پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فسادی : کنول نوید

میڈم فرحت  سے اکثر بات جیت میں نصرت اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرتی ۔ میڈم فرحت نے اسے این جی او جوائن کرنے کا مشورہ دیا۔ نصرت جانتی تھی کہ اس کے گھر والوں کو منانا ، لوہے کے چنے چپانے کے برابر تھا ، مگر وہ جانتی تھی کہ کیسے سب کو راضی کرنا ہے ۔ اس نے میڈم فرحت کو اپنی امی سے بات کر کے منانے کی درخواست کی تو وہ راضی ہو گئی ۔ جب وہ نصرت کی امی سےملی تو انہیں منا نہیں پائیں ۔ میڈم فرحت نے پھر تنہائی میں کہا۔ یار تمہارے گھر والے تو بہت بیک ورڈ ہیں۔ بُرا نہیں منانا ، مجھے تو لگا تھا ،تمہاری امی ،تمہاری طرح ہوں گی لیکن ۔ نصرت مسکرانے لگی۔ کوئی بات نہیں میم آپ نے کوشش تو کی ۔ وہ دونوں ہنسنے لگی۔ اچانک سے ابو جی کی آواز آتے ہی نصرت نے کمرے کا پردہ اُٹھا کر بلایا۔ ابو جی یہ میری میم ہیں ۔ کالج میں پروفیسر ہیں ۔ ابو جی نے اندر آ کر سلام کیا تو میم فرحت کھڑی ہو کر ان کا جواب دینے لگی۔ ابو جی ،وہ یہ امی سے کہہ رہی تھی کہ میں ایک دو ماہ ان کی مدد کروں ۔ جب تک ایم ،اے کا رذلٹ نہیں آتا۔

ابو جی نے صوفہ پر بیٹھتے ہوئے کہا ۔ مدد ، کیسی مدد۔ نصرت نے فوراً سے کہا، غریبوں کی مدد۔ ان کی این ،جی ، او خدمت خلق کرتی ہے نا۔ جیسے ایدھی والے کرتے ہیں ۔ بس ایسا ہی ادارہ ہے ، ان کا بھی ۔ ابو جی نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔ تمہارے تو امتحان شروع ہو رہے ہیں نا۔ نصرت نے کہا۔ جی ابو جی ۔ یہ امتحان کے بعد کا کہہ رہی ہیں ۔ یہ خود بھی ہوتی ہیں وہاں تین سے پانچ بجے تک ۔ ابو جی نے حیرت سے کہا۔ صرف دو گھنٹے کے لیے۔ نصرت نے فوراً کہا ابو جی مختلف اوقات کے لیے مختلف لوگ ہیں ۔ کام کے لیے ۔ اب فری میں کوئی سارا دن خدمت خلق تھوڑا ہی کرتا ہے۔ مگر دُعا کے لیے کچھ تو کر ہی سکتے ہیں نا۔ ابو جی نے مسکراتے ہوئے کہا۔ ہاں توٹھیک ہے دو ماہ کے لیے ٹیچر کی بات سنی جا سکتی ہے ۔ کر لو۔ نصرت نے منہ بناتے ہوئے کہا۔ امی نے تو منع کر دیا۔

ابو جی نے مہر ثبت کرتے ہوئے کہا۔ کر لو ، کر لو ۔کچھ نہیں ہوتا ۔ میم فرحت اور نصرت مسکرانے لگی ۔ ابو جی اُٹھ کر کمرے سے جا چکے تھے۔ میڈم فرحت نے کہا ۔ تم نے تو حقوق نسواں کا نام ہی نہیں لیا۔ وہ ہنس کر بولی ۔ میرے ابو جی  عورت کو حقوق دینے کے حق میں نہیں ، مگر بیٹی کا معاملہ اور ہے ان کے نزدیک ۔ آپ نہیں سمجھ سکتی ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

رمشہ کو گالی دیتے سن کر عارفہ کو شدید غصہ آیاس نے وارننگ دے کر اسے چھوڑ دیا۔ اس کا جی چاہا کہ وہ وقار سے اس کا تذکرہ کرے مگر اس نے سوچا کہ وہ اسے فوراً رمشہ کو ہٹانے کا  بول دے گئے۔ وہ کھیلونوں کو سمیٹنے اور چھوٹے چھوٹے کاموں میں عارفہ کے کے بہت اچھی تھی۔

عارفہ کی بہن  نمرہ جب اس سے ملنے آئی تو رمشہ کو دیکھ کر افسردگی سے کہنے لگی ۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کو کام پر لگا دینا کس قدر ظلم ہے، عارفہ نے حامی بھرتے ہوئے کہا۔ کہہ تو آپ ٹھیک رہی ہیں ۔ اگر ہم جیسے لوگ انہیں کام نہ بھی دیں تو ، انہوں نے کون سا پڑھنا لکھنا ہوتا ہے ۔ کاغذ چننے سے تو اچھا ہے نا کہ انہیں ہماری وجہ سے اچھا کھانا چھت اور اچھا ماحول میسر آتا ہے۔ جب میں اسے رکھنے لگی تھی تو مجھے بھی ایسا ہی لگا کہ اتنی چھوٹی بچی کو کام پر رکھ لینا ،پتہ نہیں اچھا ہے یا نہیں ۔ مگر اب میں سوچتی ہوں ۔یہاں اسے کھیلنے کے لیے کھیلونے ۔ کھانے کے لیے کھانا اور پھر ایک ماہ کا تین ہزار روپیہ ملتا ہے۔ جو نہ صرف اس کے لیے بلکہ اس کی فیملی کے لیے بھی اچھا ہے۔

باجی جب یہ آئی تھی تو بہت گندی رہتی تھی ، میں نے اسے کپڑے لےکر دیے ۔ اب بچوں کے ساتھ ہر وقت ہوتی ہے تو ،میں بچوں کی طرح ہی اس کا خیال رکھتی ہوں ۔ نمرہ نے مسکرا کر کہا ،یہ تو تم بہت اچھا کرتی ہو۔ اللہ اجر دینے والا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

امتحان ہو چکے تھے اور نصرت نے این ، جی ،او جانا شروع کیا۔آفا ق وہاں شام کو جب آتا تھا۔تب تک وہ واپس گھر جا چکی ہوتی ۔ این ۔ جی ۔ او میں اس کی ملاقات کبھی آفاق سے نہیں ہوئی۔ وہاں اس کی ملاقات روز ہی معاشرے کی ستائی ہوئی اور زخم خوردہ خواتین سے ہوتی مگر ایک کیس کو دیکھ سن کر اس کے رونگٹے کھڑے ہو گئے ۔ وہ عروج کا کیس تھا۔ وہ چودہ سال کی بچی تھی۔ وہ کسی سے بھی بات جیت نہیں کرتی تھی۔ جب اسے ایک آدمی این ،جی ،او چھوڑ کر گیا تو اس کا چہرہ خوف سے تنا ہواتھا۔ نصرت نے اسے پانی دیا۔ تو اس نے ایسے پیا ۔ جیسے صدیوں کی پیاسی ہو۔بہت کوششوں کے بعد جو ایک لفظ اس کے منہ سے ادا ہوا ،وہ اس کا نام تھا۔ عروج کو اپنا گھرادارے میں چھوڑنے کے بعد جب میڈم فرحت اور نصرت واپس آ رہی تھیں تو میڈم فرحت نے افسردگی سے کہا۔ پتہ نہیں کیا مسلہ ہو گا اس بچی کے ساتھ ۔ کیسا معاشرہ ہے ہمارا۔ بچیاں اپنے ہی گھروں میں محفوظ نہیں ۔ کون تحفظ دے گا انہیں؟نصرت نے میڈم فرحت کی بات سننے کے بعد سوچتے ہوئے کہا۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کوئی اغوا کا کیس ہو۔

 میڈم فرحت نے کہا۔ نہیں ۔ میں نے اسے کہا گھر جانا ہے تو اس نے نفی میں سر ہلایا۔ اس کی انکھوں میں ابھرتے آنسو کوئی اور ہی کہانی کہہ رہے  تھے۔ کل جا کر پتہ کرتے ہیں ۔ جب دوسرے دن فرحت اور نصرت اس لڑکی سے ملی اور محبت اور ہمدردی سے گلے لگایا تو وہ رونے لگی۔

فرحت کو اس کی امی نے فون کر کے اپنے پاس آ نے کو کہا۔ نصرت کو اس لڑکی کے پاس چھوڑ کے فرحت واپس گھر چلی گئی ۔ اس نے نصرت سے کہا وہ دو گھنٹے بعد اسے آ کر پک کر لے گی ۔ وہ جاننے کی کوشش کرئے کہ لڑکی کے ساتھ مسلہ کیا ہے۔نصرت نے بہت کوشش کی کہ اسے کچھ پتہ چلے مگر عروج تھی کہ منہ کھولنے کا نام نہیں لے رہی تھی ۔ وہاں رہنےوالی عورت نے بتایا کہ بی بی جی یہ تو پیٹ سے ہے اور اس کا معاملہ بھی   پیچیدہ ہے ڈاکٹر نے کہا ہے کہ حمل ساقط بھی نہیں کروا سکتے ۔ جلیل صاحب نے تو ڈاکٹر سے کہا ہے کہ یہ خود تیرہ ، چودہ سال کی بچی ہے مگر ڈاکٹر  کا کہنا ہے کہ جان چلی جائے گی اس کی ۔ وہ یہ کام نہیں کرئے گا۔ نصرت نے افسردگی اور حیرت سے کہا۔ یہ تو چھوٹی سی ہے ۔ وہاں رہنےوالی تمسخر خیز لہجہ میں بولی ۔ یہاں تو اس سے بھی بہت چھوٹی چھوٹی آتی ہیں ۔

نصرت نے دوبارہ عروج سے پوچھا ،جو اس کی اور دوسری عورت کی باتیں سن رہی تھی۔ تم کہاں کی ہو۔ ماں باپ کہاں ہیں تمہارے۔ وہ رونے لگی۔ نصرت نے اسے گلے لگا لیا تو اس نے دھیرے سے کہا۔ مر گئے۔ نصرت  کی انکھیں بھی بھیگ گئیں ۔ نصرت نے   پھر پوچھا ۔ یہ بچہ کس کا ہے؟اس نے اسی طرح گھٹی ہوئی آواز میں کہا۔ پتہ نہیں ۔

نصرت نے اسے گلے سے ہٹا کر اس کے چہرے کو دیکھتے ہوئے کہا۔ تم  نے اسے دیکھا نہیں ۔ وہ کون تھا ،جس نے تمہاری زندگی برباد کر دی۔ اس نے منہ کے آگے ہاتھ رکھتے ہوئے کہا۔میرے خالو اور ان کا بیٹا۔ نصرت نے حیرت سے کہا۔ کیا ؟ انہیں ذرا رشتے کا پاس نہیں ہوا۔ کیسے گھٹیا لوگ ہو ں گئے ۔

تمہارے اور رشتے دار نہیں تھے ۔ تم نے ان سے مدد کیوں نہیں لی؟ اس نے روتے ہوئے کہا۔ میری خالہ  مجھ سے بہت پیار کرتی تھیں ۔ میرے  بابا تو  جب میں دو سال کی تھی مر گئے ۔ میری ماں بھی چار سال بعد مر گئی تو میری خالہ مجھے اپنے ساتھ اپنے گھر  لے آئیں ۔ وہ مجھے اپنی بیٹی کی طرح چاہتی تھی۔ وقت گزرتا رہا۔ میرے خالو کی کب گندی نظر مجھ پر پڑی ۔ مجھے بھی نہیں پتہ ۔ پڑھائی میں میرا دل نہیں لگتا ۔ خالہ مجھے پڑھائی کے فائدے گنواتی ۔ میں چاہ کر بھی انہیں کچھ بتا نہیں پا رہی تھی۔ پھر ایک  دن خالہ کو تو نہیں ،ان کے بیٹے وقار کو پتہ چل گیا۔ اس نے بھی ،اس بات کا فائدہ اُٹھایا۔

دونوں باپ بیٹا خبیث تھے۔نصرت نے افسوس سے کہا۔ تم نے اپنی خالہ کو کیوں نہیں بتایا۔ پتہ نہیں کہہ کر وہ سسکیاں بھرنے لگی ۔ نصرت نے اسے پانی دیا۔

 کافی دیر کی خاموشی کے بعد نصرت نے اس سے پوچھا ۔ پھر تم یہاں کیسے پہنچی۔ نصرت کے پوچھنے پر اس نے بے بسی سے کہا۔ خالہ کو میرے حمل ٹھہرنے کا پتہ چل گیا۔ جب انہوں نے مجھ سے پوچھا تو میں نے سب کچھ صاف صاف بتا دیا۔ پہلے تو وہ حیرت سے مجھے دیکھتی رہی ، پھر انہوں نے خاموشی  اختیار کر لی ۔ تقریباً تین دن کے بعد انہوں نے اپنے بیٹے سے میری شادی کا فیصلہ کیا۔ جسے خالو اور وقار (میرے کزن)نے ماننے سے انکار کر دیا۔ میری خالہ نے جب انہیں دھمکی دی کہ وہ ان کا کیا ۔پورے خاندان کو بتا دیں گی ،تو خالو نے انہیں بہت مارا۔ میری خالہ نے مجھے بتایا کہ خالو اور وقار مجھے بدکرداری کا الزام دے کر قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے مجھے گھر سے بھاگ جانے کا مشورہ دیامگر یہ تو بتایا ہی نہیں کہ میں جاوں کہاں ۔ میں وہاں سے بھاگ نکلی ۔ خالہ کے دیے ہوئے پیسے میرے پاس تھے ۔میں نے رکشہ والے سے جب کہا میرا کوئی گھر نہیں ہے تو وہ کوئی بھلا آدمی تھا مجھے این جی او چھوڑ گیا۔ ۔ وہ روتے روتے سسکیوں میں اپنی چودہ سالہ زندگی کو چودہ منٹ میں بیان کر چکی تھی ۔ جو اس نے نہ جانے کیسی کیسی اذیت سہتے ہوئے گزاری تھی۔ دل خراب ہونے کی وجہ سے وہ ان چودہ منٹ میں سات دفعہ قہ کر چکی تھی۔ نصرت نے بھرے ہوئے دل میں ایسے گھٹیا مردوں کے لیے شدید نفرت محسوس کی۔ وہ افسردگی سے عروج کے معصوم چہرے کی طرف دیکھ رہی تھی ۔ جس پر زندگی زوال کی طرح مسلط تھی۔

 وہ دل ہی دل میں سوچ رہی تھی ۔ جرم کرنے کی شہ ساری معاشرہ دیتا ہے۔ مرد کھلے سانڈ کی طرح جہاں چاہے سینگ مارتے پھرتے ہیں۔ عورت معاشرے میں کیا مقام رکھتی ہے۔ عروج کی خالہ  اگر کسی طریقے سے اپنی خبیث اولاد اور شوہر کا منہ دنیا کے سامنے کالا کروا دیتی تو شاہد چیونٹی کے ننھے قدم جتنی تو حرکت ہوتی ۔کتے کو اگر ڈر نہ ہو تو قصائی کی ساری دوکان میں جگہ جگہ چھتڑے ہی چھتڑے ہوں ۔

اوہ میرے اللہ وہ اپنے دل میں واقعات کا تجزیہ کر ہی رہی تھی کہ میڈم آ گئی ۔ کچھ دیر بات جیت کے بعد وہ واپس گھر آ گئی۔ وہ اتنا روئی تھی کہ اس کا پورا تکیہ بھیگا ہوا تھا۔ وہ دل ہی دل میں سوچ رہی تھی کاش میں اس کے لیے کچھ کر سکتی۔وہ جانتی تھی کہ وہ کچھ نہیں کر سکتی ۔۔۔ وہ دل ہی دل میں سوچ رہی تھی ۔ کیا واقعی اللہ تعالی کی ذات ہے ، اگر ہے تو بے بس اور لاچار لوگوں کی مدد کیوں نہیں کرتا۔ اب غلط کام کرنے والے سور اور بندر کیوں نہیں بنتے ۔ ظلم کرنے والوں کو کسی کا کوئی ڈر نہیں ۔ بے بس لوگ سسک سسک کر دم توڑ دیتے ہیں ۔ شکووں کا ایک انبار لیے وہ کب سوئی، اسے خود پتہ نہیں تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نصرت نے میڈم فرحت سے عروج سے متعلق بات جیت کرتے ہوئے کہا۔ کیا ہم عروج کے لیے اور کچھ نہیں کر سکتے۔ وہ اب کیا کرئے گی۔ میری تو سمجھ میں نہیں آ رہا۔ اس کے بچے کا کیا ہو گا۔ سوچ سوچ کر دماغ خراب ہوتا ہے مگر مسلہ کا حل نہیں سوجھتا۔ میڈم فرحت نے افسردگی سے کہا۔ ہمارا کلچر ایسا ہے کہ ایک طرف تو بیٹیاں عزت ہوتی ہیں دوسری طرف انہی کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ خیر تبدیلی آ رہی ہے ۔ ہر طرح کے لوگ ہوتے ہیں ۔ مرد  وں میں بھی ذیادہ تر محافظ ہی ہیں ۔ چور لٹیرے تو ہر جگہ ہوتے ہیں ۔ بیٹیوں کو عزت دینے والے لوگ بھی بہت ہیں ۔ اصل مسلہ تعلیم کی کمی کا ہے۔ نصرت نے تردید کرنے والے انداز میں کہا ۔ تعلیم اور تربیت دو مختلف چیزیں ہیں ۔ بہت علم رکھنے والے لوگ جو پوری دنیا کے ساتھ سلوک کرنا جانتے ہیں ۔ اپنی بیوی سے ان کا رویہ اور سلوک نوکروں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک سے بھی بدتر ہوتا ہے۔آپ ایسے لوگوں کے بارے میں کیا کہیں گی۔میڈم فرحت نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔ تم ٹھیک کہہ رہی ہو ۔ مگر ایسے لوگ بہت ہی کم ہوتے ہیں ۔ میرا خیال ہے کہ تعلیم کسی نہ کسی حد تک انسان کو متاثر کرتی ہی ہے۔

میڈم فرحت نے جب نصرت کو مایوس پایا تو پیار سے بولی ، اللہ بہتر کرئے گا۔ عروج کم سے کم اچھی جگہ تو ہے ۔ غلط لوگوں کے ہاتھ میں نہیں ہے۔

 کچھ دن بعد  جب وہ دوبارہ ایک دوسری عورت کو اپنا گھر چھوڑنے گئی تو نصرت نے وہاں کام کرنے والی عورت سے عروج کا پوچھا۔ نصرت کو اس نے بتایا کہ اسے تو اس کے خالو لے گئے ۔ نصرت نے سر پکڑ کر کہا۔ خالو۔

 نصرت نے چیختے ہوئے کہا ۔ وہ کیسے چلی گئی۔ کام کرنے والی نے منہ بناتے ہوئے کہا۔ بڑے بااثر لوگ تھے جی ۔ ادارے کو اچھا خاصا ڈونیشن بھی دیا ہے ۔انہوں نے ۔ان کا کہنا تھا کہ بچی کا دماغ خراب ہے ۔ کسی نے اس کا فائدہ اٹھا لیا ۔

 نصرت نے غصے سے کہا۔ پیسوں کے لیے عروج کو ان کتوں کے حوالے کر دیا۔ نصرت روتے ہوئے گھر واپس آئی تو اس کی امی پریشان ہو گئی۔ وہ نصرت کے پاس بیٹھ کر پوچھنے لگی  مگر نصرت بے بسی سے صرف روتی رہی ۔اس سے ایک لفظ ادا نہ ہوا ۔ ہوتا بھی کیسے ۔ جہاں بے بسی زندہ ہو زبانیں مفلوج ہو جاتی ہیں ۔

اس نے روتے ہوئے کہا۔ امی یہاں کچھ نہیں ہو سکتا۔ اس کا دل بیٹھ گیا۔ اس نے دوسرے دن میڈم فرحت سے کہا وہ اب  اس سلسلے کا کوئی کام نہیں کرئے گی۔ فرحت نے اسے سمجھاتے ہوئے کہا۔ ہم اپنی سی کوشش تو کر سکتے ہیں ۔ کوشش ہی زندگی ہے۔ ممکن ہے کہ ہماری کوشش آج نہیں تو ایک صدی بعد رنگ لائے ۔ ہماری کوشش ہماری اولاد کو اس تفریق سے نکال دے ، جس کا شکار ہم ہیں ۔ نصرت نے روتے ہوئے کہا۔ آپ کو میں نے سب بتا دیا تھا۔ آپ اس کے لیے کچھ نہیں کر سکی ۔ میں نہیں کر سکی۔ یہ سب دیکھاوا پھر کس لیے۔ ہم نے کچھ نہیں کیا۔ بس پکڑ کر اسے چھوڑ آئے ، مرنے کے لیے۔ بات تو تب ہو کہ ہم سہارا بنیں ۔ دس بھیڑیں مل کر چرواہا نہیں بن سکتیں ۔ ہم سہارا نہیں ہیں ۔ میم کوئی سہارا نہیں ہے۔ آپ کو یہ این ،جی ، او بند کر دینی چاہیے ۔ میگزین نکالنے اور کہانیاں لکھنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ ہم مفلوج لوگ ہیں ۔ فرحت کو لگا وہ اسے قائل نہیں کر سکے گی ۔ اس نے کہا ، ٹھیک ہے نصرت ۔ جیسے تمہاری مرضی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔