عطیہ داؤد کی تحریر
امرتا پریتم اور فہمیدہ ریاض
(اور سارا شگفتہ)
دونوں کا نام سنتے ہی ہندوستان کی تقسیم کا درد خنجر کی طرح دل پر لگتا ہے۔ امرتا اور فہمیدہ دونوں کا جنم ایک ہی ملک ہندستان میں ہوا۔ پھر اس ملک کو جب دو ٹکڑوں میں کاٹ دیا گیا تو امرتا کی جنم بھومی پاکستان اور فہمیدہ کی انڈیا بنتی ہے۔ فہمیدہ ایک سال کی تھی کہ پاکستان لائی گئی لیکن مرتے دم تک میرٹھ کی باڈی لینگویج، ایک طرح سے لہراتے ہوئے بولنا نہیں گیا۔ امرتا کی روح سے مرتے دم تک پنجاب اور سندھ میں رائج صوفی ازم نہیں گیا۔ وارث شاہ تک اس کی آواز کو کوئی سرحد روک نہیں پائی۔ امرتا اور فہمیدہ دونوں نے بالکل ایسی زندگی جی جیسی وہ چاہتی تھیں۔ پہلی شادی خاندان کی مرضی سے، توڑ دی اپنی مرضی سے۔ پیار ہوا جس سے وہ کمٹمنٹ اور پیار کی ذمے داری نبھانے کے لئے تیار نہیں تھا۔ یہاں فہمیدہ کا پیار ختم ہوا اس سے لیکن امرتا کا نہیں۔ دونوں نے دوسری بار ایک ساتھی کے ساتھ مل کر گھر بنایا وہ بھی اپنی مرضی سے. یہاں امرتا، فہمیدہ سے زیادہ خوش قسمت نکلیں انہیں امروز ملا جو کہ فہمیدہ کو نہیں مل سکا۔ یہاں دونوں کی زندگی کا سفر الگ الگ راہوں پر نکل گیا۔ دونوں مرتے دم تک اس کے ساتھ رہیں۔
امرتا کی شاعری، کہانیاں، ناول سب محبت کی داستان ہیں۔ ان پر صوفی شعرا کا بہت گہرا اثر ہے۔ وارث شاہ، بلھےشاہ، شاہ حسین یا شاہ عبداللطیف بھٹائی ان تمام صوفی شاعروں کی شاعری میں عورت طالب ہے، عاشق ہے۔ مرد مطلوب ہے معشوق ہے۔ امرتا کی تحریروں میں بھی عورت عاشق ہے۔ عورت کا کردار فعل ہے۔ عورت ہے جو ٹوٹ کر محبت کرتی ہے۔ صوفی شاعروں کی طرح امرتا بھی اس بات پرمکمل یقین رکھتی ہیں کہ فقط عورت ہی ایسی محبت کرسکتی ہے. سسی کی طرح پہاڑ عبور کرے، سوہنی کی طرح کچے گھڑے پر دریا میں کود پڑے یا ہیر کی طرح سے کہہ سکے کہ رانجھا رانجھا کردی میں آپے رانجھا ہوئی ۔ امرتا کی تمام تحریروں میں عورت محبت مانگتی نہیں دیتی ہے۔
امرتا کے ناول انچاس دن، ایک تھی امرتا، ایک لڑکی ایک جام اور دوسرے ناولوں میں بھی عورت ایسی ہی محبت کرتی ہے۔ امرتا کی تحریروں میں عورت عورت کی دشمن دکھائی نہیں دیتی۔ بلکہ عورتیں جو کہ مختلف کرداروں میں ایک دوسرے کے سامنے آتی ہیں تو ان کا ایک دوسرے سے گہرا رشتہ ہوتا ہے۔ وہ ایک دوجے کا درد سمجھتی ہیں۔
کہانی درد کا فاصلہ سوتیلی ساس بہو کی ہے۔ بہو خود محبت کے تجربے سے گذر چکی ہے اور ساس کی جوانی میں وہ بھی کسی سے محبت کرچکی تھیں۔
ساس بہو دونوں ان کہے بھی ایک دوسرے کا درد سمجھتی ہیں۔ یہ کچھ ڈائلاگ ہیں جو کہ کہانی کی کردار عورت بولتی ہے۔
ایک عورت کی آہوں کا دھواں ہر عورت کے زخموں کا آئینہ ہے
۔۔۔
معلوم ہوتا تھا، جیسے وہ ابھی رو دے گی۔ مگر وہ روئی نہیں۔ یا پھر نہ جانے کیسا روئی جو کسی کو نظر نہیں آیا۔ دیکھا تم نے ہم عورتیں کیسا رونا رو سکتی ہیں۔
۔۔۔
ان گیتوں میں بھلا کون سا گیت ہے جو اس کے من کا ہے میرے من کا نہیں
۔۔
عورت کے سادہ سے لفظوں کی دراڑ میں سے فکر چھن رہی تھی۔
اپنے اپنے چھید
ایک اور کہانی میں مرد کردار بات کرتا ہے لیکن بات عورت کی محبت کی گہرائی کے بارے میں ہے
باپ کا قتل ہوا تھا، لیکن ڈانکا نے قتل ہوتے ہوئے اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا تھا۔ ماں جس طرح جی رہی تھی ، اسے تب آنکھوں سے دیکھنا ایسا تھا، جیسے کوئی روزانہ کسی کو پور پور قتل ہوتا ہوا دیکھے۔
دوکھڑکیاں
امرتا کی ہر کردارعورت ہیر، سسی ، سوہنی سے کم نہیں۔ کسی کی محبت کا بھی پیمانہ چھوٹا نہیں چاہے وہ جنگلی بوٹی کی معصوم انگوری ہو۔ جو خود بھی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے محبت کو عورت کے لئے مناسب نہیں سمجھتی۔ بوڑھے شوہر کے ساتھ شہرآتی ہے۔ جہاں اس کی بند مٹھی میں روایات ریت کی طرح اس وقت پھسل جاتی ہیں جب نوجوان چوکیدار کے لئے اس کے دل میں محبت اپنی جڑیں بنا چکی ہے۔
پنجر ناول جو کہ تقیسم ہند کے المیے پر ہے۔ نفرت جو اجتماعی تھی وہ اک جوڑے کے اندر انفرادی طور پر بدل کر محبت کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ اس پر فلم بھی بن چکی ہے۔ امرتا کی ایک اور فلم جس میں شبانہ اعظمی نے کردار نبھایا۔ کہتی ہے۔۔ ًجب میں نےاس پر اپنی محبت کا بوجھ نہیں ڈالا تو بچے کا بوجھ کیسے ڈال سکتی ہوں۔ امرتا کے لئے محبت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
امرتا سے ذاتی تعلق
اسی کی دہائی میں سارہ شگفتہ سے ابھی میری ملاقات نہیں ہوئی تھی وہ میرے دوستوں کی دوست تھی۔ امرتا کو سارہ کی بہت فکر تھی۔ ایک دن مجھے ان کا بذریعہ ڈاک ایک خط موصول ہوا جس میں لکھا تھا
پاکستان میں سارہ کو اگر کوئی بہت پیار سے رکھ سکتا ہے تو وہ تم ہو۔ عطیہ اس کا خیال رکھو۔ امرتا بقلم امروز۔
باقی خط امروز کا تھا کہ امرتا اردو نہیں لکھ سکتی۔ امرتا سے احمد سلیم مسلسل رابطہ تھا۔ امرتا کی اس چٹھی کے بعد سارا کو میں اپنے پاس لائی تھی۔ سارا کے لئے امرتا اس کا ادبی جیون تھی۔ اگر امرتا نہ ہوتی تو سارہ بھی کچھ نہیں ہوتی۔ سارہ کو ادبی دنیا میں کوئی قبول کرنے کے لئے تیار نہیں تھا۔ لیکن جب گورمکھی میں بلدے اکھر امرتا کے توسط سے شایع ہوئی۔ امرتا نے اس کی شاعری کے بارے میں لکھا تو لوگ سارہ کے نام پر شناسائی کا اظہار کرنے لگے۔ سارہ نے امرتا کے گھر کا اس کی شخصیت کا میرے سامنے ہو بہو نقشہ کھینچا تھا۔ اس کو بہت شوق تھا کہ ایک دن مجھے وہ امرتا کے پاس لے جائیں گی۔ انہیں کہیں گی کہ عطیہ کو مشہور کردو۔ سارہ کی ہدایت تھی کہ جب ہم امرتا کے گھر جائیں گے۔ تو تم اس کے پاؤں چھونا۔ پھر سارہ کی دردناک موت ہوئی۔ میرے نام سارہ کا آخری خط دوستوں نے امرتا کو بھیجا۔ امرتا نے ایک تھی سارہ کتاب شایع کی۔ اس کتاب کی اشاعت سے پہلے انہوں نے مجھے دہلی آنے کی دعوت دی۔ سعید احمد (سارہ کا محبوب) نے مجھے ویزا دلانے میں مدد کی. وہ ایک امیر آدمی تھا۔ میں دہلی جانے کے لئے بے چین تھی لیکن میرے پاس پیسے اتنے کم تھے کہ کسی اور ملک جانے کا رسک لینا مجھے مشکل لگ رہا تھا۔ یہ بات میں نے اپنے کسی دوست کو نہیں بتائی۔ ورنہ دوستوں کے پاس پیسوں کی کمی نہیں تھی۔ میں نے اور بہانے بنائے۔ یہ کتاب شایع ہوگئی۔ پھر برسوں بیت گئے۔ سن نوے کی دہائی کے آخری سال میں مجھے دہلی میں ریزیڈنسی ملی تب تک میں کئی کتابوں کی مصنفہ اور ادبی دنیا میں شناخت حاصل کرچکی تھی۔ میں امرتا کے دروازے پر کھڑی تھی اور بند دروازے کے پیچھے کی ساری دنیا مجھے معلوم تھی ، جیسے خواب میں ہوتا ہے۔ یہ بھی پتا تھا کہ امروز دروازہ کھولے گا۔ امرتا اپنے کمرے سے باہر ملی۔ میں نے ان کے پاؤں چھوئے۔ کھڑی ہوئی دوبارہ جھکی اور پھر پاؤں چھوئے اور کہا یہ میری طرف سے ہے۔ امرتا سمجھ گئی کہ پہلی بار میں نے نہیں سارہ نے ان کے پاؤں چھوئے تھے۔ امرتا کمرے میں لے گئی. بیڈ پر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر ایک ہی لحاف اوڑھے ہوئے ڈھیروں باتیں ہوئیں، سارہ، ثروت، اور خود میرے بارے میں۔ امروز دو تین بار چائے لائے تھوڑی دیر وہ بھی بیٹھے رہے۔ میں نے امرتا کے کمرے میں ایک کونے میں بچھی ہوئی رلی دیکھی، پہچان گئی میں۔ کیونکہ وہ میرے، سارہ اور ثروت کے پرانے کپڑوں کی دھجیوں سے بنی تھی۔ میری ماں کو رلی بنانا اچھا لگتا تھا۔ وہ ماہر نہیں تھیں۔ لیکن ہمارے کپڑوں پر خاص نظر رکھتی تھیں۔ موقع پاتے ہی انہیں شہید کرکے رلی کے اندر زندہ کردیتی تھیں۔ ۔ اس طرح کی بنی ہوئی رلیاں ہم رف استعمال میں لاتے ہیں۔ مہمانوں کے سامنے بچھانے یا انہیں تحفے میں دینے کے لئے ہم خاص رلیاں بنوانے ہیں۔ احمد سلیم بے تکلف دوست تھا۔ وہ رلی اٹھا کر لے گیا۔ میں سمجھی اپنے استعمال کے لئے لے گیا ہے۔ جب میں نے امرتا کے کمرے میں وہ رلی دیکھی تو بہت غصہ آیا احمد سلیم پر۔ وہ اگر بتاتا تو میں امرتا کے لئے کیا ایسی رلی بھیجتی!۔۔ یہ بات سن کر امرتا نے کہا میرے لئے اب یہ رلی اور زیادہ اہمت رکھتی ہے۔ تم تینوں کے اترے ہوئے کپڑوں کے لمس اور تمہارے ماں کے ہاتھوں سے سلی ہوئی یہ رلی چار عورتوں کے تصور کو جب میں اپنے اوپر اوڑھ لوں گی تو اچھا لگے گا۔ میں نے امرتا سے کہا کہ میرے لئے آپ ایک نہیں دو امرتا ہو۔ ایک وہ جس کو سارہ نے چاہا۔ دوسری وہ جنہیں میں نے پڑھا اور اپنے عورت ہونے پر فخر محسوس کیا۔ یہ ان کی تحریروں کا ہی اثر تھا مجھ پر کہ صرف بیالیس سال کی عمر میں اپنی آپ بیتی پوری سچائی کے ساتھ لکھ ڈالی۔ اور سر اٹھا کر جینا سیکھا۔
انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی