آنگن میں داخل ہوئی ۔شادی کی خوشی اور ماتم کا سوگ ذیادہ دن نہیں چلایا جا سکتا ۔ زمہ داریاں اور دنیا داری انسان کو اپنی طرف کھینچ ہی لیتی ہیں۔

 آفاق اور نصرت کی نئی زندگی کا آغاز ہو چکا تھا۔شادی کے چودہ دن ہی گزرے تھے کہ آفاق اور نصرت کی پہلی لڑائی ہوئی ۔ جب نصرت نےکام کرنے اور کالج جانے کی بات کی تو آفاق کی ماں نے یہ کہہ کر صاف انکار کر دیا کہ اس گھر کو کسی ہنستے کھیلتے کھلونے کی ضرورت ہے۔ نصرت ان سے تو کچھ نہ بولی مگر کمرے میں اس نے آفاق سے جب دوبارہ بات کی تو آفاق نے بے نیازی سے کہا۔ امی کی بات نہیں سنی تم نے۔

نصرت نے جب اصرار کیا تو آفاق نے اسے پیار سے سمجھانے کی کوشش کی ۔ اس نے بڑے ہی تحمل سے اسے ماں کی عظمت کا لیکچر دیتے ہوئے ، ان کی خواہش کا احترام کرنے کو کہا۔ نصرت نے افسردگی سے کہا۔ جب کچھ ایسا ہو گا تو وہ کالج  میں پڑھانا چھوڑ دے دے گی۔ فی الحال  اس میں کیا بُرائی ہے۔پرائیویٹ کالج ہے ہمارے رشتہ داروں کا۔  آفاق نے اسے سمجھاتے ہوئے کہا۔ میں ہوں نا ۔کام کرنے کے لیے ۔ تم بس گھر کا خیال رکھو۔ اچھے اچھے کھانے پکانے سیکھو۔

نصرت نے مایوسی سے کہا مجھے جتنے کھانے بنانے آتے ہیں کافی ہیں ۔ مجھے خانسامہ بننے کا نہ شوق تھا نہ ہے۔ آپ جانتے ہیں مجھے۔ میں کچھ کرنا چاہتی ہوں ۔ آفاق نے الجھتے ہوئے کہا۔ پہلے تو تمہیں اس گھر اور اس گھر کے لوگوں کے حق کا سوچنا چاہیے۔ میں اس گھر میں سب سے بڑا ہوں ۔ ابو نہ ہونے کی وجہ سے اس گھر کا سربراہ ہوں ۔ میری بیوی ہونے کے ناطے تمہارا فرض ہے کہ تم میری اور میرے گھر والوں کی خوشی کا خیال رکھو۔ میری ماں میرے لیے ہر شے سے مقدم ہے اور اگر وہ کچھ کہہ دیں تو میں جہاں تک ہو سکے کوشش کرتا ہوں کے پورا کروں ۔ تم بھی ایسا ہی کرو گی۔ آخری الفاظ ادا کرتے ہوئے اس کی زبان میں سختی آ گئی تھی۔

 نصرت نے کٹے ہوئے لہجے میں کہا اور اگر میں ایسا نہ کروں ۔ آفاق اچھل کر کھڑا ہو گیا۔ دیکھو نصرت  ، میرا خیال ہے کہ ایک بات تم اچھی طرح سمجھ لو ۔ اگر تمہیں اس گھر میں میری زندگی میں رہنا ہے تو ویسے رہنا ہو گا، جیسے میں چاہتا ہو۔ ورنہ ۔ اس نے دانتوں کو پیستے ہوئے اسے گھورا۔

وہ کمرے سے جا چکا تھا۔نصرت کو احساس ہو چکا تھا کہ اس کی ماں بار بار اسے کیا سمجھانے کی کوشش کرتی تھیں۔ اس کے دل میں آفاق کے لیے عجیب سے خیالات جنم لے رہے تھے ۔ ایک طرف وہ اسے منافق کہہ رہی تھی تو دوسری طر ف خود غرض۔ نصرت نے آئینہ کے سامنے جا کر دیکھا اور خود سے کہنے لگی۔ شادی کا مطلب میں نے مفت میں خود کو بیچ دیا۔ اب خریدار طے کرئے گا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ کیا نہیں کرنا۔ میری زندگی کا مقصد بھی وہی طے کرئے گا۔وہ اپنی انکھوں میں جھانکنے کی کوشش کر رہی تھیں جو کبھی کسی موقع پر نہیں جھکیں تھیں ۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر میں نے اس گھر میں رہنا ہے تو اس کی مرضی اور اس کے حکم کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ اس نے دل ہی دل میں سوچا اور اگر مجھے اس کے گھر میں رہنا ہی نہ ہو توَ؟

غصے سے اس کے پورے جسم میں کپکپاہٹ ہو رہی تھی ۔ آفاق کی امی کمرے میں داخل ہوئیں ۔ انہوں نے نصرت کو دیکھتے ہی کہا۔ نصرت بیٹا میرے بھائی آ رہے ہیں ۔ اچھے سے تیار ہو جاو۔ وہ شادی پر نہیں آ سکے ۔ پولیس والوں کی نوکری  بھی نا۔ وہ شہر سے باہر تھے ۔ میرے بھائی ، میرے لیے سب کچھ ہیں ۔ انہوں نے آفاق کے لیے بہت کچھ کیا۔ وہ تو اپنی بیٹی بھی دینا چاہتے تھے مگر آفاق نے کہا بہت چھوٹی ہے ،عاتکہ۔ مجھے تو اپنے بیٹے کی خوشی سب سے آگے ہے ۔ جلدی سے تیار ہو جاو۔ وہ کمرے میں اس طرح گھوم کھوم کر چیزیں ٹھیک کر رہی تھیں ،جیسے ہر شے اپنی جگہ پر نہ ہو۔ انہوں نے بات ختم کرنے والے انداز میں کہا۔ سنو بیٹا ، اپنے کمرے کو ذرا صاف رکھا کرو ۔ آج کل لڑکیوں کو ماں باپ سکھاتے ہی نہیں ہیں کہ سب سے پہلے گھر اور شوہر ۔ میں تو اپنی آمنہ کو سمجھاتی رہتی ہوں ۔ یہ پڑھنا لکھا، اتنا اہم نہیں ہے ، سلیقہ ہی عورت کا اصل گہنا ہے۔ میرا آفاق بڑا غصے والا ہے ۔ جب بھی بات کرو ، موقع دیکھ کر کرنا۔ شوہر ، شوہر ہوتا ہے بیٹا۔ اس کے ابو تو غصے میں مجھ پر ہاتھ اُٹھا جاتے تھے۔ نصرت نے ان کی تمام باتوں میں پہلی دفعہ ان کی طرف مڑ کر دیکھا اور حیرت سے کہا۔ تو آپ کیا کرتی تھیں ؟

تنزیلہ نے منہ بھسوڑتے ہوئے کہا۔ کرنا کیا تھا۔ شوہر سے محبت اتنی ہو جاتی ہے کہ اس کی ذیادتیوں پر غصہ نہیں  آتا ، افسوس ہوتا ہے۔ نصرت نے حیرت سے ان کی طرف دیکھا۔ آپ کا مطلب آپ کچھ بھی نہیں کرتیں تھیں۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا۔ ایک دو دن چپ چاپ رہتی تھی۔ پھر وہی میں ، وہی تو۔ میاں بیوی ایک ہی ہوتے ہیں  ۔نصرت سے نہ رہا گیا۔ اس نے اپنی ساس کی طرف دیکھتے ہوئے فوراً کہا ، پھر تو  بیوی کو بھی غصے میں لگا جانا چاہیے نا۔ میاں بیوی ایک جو ہوتے ہیں ۔ وہ ہنسنے لگیں ۔ نصرت کو ایسا لگا کہ انہوں نے اس کی بات کو کوئی مذاق سمجھا ہے۔ وہ بولیں ۔ اگر عورت اپنے میاں کو مارے گی تو سوچو! میاں چھوڑے گا کیا۔ اللہ نے مرد کو طاقت ور بنایا ہے اور عورت کو کمزور۔

 نصرت نے یہ بات اپنی ماں کے منہ سے بھی کہیں بار سنی تھی۔ اس نے ایک لمبی سانس لیتے ہوئے کہا۔ آج کل جنگیں ، عقل سے جیتی جاتی ہیں طاقت سے تو جانور لڑتے ہیں۔ پہلی بار نصرت کی ساس نے اسے گھورا اور وہ قدرے غصے سے بولیں ، تم  میرے بیٹے کو جانور کہہ رہی ہو۔ نصرت نےحیرت سے انہیں دیکھا۔ آپ جو اتنی دیر سے عورتوں کی توہین کر رہی ہیں ، آنٹی۔ میں نے تو نہیں کہا آپ میری بات کر رہی ہیں ۔ آپ عورتوں کی بات کر رہی ہیں اور میں مردوں کی۔بس ۔ اس سب میں آفاق کہاں سے آ گیا۔ وہ غصے سے اُٹھیں اور کمرے سے رفو چکر ہو گیں۔ وہ دھیرےدھیرے کچھ کہہ رہی تھیں ، مگر نصرت نے سننے کی کوشش نہ کی۔

نصرت سوچ رہی تھی کہ وہ تیار ہو یا نہیں ہو۔ ساس صاحبہ تو یوں بھی خفا ہیں۔ میاں جی بھی کپڑے جھاڑ کر گئے ہیں تو کیوں نہ کوئی مووی ہی دیکھ لی جائے ۔ ہر شے سے ذرا دور جانے کا یہی ایک طریقہ ہے ۔ اس نے کمپیوٹر آن کیا اور فلم دیکھنے کے لیے سرچ کرنے لگی۔ابھی سرچ مکمل بھی نہیں ہوئی تھی ۔ آمنہ ، آفاق کی بہن نے کھٹاک سے دروازہ کھولا اور اندر آ گئی ۔

 اس نے نصرت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ ارے بھابھی آپ ابھی تیار نہیں ہوئیں ۔ آپ کو پتہ ہے نا ماموں آ رہے ہیں ۔ ہمارے ماموں جی  صرف آپ کو دیکھنے آ رہے ہیں ۔ ان کی پوری فیملی بھی ہو گی ساتھ۔ کچھ بنا نا بھی ہے ۔ تیار ہونے کے بعد کچن میں آئیں ۔ امی نے یہ بڑی سی لسٹ دی ہے ۔ کھانا آپ ہی نے بنانا ہے ۔ وہ فل سٹاپ لگائے بغیر بول رہی تھی۔ نصرت کا دماغ گھوم رہا تھا۔ اس نے اپنے لہجے پر قابو رکھتے ہوئے کہا۔ کسی کے کمرے میں آنے سے پہلے ناک کی جاتی ہے۔ ۔۔۔نہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عارفہ نے چیخ کر کہا ۔ تم کر کیا رہی ہو۔ رمشہ نے ابو بکرسے دور ہوتے ہوئے ، اپنے کپڑے ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔ عارفہ نے اس کے قریب آ کر ذور دار طمانچہ اس کے منہ پر مارا۔ ابو بکر حیرت سے مما کو دیکھ رہا تھا۔ اس نے پہلی دفعہ اپنی ماں کو ہاتھ اُٹھاتے دیکھا تھا۔ رمشہ رو رہی تھی۔ عارفہ نے غصے سے کہا۔ آپ کو مما نے کہا تھا نا کوئی بھی آپ کو اگر غلط طریقے سے ٹچ کرئے تو آپ مما کو بتائیں گئے۔ ابو بکر نے روتے ہوئے کہا۔ وہ مما رمشہ آپی نے کہا تھا کہ وہ اس کے بعد میرے ساتھ ہائیڈ اینڈ سیک کھیلیں گیں۔پھر ہم ریس بھی کریں گئے۔ انہوں نے کہا اگر میں نے اس گیم کا آپ کو بتایا تو وہ مجھ سے کچھ نہیں کھیلیں گیں۔ عارفہ کو رمشہ پر اس قدر غصہ آ رہا تھا کہ اس کا جی چاہ  رہا تھا اس کی مذید پٹائی کرئے ۔ مگر اس نے اس کا ہاتھ پکڑا اور باہر لے آئی ۔

عارفہ نے اسے بچوں کے کمرے میں جانے سے منع کر دیا۔ رمشہ کافی پریشان دیکھائی دے رہی تھی۔ اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ اب کیا کرئے۔عارفہ نے غصے سے کہا۔ کتے کو گھی ہضم نہیں ہوتا۔ میری ہی غلطی تھی کہ تمہیں اپنے بچوں کی طرح سمجھا ، اتنی گھٹیاحرکت کرتے ہوئے تمہیں شرم نہیں  آئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔