(قسط نمبر )2
اس کی امی کو اس کی یہ عادت اور بھی ذیادہ بُری لگتی تھی۔ وہ تحقیق کے ساتھ لڑائی کرتی کوئی اس کو پچھاڑ ہی نہیں سکتا تھا۔ اس نے دل ہی دل میں کہا ۔ میں اپنا گھر خود بناوں گی ۔ اس کی ایسی کی تیسی جو مجھے نکالے ۔
اپنے ارد گرد ہونے والی نا انصافیوں میں جو سب سے بڑی نصرت کو نظر آتی وہ جنس کے نام پر لڑکی اور لڑکے میں کیا جانے والا تضاد تھایا پھر یہ اس کا ماضی تھا جس نے اس کی سوچوں کو منفی رُخ دے دیا تھا ۔ اسے معاشرے میں پنپنے والے دیگر ناسور نظر ہی نہیں آتے تھے۔
اسے لگتا کہ لڑکیوں کو معاشرے میں ردی پیپر سمجھا جاتا ہے۔ کسی لڑکے کو تو اس تضاد پر کوئی اعتراض نہ تھا ، ہوتا بھی کیوں لڑکے کے حصے میں چارپائی اور لڑکی کے حصے میں چٹائی ۔ یہی قانون ہے ہمارے معاشرے کا۔نصرت کو سمجھ نہیں آتا تھا کہ اسلام کے نام پر یہ فرق روا کیوں رکھا جاتا ہے۔ اس نے پورے قرآن کا ترجمہ پڑھ ڈالا ، اللہ نے کہیں بھی عورت اور مرد کی اس طرح تقسیم نہیں کی ،جس طرح معاشرہ نے کی ہے۔مرد کو نگہبان بنانے کاذکر ہے حاکم بنانے کا نہیں ، تراجم کی غلطیوں نے عورت کی زندگی کو ہی غلط بنا کر رکھ دیا۔ ایسی ایسی احادیث بیان کی جاتی ہیں کہ نہ تو ان کی اصل کا ذکر کرنا ضروری سمجھا جاتا ہے اور نہ منقول کرنے والا اپنا تعارف کروانا ضروری سمجھتا ہے۔ نصرت نے جب سے ہوش سنبھالا تھا ۔ اس کے دل و دماغ اس تقسیم کو شدید ناپسند کرتے تھے جو جنس کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں رائج ہے۔وہ مجازی خدا کے تصور سے ہی نفرت کرتی تھی۔ پیدا ہونے کا عمل لڑکے کا اور لڑکی کی ایک سا ہوتا ہے۔ خون کا رنگ ایک سا ، درد سہنے ،رونے کا طریقہ ایک سا۔ پھر مقدم ہونے کا سوال ہی کہا ں پیدا ہوتا ہے۔ نصرت کی ایک دوست نے اس کی دُکھتی رگ پر ایک بار ہاتھ رکھ ہی دیا۔ایک سوال اور نصرت کا چہرہ سُرخ اور خاموشی۔فرزانہ نے نصرت کے چہرے کی بدلتی رنگت کے زیر اثر مذید سوالات کرنا مناسب نہیں سمجھا۔
لفظ بیان نہیں کر سکتے تمام حالت دل کی
مگر چہرے کر دیتے ہیں دلالت دل کی
فرزانہ جانتی تھی ،کچھ تو ہے جس نے نصرت پر گہرا اثر کیا ہے۔ وہ مگر اس بارے میں نہ تو کوئی بات کہنا چاہتی تھی اور نہ ہی سننا چاہتی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سغرہ نے جب تین ہزار روپے ماہوار کا سنا تو خوشی سے اس کے چہرے کی رنگت بدل گئی۔رمشہ کو آپ رکھ لو باجی ، اپنی بیٹی سمجھنا ، ذیادہ ڈانٹنا نہیں۔باجی میری بچیاں بڑی سمجھدار ہیں ۔ آپ جو کام کہو گئی کرے گی۔ عارفہ نے کچھ دیر رمشہ کی طرف دیکھا اور کہا۔ کام تو میں اس سے زیادہ نہیں لوں گی۔ بس بچوں کو دیکھنا ہے ۔ الٹی سیدھی حرکت نہ کریں ۔ کھیلنے کی چیزوں سے کھیلیں ۔عارفہ نے رمشہ کو رکھ لیا۔ رمشہ ابو بکر اور عاتکہ کے کھیلونوں کو دیکھتے ہی ہر ایک کو چھونے اور کھیلنے کے لیے بے چین تھی مگر کبھی وہ سغرہ اور کبھی عارفہ کی طرف دیکھتی۔۔ ۔ وہ ان کے جانے کا انتظار کر رہی تھی۔
جیسے ہی وہ کمرے سے نکلیں ،رمشہ نے گلابی گڑیا کو لیا اور اس کے بال سہلانے لگی ہی تھی کہ عاتکہ نے اسے ٹانگوں سے کھینچ لیا۔ رمشہ نے سر سے اسے پکڑے رکھا۔ یہاں تک کہ گڑیا دو حصوں میں تقسیم ہو چکی تھی۔ ابو بکر چلایا ۔ مما مما۔ رمشہ کو عاتکہ پر بہت غصہ آیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نصرت نے بی اے کر لیا تھا اور اب اس کے لیے شادی کے پیغام آنے لگے ۔ وہ آگے پڑھنا چاہتی تھی۔ ابو جی نے اسے پیار سے پاس بیٹھا کر سمجھایا ۔ بیٹا دیکھو تم پی ایچ ڈی بھی کر لو ،بیلنی توتمہیں روٹیاں ہی ہیں تو اس قدر تعلیم پر پیسہ ضائع کرنے کا فائدہ۔ نصرت ابو جی کے سامنے اپنے باغیانہ خیالات کو رکھ کر جوتے نہیں کھانا چاہتی تھی ۔ اس نے خاموشی سے ابو جی سے کہہ دیا ۔ جو آپ مناسب سمجھیں کریں ۔ مگر جب کو ئی رشتہ لینے آتا تو اس کا رویہ بکری جیسا نہیں بلکہ شیرنی جیسا ہوتا۔ وہ منہ نیچے کر کے بیٹھنے کی بجائے سوال و جواب اور تکرار کرتی۔ رشتے دیکھنے کے لیے آنے والی عورتیں سمجھ جاتیں کہ وہ ان کے بیٹے کی جوتی کی نوک پر فٹ نہیں آئے گی تو وہ مایوسی سے رخصت ہو جاتیں ۔ امی کو ان سب حالات کا علم تھا جبکہ ابو جی کو کچھ پتہ نہ تھا۔
نصرت ابو جی کے پاس گئی اور منت سماجت کے انداز میں بولی ۔ ابو جی میں گھر میں فارغ رہ کر کیا کروں ، مجھے پڑھنے کی اجاذت دے دیں ۔ میرے پاس کافی پیسے ہیں جو میں نے جمع کیے ہیں ۔ کچھ سمسٹر تو ان سے کر ہی سکتی ہوں ۔ ابو جی کو اس کی بات معقول لگی ۔ ان کے تمام بچوں میں سے کسی نے ایم اےنہیں کیا تھا۔ وہ خود بھی کم تعلیم رکھتے تھے ۔ ایسے میں نصرت نے خوشامد کا طریقہ اپنایا۔ جبکہ امی اچھے سے جانتی تھی۔ ہاتھی کے دانت کھانے کے اوردیکھانے کے اور ہیں ۔ نصرت اور کسی کی تعریف۔ دو الگ باتیں تھیں۔ ابو جی نے خوشامد کو سنتے ہی نصرت کا ساتھ دینے کی حامی بھر لی ۔ امی نے ابو جی کو لجاحت سے دیکھتے ہوئے کہا۔ ہمارے خاندان میں تو کسی لڑکے نے ایم نہیں کیا۔ کون رشتہ کرےگا اپنے سے ذیادہ پڑھی لکھی لڑکی سے۔ نصرت نے غصے سے امی کی طرف دیکھا۔ اس سے نہ رہا گیا اس نے دھیرے سے کہا اب سب لنگڑے ہوں تو میں بھی اپنی ٹانگ کاٹ لوں ۔ امی نے تو نصرت کی بات سن لی پر ابو جی اپنی سوچوں میں گم تھے وہ انجان رہے کہ نصرت نے سب کو ایک ہی لاٹھی سے ہانک دیا اور سب کو لنگڑا کہہ دیا۔ قسمت انسان کے لیےبار بار دروازے پر دستک نہیں دیتی ہم اکثر یہ جھوٹ سنتے ہیں ۔یہ تو دروازوں کو توڑنے کی اہلیت بھی رکھتی ہے۔
نصرت کی قسمت نے اس کا ساتھ دیا اور اس نے ایم اے میں داخلہ لے لیا۔ کچھ باشعور لوگوں کے ساتھ اس کے دماغ میں مذید وسعت آ گئی۔ اس کا باغی پن ایک خاص سمت کی طرف جانے لگا، وہ عورتوں کے حقوق پر لکھنے لگی ۔ اس کی تحاریر پڑھ کر ہر عورت کو اسے داد دینے کا دل کرتا ۔ مگر اس کا ساتھ دینے کی ہمت کسی میں نہیں تھی۔ اس نے طلبہ سے مل کر ایک یونین بنائی جو عورتوں کو ان کے حقوق کے بارے میں بتانے کے لیے لیکچر کا اھتمام کرتی تھی۔ اس میں بہت کم خواتین شریک ہوتی۔ ایک دفعہ نصرت کو ایک عورت نے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی داستان سنائی ۔ اس نے اپنے شوہر کو ظالم جابر ثابت کرتے ہوئے بہت سی باتیں کیں ۔ نصرت نے اسے ایک این جی او کا پتہ دیا اور وہاں چلے جانے کا کہاتو وہ رونے لگی اور کہنے لگی ۔لوگ کیا کہیں گئے ۔ بے عزتی ہو گی۔ میرے بچوں کا کیا ہو گا۔ نصرت نے اسے دیکھا تو ہزاروں خوف اس کی انکھوں سے چھلک رہے تھے۔ نصرت کو اس دن انتہائی افسوس ہوا کہ عورت کا کچھ نہیں کیا جا سکتا جب تک وہ خود اپنے ہر خوف کو کچل کر نہ رکھ دے ۔یہ کام کوئی اور کسی کے لیے نہیں کر سکتا ۔یہ ایسے ہی ہے کہ دوائی بیمار کو ہی لینی ہوتی ہے۔ وہ اس عورت کو کافی دیر سمجھانے کی کوشش کرتی رہی ،مگر اس عورت نے ہزار شکائتوں کے باجود بھی شوہر اور گھر کو چھوڑنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔
یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران اس کی ملاقات آفاق سے ہوئ۔عورتوں کے عالمی دن پر آفاق اپنی ٹیم کے ساتھ یونیورسٹی آیا تھا۔ وہ پروفیسر اور سماجی کارکن تھا ۔ نصرت کو مقابلہ مضمون نویسی میں اول آنے پر اس نے مبارک باد تھی۔ آفاق کا تعارف اس کے ٹیچر نے اس سے کرواتے ہوئے کہا۔ نصرت یہ بھی عورتوں کے حقوق کے بہت بڑے حامی ہیں ۔ ان کی این ۔جی ۔او ۔ عورتوں میں شعور اور آگہی پھیلانے میں سر گرم ہے ۔ آفاق نے مسکراتے ہوئے کہا میں نے عورت سے متعلق غزل پڑھی ہے آپ کی۔ مجھے تو اس کے سارے اشعار ابھی بھی یاد ہیں ۔ کیا لکھا ہے۔ٹیچر جا چکی تھی پر آفاق اور نصرت ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے تھے۔ آپ نے کیا خوب اشعار لکھے ہیں۔وہ شعر دہرانے لگا۔
جسم سے نکل کر تھوڑی سی زندگی چاہیے
میرے وجود کو جیون کو کچھ تو آزاد ہونے دو
عزت و وراثت نہ ہی شے ہوں کسی کی کوئی
مجھے بھی سانس لینے دو دنیا میں آباد ہونے دو
تخلیق کا موجد رب ،مقام ملے اسے خدائی کا
باعث تخلیق ہوں مجھ پر، اب اجتہاد ہونے دو
محور فساد میں تھی ! نہ ہو سکتی ہوں فسادی
میں ناشاد ہوں تو جہاں کو بھی ناشاد ہونے دو
جلتے ہوئے چہرے، کہیں لٹتی ہوئی عصمت
فقط جنس کے باعث نہ عورت برباد ہونے دو
نصرت نے ہلکی سی مسکراہٹ سے کہا۔ آپ کا حافظہ خوب ہے
نصرت کو اپنے میگزین میں لکھنے کی آفر کے ساتھ آفاق نے اسے اپنا کاڑڈ دیا۔ اس نے نصرت سے دھیمے لہجے میں کہا۔ اگر آپ کے پاس وقت ہو تو ہماری این ،جی ، او میں آئیں ۔ ہمارے سماج کو صفائی کی ضرورت ہے۔
باہر کے گند کے بارے میں تو اکثر باتیں ہوتی ہیں مگر اندر کی گندگی کا کوئی نام بھی نہیں لیتا۔ آئے دن ایسے ایسے روح کو جھنجوڑنے والے حادثے ہوتے ہیں کہ خداکی پناہ۔ نصرت اس کی باتیں سنتی رہی ۔ وہ اپنے لیکچر میں اس قدر متحمقن تھا کہ اس نے سوچا بھی نہیں کہ نصرت کتنی دیر سے اس کی باتیں خاموشی سے سن رہی ہے۔ اگرچہ یہ اس کا پسندیدہ موضوع تھامگراس نے تنگ آ کر اپنی کلائی میں پہنی ہوئی گھڑی دیکھی ۔ آفاق کو اندازہ ہوا کہ وہ کافی دیر سے اسے خواہ مخواہ کی کہانیاں سنا رہا ہے۔ جن سے وہ بھی اُتنی ہی واقف ہے جتنا کہ وہ۔
آفاق نے مسکراتے ہوئے کہا۔ سوری میرا خیال ہے کہ میں نے آپ کا ذیادہ وقت لے لیا ۔ میڈم فرحت میری کزن ہیں ۔ آپ جانتی ہوں گی ،انہیں ۔ نصرت نے اثبات میں سر ہلاتے ہوئے کہا۔ جی وہ اردو والی۔ آئی نو دیٹ ون ۔آفاق نے پھر دور سے میڈم فرحت کو دیکھا تو وہ اتفاق سے انہی کی طرف آ رہی تھی۔ نصرت نے دل ہی دل میں شکر کا کلمہ پڑا ۔ میڈم فرحت نے نصرت کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا۔ تم تو چھا گئی ۔ اپنے قلم کو کبھی نہ روکنا۔ آفاق ، یہ دیکھو یہ ہے ہمارا مستقبل ۔ آج کی عورت ۔ وہ وقت دور نہیں جب ہمارے معاشرے کی عورت بھی اپنے تمام ہنر کا اظہار کر سکیں گئیں ۔نصرت نے مسکراتے ہوئے کہا۔ انشااللہ ۔
نصرت نے میڈم فرحت کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔ میڈم بہت دیر ہو رہی ہے ۔ مجھے اب جانا چاہیے ۔ اللہ حافظ۔ نصرت اور میڈم فرحت ایک ہی گاڑی میں آتے جاتے تھے ۔ راستے میں بات جیت نے نصرت اور میڈم فرحت کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا تھا۔ یہاں تک کہ میلاد اور گھر میں ہونے والے فنگشن میں نصرت میڈم فرحت کو بھی بلاتی ۔ ان کی شادی دبئی میں کام کرنے والے سے ہوئی تھی۔ وہ اپنی ماں کے ساتھ ہی رہتی تھیں ۔ ان کی کوئی اور اولاد نہ تھی۔نصرت اور میڈم فرحت کے ہم اہنگ خیالات نے انہیں ایک دوسرے کے قریب کر دیا تھا۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔